کپل مشرا عام آدمی پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے معطل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-05-09

کپل مشرا عام آدمی پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے معطل

8/مئی
نئی دہلی
یو این آئی
کپل مشرا کو کل دہلی کابینہ سے بر طرف کردیا گیا تھا اور انہیں وزیر آبی وسائل کے عہدہ سے ہٹا دیا گیا تھا ، اس کے ایک دن بعد شرما نے عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کجریوال کو چیلنج کیا تھا کہ اگر ان میں ہمت ہے تو انہیں پارٹی سے خارج کر کے دکھائیں ۔ کار اوال نگر سے تعلق رکھنے والے عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی کو آج ان کے اس چیلنج کے کچھ ہی دیر بعد پارٹی سے خارج کردیا گیا ۔ باخبر ذرائع نے بتایا کہ مشرا کو پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے معطل کردینے کافیصلہ عام آدمی پارٹی کی سیاسی امور کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا ۔ مشرا نے کل چیف منسٹر اروند کجریوال پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے اپنے کابینی رفیق ستیندر جین سے دو کروڑ روپے بطور رشوت لئے ہیں۔ قبل ازیں شام کے وقت عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی نے بتایا تھا ان کی جانب سے مجھے ہٹا دینے کے لئے سات بجے شام سیاسی امور کمیٹی کی اجلاس طلب کیا گیا ہے ، میں ان کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ مجھے پارٹی سے معطل کردیں، مجھے پیامات اور فون کالس کے ذریعہ ڈرایا دھمکایا جارہا ہے ، اور سنگین عواقب و نتائج کی دھمکی دی جارہی ہے۔ مشرا کو عام آدمی پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے خارج کردئیے جانے کے بعد اروند کجریوال نے بحران کے بارے میں اپنی خاموشی توڑی اور کہا کہ سچ کی جیت ہوگی ۔ حکومت دہلی کی جانب سے منگل 9مئی کو اسمبلی کے خصوصی اجلاس کا انعقاد عمل میں لایاجائے گا۔
نئی دہلی
یو این آئی
چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کے خلاف عام آدمی پارٹی قائد کپل مشرا کے الزامات پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس کے نائب صد راہول گاندھی نے کہا کہ سچائی کو سامنے آنے کی عادت ہوتی ہے ۔ راہول گاندھی نے ٹوئٹر کو استعمال کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سچائی کے بارے میں جو بات پسند ہے وہ یہ ہے کہ اسے سامنے آنے کی عادت ہوتی ہے ۔ راہول گاندھی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر عام آدمی پارٹی کے برطرف وزیرکپل مشرا کے اس الزام کی خبر کا تراشہ پوسٹ کیا، جس میں یہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ ستیندر جین نے کجریوال کو دو کروڑ روپے ادا کئے ہیں ۔ کپل مشرا نے جنہیں ہفتہ کی رات عام آدمی پارٹی حکومت کے وزیر کی حیثیت سے ہٹا دیا گیا کل الزام عائد کیا کہ کجریوال نے جین سے دو کروڑ روپے وصول کئے تھے ۔ بہر حال عام آدمی پارٹی نے اس الزام کی تردید کی ہے ۔اسی دوران دہلی کانگریس کے صدر اجئے ماکن نے آج دہلی کے لیفٹننٹ گورنر انیل بائجل کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے شنگلو کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر اروند کجریوال کے خلاف مختلف الزامات کی بنیاد پر مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ شنگلو کمیٹی حکومت دہلی کے خلاف کئی بے قاعدگیوں کی تحقیقات کررہی ہے ۔ اجئے ماکن نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شنگلو کمیٹی نے کئی ماہ پہلے اپنی رپورٹ پیش کردی تھی تاہم ان مہینوں کے دوران رپورٹ کی بنیاد پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے ، لہذا آج ہم نے انسداد رشوت ستانی قانون کے تحت کجریوال اور ان کے ساتھیوں پر مقدمہ چلانے لیفٹننٹ گورنر سے منظوری مانگی ہے ، جس کے بعد ہم ایف آئی آر کے اندراج کے لئے اے سی بی کی نامزد عدالت سے رجوع ہوسکتے ہیں ۔ اجے ماکن نے کہا کہ اے سی بی یا سی بی آئی عہدیداروں نے رپورٹ کی بنیاد پر گزشتہ سات ماہ سے کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی ہے ۔ واضح رہے کہ شنگلو کمیٹی نے27نومبر2016یو ایل جی اور مرکزی حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کردی تھی۔
نئی دہلی
یو این آئی
چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کے خلاف عاپ لیڈر کپل مشرا کی جانب سے کرپشن کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے کجریوال کے استعفیٰ کو خارج از بحث قرار دیا۔ عاپ لیڈر سنجے سنگھ نے پریس کانفرنس میں الزام عائد کیا کہ مشرا بی جے پی کی زبان بول رہے ہیں۔ مشرا کی جانب سے عائد کردہ الزامات کے سلسلہ میں چیف منسٹر دہلی کی مدافعت کرتے ہوئے سنگھ نے الزام عائد کیا کہ مشرا بی جے پی اور کانگریس کی ایماء پر الزام تراشی کررہے ہیں۔

AAP suspends Kapil Mishra from primary membership

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں