غریبوں کو فوری راحت پہنچائی جائے - صدر جمہوریہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-01-06

غریبوں کو فوری راحت پہنچائی جائے - صدر جمہوریہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج خبردار کیا ہے کہ غریب لوگ طویل عرصہ تک انتظار نہیں کرسکتے اور انہیں فوری راحت پہونچانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے نوٹ بندی کے پس منظر میں یہ ریمارک کیا اور کہا کہ اس اقدام سے عبوری طور پر معاشی سست روی پیدا ہوسکتی ہے ۔ گورنرس اور لیفٹننٹ گورنرس سے نئے سال کے موقع پر اپنے ویڈیو خطاب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے حال ہی میں جس پیاکیج کا اعلان کیا ہے اس سے کچھ راحت ملے گی ۔ پرنب مکرجی نے کہا کہ نوٹ بندی سے جہاں کالے دھن اور کرپشن پر ضرب لگی ہے وہیں اس سے معیشت میں عبوری سست روی پیدا ہوگئی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں غریبوں کو تکالیف کو کم کرنے کے لئے انتہائی محتاط رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کو فوری راحت پہونچانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ بھی بھوک، بے روزگاری سے پاک مستقبل کی سمت سفر میں حصہ لے سکیں۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد سے ہماری جمہوریت دنیا کی سب سے متحرک جمہوریت بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات عوام کی اقدار، رویے اور اعتقاد کے مظہر ہوتے ہیں۔ شہرت پسندی، انتخابی بیان بازیوں اور ووٹ بینک کی سیاست کے خلاف خبردار کرتے ہوئے پرنب مکرجی نے کہا کہ شوروغل کے ساتھ مباحث سے سماج میں پائے جانے والے نقائص اور گہرے ہوں گے ۔ پرنب مکرجی نے کہا کہ مختلف فرقوں کے درمیان خیر سگالی کا ماحول ہونا چاہئے ۔ بعض اوقات مفادات حاصلہ ہم آہنگی کو متاثر کرتے ہیں اور فرقہ وارانہ کشیدگی اپنا بدنما چہرہ اٹھاتی ہے ۔ ایسے حالات سے نمٹنے کے لئے قانون کی حکمرانی ہی بنیاد ہونی چاہئے ۔ جواہر لا نہرو کے قول کو دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک مضبوط لیکن غیر مرئی دھاگے سے بندھا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رواداری ہندوستان کی تہذیبی اقدار کی بنیاد ہے ۔ ہم ہماری جیسی متنوع جمہوریت میں رواداری، مخالفانہ خیالات کا احترام اور صبر لازمی ہے ۔ ان اقدار کا تحفظ کرنا چاہئے ۔ ہندوستان کی طاقت اس کے تنوع میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تہذیب عقیدے اور زبان کی ہمہ رنگی ہی ہندوستان کو خاص بناتی ہے ۔کانگریس نے صدر جمہوریہ کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم مودی اور ان کی حکومت کو سچ بتادیا ہے ۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے کہا کہ کیا مودی یہ بات سنیں گے اور اپنے تکبر کو ختم کرتے ہوئے نوٹ بندی کی وجہ سے عوام کو ہونے والے نقصان کی پابجائی کریں گے۔

Take extra care to lessen suffering of poor post note ban: Pranab Mukherjee

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں