نوٹ بندی کے فیصلہ کی مدافعت - وزیر فینانس ارون جیٹلی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-01-28

نوٹ بندی کے فیصلہ کی مدافعت - وزیر فینانس ارون جیٹلی

27 جنوری
نوٹ بندی کے فیصلہ کی مدافعت: وزیر فینانس ارون جیٹلی
وشاکھاپٹنم
پی ٹی آئی
مرکزی وزیرفینانس ارون جیٹلی نے آج کہا کہ ہندوستان نے حالیہ وقتوں میں اس کی معیشت کو جہت عطا کرنے کے لئے تین اہم اقدامات کئے ہیں۔ وزارت کامرس و صنعت اور حکومت آندھرا پردیش کے ساتھ اشتراک میں کانفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کے زیر اہتمام یہاں دو روزہ پارٹنر شپ سمٹ2017کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلا قدم جن دھن یوجنا بینک اکاؤنٹس، آدھار کارڈس اور موبائل فونس ہے جو اس کو مالیاتی شمولیت بنائے گا۔ دوسرا اہم اقدام ریاستوں کے تعاون سے گڈس اینڈ سروسیس ٹیکس ہے، جی ایس ٹی ملک میں ہندوستان کو ایک واحد بڑی مارکٹ بنانے کے بعد واپس لے لیاجائے گا۔ تیسرا اہم قدم نوٹ بندی ہے جس نے نظام سے کالے دھن کا صفایا کردیا ہے ۔ اور معیشت کے ساتھ روز مرہ کی معیشت کو سالم بنایا ہے ۔ حالانکہ عالمی معاشی سست روی کے دوران ہندوستان ان اقدامات کی وجہ سے ایک صحت مند پیداواروالا ملک بنے گا۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج نوٹ بندی کی پرجوش انداز میں مدافعت کی ۔ اور انہوں نے کہا کہ اس مہم نے تھوڑے سے عرصہ میں ملک کے سارے مالیاتی نظام کو ہلاکر رکھ دیا لیکن اس سے جو غیر شفاف معاشی سر گرمیاں تھیں وہ روز مرہ زندگی کی معیشت کے ساتھ مل کر بہتر طور پر مستحکم ہوسکیں گی اور ٹیکس پر عمل آوری کو بہتر طور پر یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گڈس اینڈ سروسس ٹیکس( جی ایس ٹی) کے تعلق سے انتہائی اہم مسائل مرکز اور ریاستوں کے درمیان حل کرلئے گئے ہیں اور ایک بالواسطہ ٹیکس نظام پر عمل آوری قطعی مرحلوں میں ہے۔ نوٹ بندی کو جی ایس ٹی کے ساتھ جوڑا گیا ہے ۔ جو آنے والے دنوں میں بڑے پیمانے پر مالیاتی آمدنی کو یقینی بنائے گا۔ جہاں تک ریاستوں اور مرکزی حکومت کا تعلق ہے متعلقہ رسمی معیشت میں توسیع ہوگی ۔ جیٹلی نے یہاں سی آئی آئی پارٹنر شپ سمٹ میں یہ بات کہی ۔ یہ بتاتے ہوئے کہ ہندوستان بڑے پیمانے پر ٹیکس کی عدم تعمیل کا سماج ہے، انہوں نے کہا کہ ریاستیں اور مرکزی حکومت سسٹم چلانے کے لئے اپنے ریونیوز کے ساتھ جدو جہد کررہے ہیں جو ٹیکس چوروں کے حق میں ایک غیر منصفانہ مالا مال نظام کو تخلیق کرے گا ۔ یہ رسمی ٹیکس دہندگان پر انتہائی غیر منصفانہ بن گیا ہے کیوں کہ ٹیکس چوری کرنے کے خواہاں افراد ٹیکس سے بچنے میں کامیاب ہورہے ہیں جو انہیں زیادہ ادائیگی کی تعمیل کا پابند بنائے گا۔

بد عنوانی کے خلاف مودی کا دوہرا معیار: راہول گاندھی
پنجاب میں بادل خاندان کے ساتھ اتحاد پر تنقید ۔امریندر سنگھ چیف منسٹر کے عہدہ کے امید وار
مجیٹھا
یو این آئی
کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر بد عنوانی اور مذہبی ہم آہنگی کے معاملہ میں دوہرا معیار اپنانے کا الزام لگاتے ہوئے ان سے سوال کیا کہ بد عنوانی کے خلاف جنگ کا دعویٰ کرنے کے باوجود انہوں نے اکالی لیڈروں کے ساتھ مشترکہ جلسہ سے خطاب کیوں کیا؟ یہاں پنجاب میں اپ نے پہلے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے وزیر اعظم کو تنقیدوں کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک طرف تو وہ نوٹ بندی کے ذریعہ بدعنوانی کے خلاف جنگ لڑنے کا دعویٰ کرتے ہیں اور دوسری طرف بادل خاندان کے ساتھ اسٹیج پر بیٹھ رہے ہیں ، جو گردن تک بدعنوانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ پنجاب میں مذہبی کتابوں اور اداروں پر اہانت آمیز جملوں کا بالواسطہ ذکر کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ مودی ایک طرف تو خود کو ہر قسم کی فرقہ پرستی کا مخالف قرار دیتے ہیں اور دوسری طرف ایک ایسی پارٹی کی تائید کررہے ہیں جو پنجاب میں فرقہ وارانہ بنیادوں پر صف بندی کررہی ہے ۔ کانگریس لیڈر نے عام آدمی پارٹی کے وعدوں پر بھی سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسی طرح کے وعدے دہلی میں بھی کئے تھے لیکن ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ دہلی میں اپنے دوستوں اور رشتہ داروں سے معلوم کریں کہ وہاں کانگریس اور عام آدمی پارٹی کی حکومت میں کیا فرق ہے۔ ستلج جمنالنک معاملہ کا ذکر کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے لیڈر دہلی میں کچھ، ہریانہ میں کچھ اور پنجاب میں کچھ اور بات کررہے ہیں۔ جس سے یہ بات واضح ہے کہ وہ صرف انتخابی فائدے کے لئے لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں۔ راہول گاندھی نے وعدہ کیا کہ اگر ان کی پارٹی کی حکومت بنتی ہے تو بادل کے دور میں بے گناہ لوگوں پر کئے گئے فرضی کیس کو منسوخ کردیاجائے گا۔انہوں نے بد عنوان لوگوں کے خلاف متحد ہوکر کانگریس کا ساتھ دینے کی اپیل کی۔ پنجاب میں عوامی حکومت کے قیام کا وعدہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پنجاب کی ترقی اور پنجاب کی روح کا احیاء کریں گے اور منشیات کی لعنت کو ختم کریں گے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ پنجاب میں بادل نے لوگوں کی خوشحالی کے لئے کچھ بھی نہیں کیا بلکہ ہر چیز چھین لی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے بادلوں نے اندھیرا پھیلایا ہے۔ راہول گاندھی نے پنجاب کانگریس کے صدر کیپٹن امریندر سنگھ کو پارٹی کے چیف منسٹر کے عہدہ کا امید وار بنانے کا اعلان کردیا۔

کانگریس ڈوبتا جہاز: وزیر اعظم نریندر مودی
اسمبلی انتخابات میں اپوزیشن جماعت کو ووٹ نہ دینے عوام سے اپیل
جالندھر
آئی اے این ایس
کانگریس کو ڈوبتا جہاز اور تاریخی شئے قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ پانچ ریاستوں میں آنے والی اسمبلی انتخابات میں اپوزیشن جماعت کو ووٹ نہ دیں۔ مودی نے چیف منسٹر پنجاب وشرومنی اکالی دل( ایس اے ڈی) کے سرپرست پرکاش سنگھ بادل کے ساتھ یہاں ایک مشترکہ انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ایک ڈوبتا جہاز ہے ۔ کانگریس تاریخ بن چکی ہے اور آخری سانسیں لی رہی ہے کانگریس کے کوئی اصول یا قواعد نہیںہیں۔ سیاسی باقی کے لئے کانگریس جس نے قبل ازیں مغربی بنگال میں کمیونسٹوں سے ہاتھ ملایا تھا ، جن کی وہ کئی دہائیوں سے مخالف رہی ہے ، اب اتر پردیش میں سماج وادی پارٹی سے ہاتھ ملا لیا ہے ۔ ملک نے70سال تک تباہی کی سیاست کا مشاہدہ کیا ہے اور اس کی وجہ سے ملک کے نوجوان مصائب میں مبتلا ہیں۔ اگر آپ سیاست کرنا چاہتے ہیں تو ترقی کی سیاست کریں۔ مودی نے اپوزیشن جماعتوں کو چیلنج کیا کہ وہ ملک میں سیاسی حالات کو تبدیل کرکے دکھائیں ۔ کرپشن کے خلاف اپنی لڑائی کے بارے میں بتاتے ہوئے مودی نے کہا کہ نوٹ بندی کی وجہ سے جو ان کی حکومت نے بد عنوان افراد کے خلاف کی تھی، گزشتہ70سال سے کالا دھن جمع کرنے والے متاثر ہوئے ہیں۔

برفانی تودے گرنے سے ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد15ہوگئی
سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ چوتھے دن بھی بند
سری نگر
یو این آئی
وادی کشمیر میں چار لاپتہ فوجیوں کی نعشیں برف کے تودے سے برآمد ہونے کے بعد برفانی طوفان میں مرنے والے فوجیوں کی تعداد بڑھ کر15ہوگئی ہے۔ وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے بتایا، ہم نے شمالی کشمیر میں باندی پورہ کے گریز سیکٹر میں لاپتہ چار فوجیوں کی نعشیں برآمد کرلی ہیں۔ وادی کے دو مقامات پر برفانی تودہ گرنے سے فوج کے24جوان برف کے نیچے دب گئے تھے ۔ تاہم ایک فوجی عہدیدار اور چھ دیگر جوانوں کوبچالی اگیا ۔ کرنل کالیا نے بتایا کہ 25جنوری کو گیارہ فوجیوں کا ایک گروپ اگلی چوکی کی طرف جارہا تھا کہ اس دوران گریز سیکٹر میں برفانی تودہ گرنے سے یہ فوجی برف کے نیچے دب گئے ۔ تاہم خراب موسم کے باوجود فوری طور پر ریلیف اور بچاؤ مہم شروع کی گئی ۔ کل تک سات جوانوں کی نعشیں برآمد کرلی گئی تھیں۔ انہوں نے بتای کہ راحت اور بچاؤ مہم جاری ہے اور مزید چار نعشیں آج ملی ہیں۔ اسی سیکٹر کے ایک اور مقام پر 25جنوری کو برف کا تودہ گرنے سے تین فوجی ہلاک ہوگئے تھے ۔ اگرچہ ایک جونیر کمیشن آفیسر اور چھ دیگر جوانوں کو بچالیا گیا تھا۔ تین فوجیوں کی نعیشں بھی برآمد کی گئی تھیں۔اسی دوران وادی کشمیر کوبیرون دنیا سے جوڑنے والی تین سو کلو میٹر سری نگر، جموں قومی شاہراہ کل مسلسل چوتھے دن بھی بند رہی۔ یہ شاہراہ24جنوری کو وادی میں شدید برفباری کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد بند کردی گئی تھی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس شاہراہ کے مختلف مقامات پر ڈھائی سو سے زیادہ گاڑیاں گزشتہ چند دن سے رکی ہوئی ہیں۔ ایک ٹریفک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ تازہ برفباری یا مٹی کے تودے گرنے کی صورت میں شاہرہ پر گاڑیوں کی آمد و رفت ہفتہ کے روز بحال کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ شاہراہ کے دونوں طرف بشمول جواہر ٹنل، بانہال، شیطان نالہ اور قاضی گنڈ کے مقامات پر گزشتہ تین دنوں کے دوران ایک فٹ تازہ برف کھڑی ہوئی ہے ۔مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ شاہراہ کی دیکھ ریکھ کے لئے ذمہ دار بارڈر روڈس آرگنائزیشن نے اسے گاڑیوں کی آمد و رفت کے قابل بنانے کے لئے اپنی جدید مشینری اور افرادی قوت کو پہلے ہی کام پر لگا دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بی آر او کی طرف سے گرین سگنل ملنے کے بعد سب سے پہلے درماندہ گاڑیوں کو کلیئر کیاجائے گا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں