حکومت نے کرپشن کے بغیر 3 سال تکمیل کر لئے - مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-05-15

حکومت نے کرپشن کے بغیر 3 سال تکمیل کر لئے - مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو

14/مئی
چینائی
یو این آئی
اس بات کا اعادہ کرتے ہوئے کہ بی جے پی ، ٹاملناڈو کی حکمراں جماعت اے آئی انا ڈی ایم کے کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی، آج مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے اپوزیشن ڈی ایم کے کے ان الزامات کی مذمت کی جس میں اے آئی انا ڈی ایم کے کو بی جے پی کے ہاتھوں کا کھلونا قرار دیا گیا تھا ۔ چینائی میں بی جے پی کے سینئر قائدین سے بات چیت کے بعد پارٹی ہیڈ کوارٹر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے کہا کہ اس طرح کے ریمارکس جاری کرتے ہوئے ڈی ایم کے گری ہوئی سیاست کررہی ہے ۔ وینکیا نائیڈو نے جواب اپوزیشن سے استفسار کیا کہ آیا ڈی ایم کے ، ، کانگریس کے ہاتھوں کا کھلونا ہے ، جب کہ ڈی ایم کے، یوپی اے حکومت کا حصہ تھی ۔ مرکزی حکومت نے ریاست کو ورمیاری مالی امداد فراہم کرنے کا ذکر کرتے ہوئے نائیڈو نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی کی زیر قیادت حکومت نے کرپشن سے آزاد اپنے تین سال مکمل کرلئے ہیں۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے مکرر کہا، اے آئی انا ڈی ایم کے ، کے داخلی معاملات میں بی جے پی مداخلت نہیں کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی وزیر ڈاکٹر سی وجئے بھاسکر کے مکان پر انکم ٹیکس دھاوے کے پیچھے مرکز کا ہاتھ نہیں ہے ۔ ٹاملناڈو کے کسانوں کے تمام اقسام کے قرضوں کو معاف کرنے کا سوال پر مرکزی وزیر نے کہا کہ اس سلسلے میں مرکز کچھ نہیں کرسکتی۔ یہ ریاستی حکومت کا کام ہے کہ اس معاملہ میں کچھ کرے ۔ انہوں نے بتایا کہ اتر پردیش ، آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے حکومتوں نے اپنے کسانوں کے قرض معاف کئے تھے ۔ اسی طرح ٹاملناڈو کی حکومت بھی اپنے مالی صورتحال کے لحاظ سے یہ کام کرسکتی ہے ۔
نئی دہلی
آئی اے این ایس
جموں و کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں حالیہ واقعہ کے بشمول ہندوستانی فوجی تنصیبات پر حملوں کے تسلسل کے پس منظر میں دفاعی تنصیبات پر سیکوریٹی کو بہتر بنانے کے لئے درکار فنڈس حکومت نے تا حال جاری نہیں کئے ہیں جس کی سفارش گزشتہ سال پٹھان کوٹ فضائی اڈہ حملہ کے بعد تشکیل کردہ کمیٹی کی جانب سے کی گئی تھی۔ اعلیٰ سطحی ذرائع کے مطابق سابق فوجی نائب سربراہ لیفٹننٹ جنرل فلپ کیمپوز کی قیادت میں قائم کردہ کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر جو رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے تھے اس کے مطابق دفاعی تنصیبات پر سیکوریٹی کو بہتر بنانے کے لئے دو سال کے عرصہ میں تقریبا دو ہزار کروڑ روپے جاری کئے جانے تھے۔ اس کے منجملہ ایک ہزار کروڑ روپے کی اجرائی اس سال عمل میں لائی جانی تھی ل یکن وزارت دفاع کی جانب سے ابھی تک کوئی رقم مختص نہیں کی گئی ہے۔ فوج کے ایک عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی خواہش کرتے ہوئے کہا کہ کئی فوجی کیمپس پر سیکوریٹی آلات ابتدائی نوعیت کے ہیں ۔ وہاں خاردار تار اور ٹن شیڈس ہیں جہاں سے کوئی بھی نقل و حرکت سے آواز پیدا ہوسکتی ہے اور سرحدی محافظین چوکس ہوجاتے ہیں ۔ یہ خار دار تار بالکل بنیادی سطح کے ہیں اور تحفظ کے لئے خاطر خواہ نہیں کہلائے جاسکتے ۔عہدیدار نے کہا کہ روشنی کا انتظام ہی بیشتر کیمپوں اور دفاعی تنصیبات پر بنیادی نوعیت کا ہے حالانکہ یہ کیمپ اور تنصیبات گھنے جنگل سے گھرے ہوئے ہیں۔ اس کے نتیجہ میں دہشت گردوں کو روپش ہونے کابہترین موقع مل جاتا ہے ۔ کپواڑہ کا پنز گام فوجی کیمپ دو رویہ خار دار تار سے گھرا ہوا ہے جس پر27اپریل کو دہشت گردانہ حملہ کیا گیا جس میں تین سپاہی ہلاک اور سات دیگر زخمی ہوگئے۔ لڑائی میں دو دہشت گرد بھی مارے گئے ۔ پٹھان کوٹ فضائی اڈہ پر2جنوری2016کو حملہ کیا گیا تھا جہاں چار دن لڑائی ہوتی رہی جس میں سات سیکوریٹی ارکان اور ایک شہری ہلاک اور 37سیکوریٹی ارکان اور ایک شہری زخمی ہوگئے تھے ۔ کیمپوز کمیٹی نے تین فوجی عہدیدار تھے جو فضائیہ، بحریہ اور زمینی فوج سے ایک ایک شامل کئے گئے ۔ کمیٹی نے 20مئی 2016ء کو رپورٹ پیش کی۔
No corruption in BJP's three-year rule: Venkaiah Naidu

چینائی میں زیر زمین میٹرو ٹرین کا افتتاح
چینائی
یو این آئی
چینائی میں اولین زیر زمین ٹرین خدمات کا تھیرو منگلم تا نہرو پارک کا آج افتتاح عمل میں آیا ۔ اس موقع پر چیف منسٹر ٹاملناڈو اڈاپاڈی کے پلانی سامی اور مرکزی وزیر شہری ترقیات ایم وینکیا نائیڈو موجود تھے ۔7.4کیلو میٹر تک کی اس زیر زمین ریلولے کے افتتاح کے بعد چیف منسٹر پلانی سامی اور وینکیا نائیڈو نے دیگر وزراء کے ہمراہ زیر زمین ریل میں سفر کیا۔ پہلی چینائی میٹرو ٹرین کا جولائی2015ء میں سابق چیف منسٹر جے جیہ للیتا اور وینکیا نائیڈو نے افتتاح انجام دیا تھا۔ اس ٹرین کی شروعات سے توقع ہے کہ شہر مین ٹریفک کا مسئلہ حل ہوگا۔ افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے کہا کہ چینائی کے لئے میٹرو ریل، آنجہانی چیف منسٹر جیہ للیتا کا خواب تھا ۔ یہ بد قسمتی ہے کہ وہ ہم میں نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو ریل کے افتتاح کے موقع پر آج مجھے جیہ للیتا کمی بہت محسوس ہورہی ہے ۔ میں آج انہیں سلام عرض کرنا چاہتا ہوں ۔ میٹرو ریل کے فوائد کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے نائیڈو نے کہا کہ اس پراجکٹ سے عوام کو فائدہ ہوگا ، چینائی میٹرو ٹرین کے فیس Iکی تکمیل کے بعد اس کے ذریعہ7.5لاکھ عوام اس کے ذریعہ سفر کرسکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چینائی میٹرو ریل کے لئے جو کچھ بھی ہوسکتا ہے ، مرکز مدد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چینائی میٹرو ریل کا فیسIIپراجکٹ کے تحت108کلو میٹر کا احاطہ کیا جاسکے گا اور عنقریب اس کی منصوبہ کو منظوری دی جائے گی۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ٹاملناڈو حکومت کو مرکزی حکومت کی جانب سے تمام تر مدد فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اسی وقت ترقی ہوگی جب ریاستی بلا لحاظ سیاسی وابستگی مرکزی حکومت کی مدد کریں ۔ پی ٹی آئی کے بموجب اسی دوران چیف منسٹر ٹاملناڈو کے پلانی سوامی نے میٹرو ریل پراجکٹ میں تاخیر پر سابق ڈی ایم کے حکومت کو مورد الزام ٹھہرایا۔
Chennai Metro Rail: First Chennai underground metro line inaugurated

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں