ہندوستانی خاتون عظمیٰ پاکستان سے بحفاظت وطن واپس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-05-26

ہندوستانی خاتون عظمیٰ پاکستان سے بحفاظت وطن واپس

25/مئی
نئی دہلی
پی ٹی آئی
پاکستان کے ساتھ جاری کشیدگی کے درمیان وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج ایک ہندستانی شہری عظمیٰ احمد کی وا پسی کو یقینی بنانے پر حکومت پاکستان اور عدلیہ کا بھرپور شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ دونوں پڑوسی ممالک کے بیچ کشیدگی پائی جاتی ہے لیکن پاکستانی دفتر خارجہ اور وزارت داخلہ نے عظمیٰ کی واپسی میں کلیدی رول ادا کیا ہے ۔ سراج نے عظمی کے وکیل بیرسٹر شاہنواز اور اسلام آباد کی ہائی کورٹ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی کی بھی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ وکیل نے عظمی کے ساتھ اپنی بچی کی طرح سلوک کیا جب کہ جج نے اس مسئلہ کو ہند۔ پاک تعلقات کے چشمہ سے دیکھنے کے بجائے جیسا کہ بعض لوگ ان سے مطالبہ کررہے تھے ، انسانی بنیادوں پر اس کیس سے نمٹا۔ سشما سوراج نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ جیسے ہی عظمیٰ واگھا سرحد عبور کی میں نے چین کی سانس لی ۔ واضح رہے کہ دہلی کی ساکن عظمیٰ کا کہنا ہے کہ اسے بندوق کی نوک پر ایک شخص سے شادی کرنے پر مجبور کیا گیا تھا ۔ وہ آج صبح وطن واپس ہوئی ہیں۔ وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں قائم ہندوستانی ہائی کمیشن کے عہدیداروں بالخصوص ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ سے بھی اظہار تشکر کیا ۔ یو این آئی کے بموجب ہندوستانی خاتون عظمی سے جسے ایک پاکستانی شہری سے شادی کرائی گئی تھی، آج پاکستان کوموت کا کنواں قرار دیا۔قبل ازیں دن میں سشما سوراج نے اپنے ٹویٹر پیام کے ذریعہ عظمی کا خیر مقدم کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہندوستان کی بیٹٰ آپ کا گھر میں خیر مقدم ہے۔ آپ کو جن حالات سے گزرنا پڑا تھا اس پر مجھے افسوس ہے ۔ عظمی نے جنہوں نے جاریہ ماہ کے اوائل میں پاکستانی دارالحکومت میں قائم ہندوستانی ہائی کمیشن میں پناہ لی تھی، امیگریشن حقوق کے لئے ہائی کورٹ سے رجوع ہوئی تھیں اور عدالت نے انہیں اس کی اجازت دے دی تھی۔ وہ واگھا سرحد کے ذریعہ واپس ہوئیں۔ ہندوستانی ہائی کمیشن کے عہدیدار بشمول ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ ان کے ہمراہ تھے ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے جے پی سنگھ کی بھی ستائش کی کہ انہوں نے عظمیکو اسلام آباد میں واقع ہندوستانی ہائی کمیشن میں قیام کرنے کی بروقت اجازت دی تھی ۔ سشما سوراج نے کہا جے پی سنگھ ایسے عہدیدار ہیں جنہوں نے ہماری مہم پر حقیقت میں عمل آوری کی ہے کہ بیرونی ممالک میں کسی بھی ہندوستانی کے لئے سب سے زیادہ بھروسہ مند دوست ہندوستانی ہائی کمیشن ہی ہے۔ عظمی نے پریس کانفرنس سے مختصر خطاب کرتے ہوئے جس میں سوالات کی اجازت نہیں دی گئی ، پاکستان میں مقم ہندوستانی عہدیداروں بشمول ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ اور سشما سوراج سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں مرد تک محفوظ نہیں ہیں، عورتوں کی بات کیا کریں۔ انہوں نے کہا کہ جیسا بھی ہے جو بھی ہے ہمارا ہندوستان بہت اچھا ہے ۔ یہ بات عورتوں کے لئے زیادہ صادق آتی ہے جنہیں یہاں کافی آزادی حاصل ہے ۔
'India's daughter' Uzma returns home from Pakistan: Sushma Swaraj

ہندوستان، پاکستان میں بڑھتی کشیدگی جنگ کا سبب بن سکتی ہے: امریکی انٹلیجنس
واشنگٹن
ایجنسیز
امریکی انٹلیجنس کے عہدیداروں نے امریکی کانگریس کو خبر دار کیا کہ ہندوستان، پاکستان میں حملے کرسکتا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق امریکی انٹلیجنس عہدہ داروں نے سینیٹ کی مسلح خدمات کمیٹی کو بتایا کہ ہندوستان سرحد پار حملے روکنے کے لئے پاکستان کے اندر حملے کرسکتا ہے ۔ نیز خط قبضہ پر جنوبی ایشیا کے دو ممالک کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ایک بھرپور جنگ کا سبب بن سکتا ہے ۔ امریکی ڈٰفنس انٹلیجنس ایجنسی کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل ونسنٹ اسٹیورٹ نے کہا کہ ہندوستان، پاکستان کو سفارتی طور پر الگ تھلگ کرنے کا خواہاں ہے اور مسلسل کوشاں ہے ۔ وہ سرحد پار دہشت گردی کو اس کی مبینہ حمایت کے لئے پاکستان کو بھاری قیمت سے دوچار کرنے کے لئے تادیبی اقدامات پر غور کررہا ہے ۔ لیفٹننٹ جنرل ونسیٹ اسٹورٹ نے کہا کہ گزشتہ برس مبینہ طور پر پاکستان سے ہندوستان میں داخل ہونے والے شدت پسندوں کی طرف سے دو دہشت گرد حملوں کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بدستور کشیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلقات رواں برس مزید خراب ہوسکتے ہیں، خاص طور پر ہندوستان مین کسی بڑے دہشت گرد حملہ کی صورت میں، جس کے متعلق نئی دہلی کا موقف ہے کہ ایسے حملوں کی منصوبہ بندی پاکستان میں ہوتی ہے یا وہاں سے انہیں اس کے لئے مدد ملتی ہے۔نیشنل انٹلیجنس کے ڈائرکٹر ڈینیل آرکوٹز نے کہا خط قبضہ پر شدید فائرنگ ، بشمول توپ خانہ اور مارٹر گولوں کا استعمال دونوں نیو کلیر ہتھیاوں سے لیس پڑوسیوں کے درمیان غیر ارادی طور پر لڑائی میں شدت کا سبب بن سکتا ہے۔ اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر سرحد پار سے حملوں میں کمی ہوجائے اور پٹھان کوٹ حملہ کی تحقیقات میں پیش رفت ہوگی تو اسی برس دونوں میں بات چیت کا آغاز ہوسکتا ہے اور اس سے دونوں کے درمیان موجودہ کشیدگی کم ہوسکتی ہے ۔ ل یفٹننٹ جنرل ونسیٹ نے کہا کہ ہندوستان نے کوشش کی ہے کہ وہ پاکستان کو سفارتی سطح پر الگ تھلگ کرسکے اور وہ ایسے کسی متبادل پر غور کررہا ہے جس کے ذریعہ وہ مبینہ طور پر سرحد پار سے دہشت گردی کی مدد کرنے کے لئے اسلام آباد کو قیمت چکانے پر مجبور کرسکے ۔ یہ دونوں عہدیدار سینٹ میں انٹلیجنس کمیونٹی کو2017-18سے متعلق بریفنگ دے رہے تھے۔ خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے ہندوستان اور پاکستان کی جانب سے ایک دوسرے پر خط قبضہ پر جنگ بندی کے معاہدہ کی خلاف ورزی کے الزامات لگانے کا سلسلہ جاری ہے ۔ دو دن قبل ہندوستانی فوج نے کہا تھا کہ اس نے پاکستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر نوشیرا سیکٹر کے علاقہ میں پاکستانی فوج کی ایک چوکی تباہ کی ہے۔ تاہم پاکستان نے اسے جھوٹا دعوی قرار دیا تھا۔

تاج محل دنیا کے 10 اہم سیاحتی مقامات میں شامل
ممبئی
پی ٹی آئی
محبت کی حسین یادگار تاج محل ایک مرتبہ پھر دنیا کے دس اہم مقامات میں شامل ہوگئی ہے اور اس فہرست میں اسے پانچویں مقام پر رکھا گیا ہے ۔ آگرہ میں واقع یہ عجوبہ جو سنگ مرمر سے تعمیر کیا گیا ہے ، سیاحوں کا پسندیدہ مقام ہے اور دنیا میں سیاحوں کے پسندیدہ دس مقامات میں شامل ہونے والی واحد ہندوستانی عمارت ہے ۔ یہ فہرست سیاحت سے متعلق ایک عالمی ادارے نے تیار کی ہے ۔ جسمیں منگولیا کا انخورواٹ پہلے نمبر پر ہے اس کے بعد ابو ظہبی کی شیخ زائد مسجد، اسپین کی مسجد قرطبہ جو اب ایک گرجا گھر ہے ، وینکن کے سینٹ پیٹرس ہیسلیکا کو شامل کیا گیا ہے۔ روس کے چرچ آکسفیوئیر کو چھٹے اور دیوار چین کو ساتویں نمبر پر رکھا گیا ہے ۔ پیرو کا ماچو بیچو آٹھویں، اسپین کا پلازا ڈی اسپانویں اور اٹلی کا ڈوموڈی میلا نوودسویں نمبر پر ہیے۔ ٹرپ اڈوائزر انڈیا کے منیجر نکھل گانجو نے بتایا کہ ہندوستان مین کئی شاندار عمارات اور تاریخی مقامات ہیں جنہیں دیکھنے سے ملک کی گوناں گوں تہذیب و تاریخ کا پتہ چلتا ہے ۔ تاہم ایشیا سے متعلق فہرست میں تاج محل کو انخورواٹ کے بعد دوسرے مقام پر رکھا گیا ہے ۔
Taj Mahal ranks 5th on top 10 landmarks in world

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں