اتر پردیش - پنجاب اور دیگر 3 ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-01-05

اتر پردیش - پنجاب اور دیگر 3 ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کا اعلان

نئی دہلی
پی ٹی آئی، یو این آئی
سیاسی اہمیت کی حامل اتر پردیش کے علاوہ اترا کھنڈ، پنجاب، منی پور اور گوا کے اسمبلی انتخابات کے لئے بگل بجادیا گیا ہے ۔ ان ریاستوں میں4فروری سے8مارچ تک مرحلہ وار انتخابات منعقد کرائے جائیں گے ، جب کہ ووٹوں کی گنتی 11مارچ کو ہوگی ۔ انتخابی اعلامیہ کے مطابق اتر پردیش میں7، منی پور، میں دو اترا کھنڈ، پنجاب اور گوا میں ایک ایک مرحلہ میں رائے دہی ہوگی ۔ انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی ان تمام ریاستوں میں انتخابی ضابطہ اخلاق فوری طو ر پر نافذ ہوگیا ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر نسیم زیدی نے یہاں پریس کانفرنس میں ان ریاستوں کے انتخابی پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اتر پدیش کی403نشستوں میں سے پہلے مرحلہ میں15اضلاع کی 73نشستوں پر انتخابات ہوں گے ، جب کہ دوسرے مرحلہ میں11اضلاع کی67نشستوں پر ، پانچویں مرحلہ میں11اضلاع کی52نشستوں پر ، چھٹے مرحلہ میں7اضلاع کی49نشستوں اور ساتویں و آخری مرحلہ میں7اضلاع کی40نشستوں کے لئے ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ نسیم زیدی نے بتایا کہ منی پور کی60نشستوں کے لئے 2مراحل میں انتخابات ہوں گے ۔ پہلے مرحلہ میں38اور دوسر ے مرحلہ میں22نشستوں پر پولنگ ہوگی ۔ پنجاب کی117نشستوں، اتر ا کھنڈ کی70اور گوا کی40نشستوں کے لئے ایک ایک مرحلہ میں انتخابات ہوں گے۔ واضح رہے کہ اتر پردیش کی موجودہ اسمبلی کی مدت27مئی کو ختم ہورہی ہے جب کہ اترا کھنڈ کی 26مارچ گوا، منی پور اور پنجاب اسمبلی کی مدت18مارچ کو ختم ہورہی ہے ۔ الیکشن کمشنر نے بتایا کہ ان پانچوں ریاستوں کی جملہ690نشستوں کے انتخابات میں16کروڑ سے زیادہ رائے دہندے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کریں گے ۔ ان تمام ریاستوں میں ایک لاکھ85ہزار پولنگ مراکز بنائے گئے ہیں ، جو2012ء کے انتخابات کے مقابلہ میں15فیصد زیادہ ہیں ۔ اتر پردیش میں ایک لاکھ47ہزار 148پولنگ مراکز بنائے گئے ہیں، جب کہ پنجاب میں22ہزار600، اترا کھنڈ میں10ہزار884، منی پور میں 2794اور گوا میں1642پولنگ مراکز بنائے گئے ہیں۔ اتر پردیش میں13کروڑ85لاکھ17ہزار26ووٹرہیں جب کہ پنجاب میں ایک کروڑ92 لاکھ 14ہزار236رائے دہندے ہیں۔ اترا کھنڈ میں73لاکھ 81ہزار، منی پور میں18لاکھ7ہزار843اور گوا میں10لاکھ 85ہزار 271رائے دہندے ہیں۔ اتر پردیش میں84نشستیں درج فہرست ذاتوں( ایس سی) اور دو نشستیں درج فہرست قبائل(ایس ٹی) کے لئے مخصوص ہیں جب کہ پنجاب میں34نشستیں ایس سی کے لئے مخصوص ہیں لیکن وہاں ایس ٹی کے لئے کوئی نشست محفوظ نہیں ہے ۔ اترا کھنڈ میں13نشستیں ایس سی کے لئے اور دو نشستیں ایس ٹی کے لئے محفوظ ہیں ۔ منی پور میں19نشستیں شیڈول قبائل کے لئے مخصوص ہیں لیکن وہاں کوئی بھی نشست ایس ٹی کے لئے مخصوص نہیں ہے۔ اتر پردیش کے پہلے مرحلہ کی پولنگ کے لیے اعلامیہ17جنوری کو جاری ہوگا۔ کاغذات نامزدگی 24جنوری تک داخل کئے جاسکیں گے اور کاغذات نامزدگی کی جانچ25جنوری کو کی جائے گی۔

Assembly Election Dates For Uttar Pradesh, Punjab, Uttarakhand, Manipur and Goa Announced

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں