وزیر اعظم کا قوم سے خطاب - بعض طبقات کے لئے ترغیبات کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-01-01

وزیر اعظم کا قوم سے خطاب - بعض طبقات کے لئے ترغیبات کا اعلان

نئی دہلی
پی ٹی آئی
نوٹ بندی کے اثرات سے لگنے والے دھکے کو زائل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج رات دیہی اور شہری غریبوں ، متوسط طبقہ خواتین اور معمر شہریوں کے لئے کئی ترغیبات کا اعلان کیا اور یہ سخت پیام دیا کہ قانون بے ایمانوں سے پوری شدت سے نمٹے گا ۔500اور ایک ہزار روپے کے نوٹوں پر پابندی کے فیصلہ کے بعد پچاس دن کی مہلت کے خاتمہ پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بینکوں سے نقدم رقم نکالنے پر پابندیاں ہٹانے پر کسی روڈ میاپ کا اعلان نہیں کیا لیکن واضح کیا کہ نئے سال میں جتنی جلد ممکن ہوسکے عام حالات کی بحالی ان کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالے دھن اور کرپشن کے خلاف لڑائی سے معاشی سست روی کے حالات کو پیدا ہونے نہیں دیاجائے گا۔ ایک طرح سے منی بجٹ تقریر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ پردھان منتری آواس یوجنا کی دو نئی اسکیموں کے تحت نئے سال میں 9لاکھ روپے تک کے قرضوں پر چار فیصد اور بارہ لاکھ روپے تک کے قرضوں پر تین فیصد سود معاف کیاجائے گا۔ دیہی علاقوں میں غریبوں کے لئے تعمیر کئے جانے والے مکانات میں33فیصد کا اضافہ کیاجائے گا۔ اس کے علاوہ دیہی علاقوں میں متوسط اور کم متوسط طبقہ کے لئے ایک اور اسکیم شروع کی جارہی ہے جس کے تحت نئے مکانات یا مکانات میں توسیع کے لئے دو لاکھ روپے تک کے قرضوں پر تین فیصد سود معاف کیاجائے گا۔ملک بھر میں مودی کے خطاب کے تعلق سے کافی تجسس پایاجارہا تھا، ملک و بیرون ملک کروڑوں ہندوستانیوں نے ٹیلی ویژن اور انٹر نیٹ پر مودی کی تقریر کا براہ راست مشاہدہ کیا ۔ بعض افراد توقع کررہے تھے کہ مودی پانچ سو اور ہزار روپے کے نوٹوں پر پابندی کے پچاس دن پورے ہونے کے بعد کرپشن اور کالا دھن کے خلاف اپنی مہم کے دوسرے مرحلہ کے تحت بعض مزید سخت اقدامات کریں گے ۔ اور بعض گوشوں سے یہ امید کی جارہی تھی کہ وہ بینکوں اوراے ٹی ایمس سے رقومات نکالنے پر پابندیوں کو نرم کرنے کا اعلان کریں گے لیکن ایسی توقعات پوری نہیں ہوئیں اور بیشتر افراد کے خیا ل میں وزیر اعظم کا یہ خطاب ٹائیں ٹائیں فیش ثابت ہوا۔

این آر آئیز 30 جون تک نوٹ بدل سکتے ہیں
ممبئی
پی ٹی آئی
آر بی آئی نے آ ج رات غیر مقیم ہندوستانیوں کے بشمول ان افراد کے لئے غیر کار کرد نوٹوں کے تبادلہ کے لئے بعض شرائط عائد کی ہیں جو کل تک ایسا نہیں کرسکے جو بینکوں میں ممنوعہ کرنسی نوٹ جمع کرانے کے لئے آخری دن تھا ۔ آر بی آئی نے آج رات دیر گئے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ہندوستانی جو9نومبر تا30دسمبر ملک سے باہر تھے ، وہ31مارچ 2017تک اس سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں ، ایسے غیر مقیم ہندوستانی جو اس دوران ملک میں نہیں تھے30جون تک غیر کار کرد نوٹوں کا تبادلہ کرسکتے ہیں۔

جھلکیاں
٭ معمر شہریوں کو10سال کے لئے7.5لاکھ کے ڈپازٹ پر8فیصد سود دیاجائے گا۔
٭ شہری علاقوں میں9لاکھ روپے اور بارہ لاکھ روپے تک کے ہوم لون پر شرح سود کم کی جائے گی۔
٭ دیہی علاقوں میں دو لاکھ روپے تک کے ہوم لونس پر تین فیصد ریبیٹ دیاجائے گا۔
٭ حاملہ خاتون کے بینک کھاتوں میں چھ ہزار روپے جمع کرائے جائیں گے۔
٭ ربیع کی فصلوں کے لئے لئے گئے زرعی قرضو ں پر حکومت 60دن کا سود برداشت کرے گی۔
٭ 41ہزار کروڑ روپے تک کے نبارڈ فنڈنگ کارپس کو دوگنا کردیاجائے گا۔
٭ کسان کارڈ رکھنے واے تین کروڑ کسانوں کو روپے یا ڈیبیٹ کارڈ دئیے جائیں گے۔
٭ بینکوں سے کہا گیا کہ وہ چھوٹی صنعتوں کو پچیس فیصد ٹرن اوور کے مساوی تک قرض دے دیں۔
٭ حکومت مدرایوجنا کے استفادہ کنندگان کو دوگنا کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ جن کی تعداد فی الحال3.5کروڑ ہے۔

تقریر کے اہم نکات
٭ بینک اور سرکاری عہدیداروں کے سنگین جرائم منظر عام پر آئے ہیں کسی کو بخشا نہیں جائے گا۔
٭ بینکس غریبوں کا متوسط اور متوسط طبقات پر توجہ دیں اور جمع ہونے والی رقم ان کے لئے پروگرامس پر لگائیں
٭ نوٹ بندی سے کالے دھن، دہشت گردی، انسانی اسمگلنگ، اور جعلی نوٹوں کا کاروبار کرنے والوں کو زبردست دھکا لگا ہے ۔
٭ عام آدمی کے حقوق کا تحفظ کرنااور بے ایمانوں کو حاشیہ پر لانا عہدیداروں کی ذمہ داری ہے ۔
٭ صرف24لاکھ افراد نے اعلان کیا ہے کہ ان کی آمدنی10لاکھ سے زیادہ ہے ۔
٭ سسٹم میں رہنے والے کیاش اور کیاش لیس کے درمیان ایک توازن پیدا کرنا ہوگا ۔
٭ 125کروڑ شہریوں نے ثابت کردیا کہ ان کے لئے نوٹ بندی کے بعد تکلیفوں کے باوجود ایمانداری اور سچائی ہی زیادہ اہمیت رکھتے ہیں
٭ عوام کے ایثار کے ذریعہ ایک روشن مستقبل کی بنیاد رکھی گئی ہے۔
٭ سیاسی جماعتوں کو بیک وقت پارلیمنٹ اور اسمبلی انتخابات کی تجویز پر بحث کرنی چاہئے۔
٭ بینکس جلد سے جلد عام حالات بحا لکرنے کے لئے کام کریں
٭ سیاسی جماعتیں کرپشن اور فنڈنگ میں کالے دھن کو ختم کرنے کے لئے اقدامات کریں۔
٭ کالے دھن اور کرپشن کے خلاف لڑائی رکنی نہیں چاہئے۔

PM Modi's New Year's Eve address to the nation

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں