سماج وادی پارٹی میں انتخابی نشان سیکل کی لڑائی شروع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-01-03

سماج وادی پارٹی میں انتخابی نشان سیکل کی لڑائی شروع

ملائم سنگھ، الیکشن کمیشن سے رجوع ۔ یادو خاندان کی جنگ دہلی منتقل
لکھنو، نئی دہلی
پی ٹی آئی
یادو خاندان کا جھگڑاآج دہلی منتقل ہوگیا ۔ حریف خیمے’’سیکل‘‘ کے نشان پر کنٹرول کا دعویٰ کرنے الیکشن کمیشن سے رجوع ہونے کا منصوبہ رکھتے ہیں جب کہ نیتا جی(ملائم سنگھ) نے 5جنوری کو طلب کردہ کنونشن ملتوی کردیا ہے ۔ ملائم سنگھ یادو نے کہا کہ سیکل کا نشان ہمارا ہے ۔ انہوں نے پارٹی کیڈر سے کہا کہ وہ اسمبلی ایلکشن جیتنے پر توجہ مرکوز کریں جس کا اعلان کسی بھی وقت ہوسکتا ہے ۔ ملائم سنگھ یادو نے جنہوں نے5جنوری کو لکھنو میں طلب کردہ سماج وادی پارٹی کنونشن ملتوی کردیا ، کہا کہ کوئی بھی مجھ پر یہ الزام عائد نہیں کرسکتا کہ میں کچھ غلط کیا ہے۔ میں کرپشن میں کبھی بھی ملوث نہیں رہا اور نہ ہی میں نے کبھی کسی کو دھوکہ دیا ۔ سیکل کا نشان ہمارا ہے ۔ چیف منسٹر اکھلیش یادو نے اپنے با اعتماد رفیقوں کے ساتھ صلاح و مشورہ میں وقت گزارا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن سے نمائندگی کی جب بات آئے گی تو رام گوپا یادو، اکھلیش یادو کی نمائندگی کریں گے ۔ سلسلہ وار ٹوئٹس میں سماج وادی پارٹی قائد شیو پال یادو نے جو اکھلیش کے چچا ہیں ۔ کہا کہ نیتاجی آج بھی سماج وادی پارٹی کے قومی سربراہ ہیں ۔ شیوپال نے پارٹی کنونشن اچانک ملتوی کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ شائد ملائم خیمہ کو یہ اندیشہ ہے کہ لوگ کم آئیں گے کیونکہ کل رام گوپال یادو کے طلب کردہ کنونشن میں بھاری بھیڑ امڈی تھی ۔ ملائم سنگھ یادو نے اس کنونشن کو غیر قانونی اور غیر دستوری قرار دیا تھا ۔ سماج وادی پارٹی میں کل باقاعدہ پھوٹ پڑ گئی ۔ چیف منسٹر کے خیمہ نے ملائم سنگھ یادو کو پارٹی کی صدارت سے ہٹا دیا اور اکھلیش کو پارٹی کا نیا سربراہ بنادیا۔ امر سنگھ اور شیوپال یادو آج صبح دہلی پہنچ گئے تاکہ پارٹی کا نشان ملائم سنگھ کے قبضہ میں رکھنے کی حکمت عملی چست درست کی جائے ۔ لندن سے واپسی کے بعد امر سنگھ نے کہا کہ کہ میں نیتاجی کے ساتھ تھااور ہمیشہ رہوں گا ۔ میں ہیرو تھا لیکن اب ان کے لئے ویلن( کھل نائک) بننے کے لئے تیار ہوں۔ یہ پوچھے جانے پر کہ اکھلیش خیمہ نے انہیں نکال باہر کیا ہے ، امر سنگھ نے کہا کہ انہیں اسی وقت فرق پڑے گا جب نیتاجی ان کے خلاف کچھ کہیں۔ شیوپا ل یادو نے جنہیں اکھلیش خیمہ نے ریاستی صدر کے عہدہ سے ہٹا دیا ہے کہا کہ وہ ملائم سنگھ کے ساتھ بدستور کام کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میں آخری سانس تک نیتاجی کے ساتھ رہوں گا ۔ اسی دوران نندا نے کہا کہ ملائم سنگھ تمام سماج وادی پارٹیوں کے نیتا ہیں اور وہ اکھلیش یادو کی قیادت میں اسمبلی الیکشن لڑیں گے ۔ رام گوپال یادو کے کنونشن میں شرکت کی پاداش میں ملائم سنگھ یادو کی جانب سے پارٹی سے نکالے جانے والے نندا نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ نیتا جی ہم سبھی سماج وادیوں کے نیتا ہیں۔ ہم ہمارے قومی صدر اکھلیش یادو کی قیادت میں اسمبلی الیکشن لڑیں گے جو ہمارے چیف منسٹر ہیں اور جنہوں نے ریاست کے لئے بہت کچھ کیا ہے۔ امر سنگھ کے بارے میں پوچھنے پر نندا نے کہا کہ وہ نیتا جی کا دل توڑنا نہیں چاہتے ہیں۔ وہ لندن ، پیرس اور امریکہ ے دورے کرتے رہتے ہیں۔ ان کے بارے میں کیا کہنا۔شیوپال کے بارے میں پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ وہ کر بھی کیا سکتے ہیں۔ وہ نیتا جی کے ساتھ ہیں۔ ہم بھی نیتا جی کے ساتھ ہیں۔ یو این آئی کے بموجب سماج وادی پارٹی کے بزرگ بانی ملائم سنگھ یادو نے جنہیں کل ان کے لڑکے اور چیف منسٹر اتر پردیش اکھلیش یادو نے سیاسی بغاوت میں پارٹی کی صدارت سے ہٹا دیا۔ آج الیکشن کمیشن کے عہدیداروں سے نئی دہلی میں ملاقات کی تاکہ پارٹی کے انتخابی نشان سیکل پر اپنا حق جتایا جائے۔ ملائم سنگھ یادو اپنے چھوٹے بھائی شیوپال سنگھ یادو اور پارٹی رفقاء امر سنگھ اور جیہ پردا کے ساتھ الیکشن کمیشن کے دفتر پہنچے اور شام ساڑھے چار بجے عہدیداروں سے ملقات کی۔ ان کی یہ ملاقات پینتالیس منٹ جاری رہی جس کے دوران انہوں نے ایک یادداشت پیش کیا۔ تاہم ملاقات کے بعد ملائم سنگھ نے میڈیا سے بات چیت نہیں کی۔ یو پی میں بر سر اقتدار سماج وادی پارٹی میں کل پھوٹ پڑ گئی ۔ اکھلیش یادو کو لکھنو میں کل پارٹی کا نیا قومی صدر بنادیا گیا ۔ امر سنگھ کو پارٹی سے برطر ف کردیا گیا اور شیوپال سنگھ یادو سے پارٹی کی ریاستی کمان چھین لی گئی۔

Samajwadi Party's war moves to Delhi; Mulayam Yadav approaches Election Commission for symbol

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں