امیروں کی نیند حرام - غریب چین کی نیند سو رہے ہیں - وزیر اعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-11-15

امیروں کی نیند حرام - غریب چین کی نیند سو رہے ہیں - وزیر اعظم مودی

14/نومبر
امیروں کی نیند حرام - غریب چین کی نیند سو رہے ہیں - وزیر اعظم مودی
غازی پور( یوپی)
پی ٹی آئی
نوٹ بندی کی مخالفت کرنے وایل کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے وزیرا عظم نریندر مودی نے آج کہا کہ بد عنوان مایوس ہیں جب کہ غریب چین کی نیند سورہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ رشوت کے خاتمہ کے لئے کچھ تکلیف برداشت کریں۔ اتر پردیش میں جہاں عنقریب الکشن ہونے والا ہے، جلسہ عام سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ نوٹ بندی کے بعد غریب چین کی نیند سورہے ہیں جب کہ امیر نیند کی گولیاں خریدنے در بدر بھٹک رہے ہیں۔ انہوں نے گوا اور بیلگوی میں کل جو جذباتی تقریر کی تھی اسی کا تسلسل برقرار رکھا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ نوٹ بندی کے بعد عوام کی دشواریاں سمجھتے ہیں۔ انہوں نے اپنے اقدام کا نئے رنگ و روغن یا آہک پاشی سے تقابل کیا اور کہا کہ پی نٹ کرنے کے بعد ناگوار بو آتی ہے لیکن یہ ضروری ہے ۔ انہوں نے یہاں بی جے پی کی پریورتن یاترا ریالی سے خطاب میں کہا کہ میرا فیصلہ تھوڑا سخت ہے ۔ میں جب جوان تھا غریب لوگ کڑک چائے مانگا کرتے تھے لیکن یہ امیروں کے منہ کا ذرائقہ بگاڑ دیتی ہے۔ بطور خاص کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے جس نے ان پر عام آدمی کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا ، وزیر اعظم نے یاددہانی کرائی کہ کانگریس حکومت نے ایمر جنسی نافذ کی تھی۔ عوام اور میڈیا کے حقوق سلب کرلئے تھے۔ اس نے چونّی(25پیسے) پر امتناع عائد کیا تھا ۔ انہوں نے اپوزیشن پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ کس قانون کے تحت آپ نے چونّی پر امتناع عائد کیا تھا۔ یہ اور بات ہے کہ آپ چونّی سے آگے نہیں بڑھ سکے ۔ آپ نے اپنی اوقات کے حساب سے اقدام کیا اور ہم وہ کررہے ہیں جو ہمیں زیبا دیتا ہے ۔ پنڈت نہرو کے حوالہ سے وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے سوچ سمجھ کر پراجکٹس شروع کرنے پنڈت جی کے یوم پیدائش پر یہاں کا دورہ کیا ہے ۔ پنڈت جی آپ آج ہمارے درمیان نہیں ہیں، آپ کی پارٹی کے قائدین اور آپ کا خاندان بے بنیاد الزامات عائد کررہا ہے اس کے باوجود میں یہاں ترقیاتی کاموں کا افتتاح کررہا ہوں تاکہ لوگوں کی ترقی کی چاہت پوری ہو۔ کوئی بھی ایسا خرا جادا نہیں کرسکتا جو اتر پردیش کا ایک رکن پارلیمنٹ کررہا ہے ۔ مودی، حلقہ لوک سبھا وارانسی کی نمائندگی کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے پنڈت نہرو کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر نہیں کیا انہیں بے نقاب کردینا چاہئے ۔، مودی نے کہا کہ عوام کو گمراہ مت کیجئے ۔ میں ان کانگریسیوں سے پوچھنا چاہتا ہوں جن کا دعویٰ ہے کہ لوگوں کو آج مسائل کا سامنا ہے ، آپ نے ایمر جنسی نافذ کر کے19ماہ تک پورے ملک کو جیل میں تبدیل کردیا تھا۔ یہ صرف اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کو بچانے کے لئے کیا گیا تھا۔ غریبوں کو چنتا( فکر) کے تحت نہیں کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے لئے پیسے کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ پیسہ کہیں اور ہے، جہاں اسے نہیں ہونا چاہئے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ وہ طاقتور لوگوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں لیکن انہوں نے عہد کیا کہ وہ غریبوں، کسانوں اور دیہاتیوں کے لئے اپنی لڑائی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ مجھے کیا بھگتنا ہے کیونکہ جن کے خزانے بھرے پڑے ہیں وہ انتہائی طاقتور لوگ ہیں۔ ان میں اتنی طاقت ہے کہ وہ حکومتیں خرید سکتے ہیں۔ وہ حکومتیں گرانے کا اختیار رکھتے ہیں۔ وہ کسی کا بھی مستقبل برباد کرسکتے ہیں لیکن کیا مجھے ایسے لوگوں سے خوفزدہ ہونا چاہئے؟ کیا مجھے ایمانداری کا راستہ چھوڑ کر بھاگ جانا چاہئے؟ آپ ہی کے آشیرواد سے میں نے ایسا بڑا مورچہ کھولا ہے ۔ نوٹ بندی کے فیصلہ کی مدافعت کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ جعلی کرنسی کی لعنت پر ایسے بڑے اقدام کے بغیر قابو نہیں پایاجاسکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی نوٹ، سرحد پار چھاپے جارہے ہیں اور ہمارے ملک پہنچائے جارہے ہیں۔ کیا دشمن کی اس حرکت پر روک نہیں لگنی چاہئے؟ جب سے پانچ سو اور ہزار روپے کے نوٹ بند ہوئے ہیں دہشت گرد، نکسلائٹس اور انتہا پسند بے حد پریشان ہیں کیونکہ وہ ادائیگی نہیں کرپارہے ہیں۔ وزیر اعظم نے الزام عائد کیا کہ افواہیں پھیلائی جارہی ہیں اور گرہنیوں( گرہست خواتین) کو بھڑکا یاجارہا ہے کہ انہوں نے اپنی لڑکی کی شادی کے لئے محنت سے جو رقم اکٹھا کی وہ ہاتھ سے جاچکی ہے ۔ مودی نے تیقن دیا کہ کسی بھی خاتون خانہ کی2.5لاکھ روپے کی رقم کو ہاتھ نہیں لگایاجائے گا۔ مزید برآں انہیں اس رقم پر سود بھی ملے گا۔ بی ایس پی سربراہ مایاوتی کا نام لئے بغیر جنہوں نے نوٹ بندی مسئلہ پر وزیر اعظم پر سخت تنقید کی، مودی نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتیں بے حد پریشان ہیں۔ ان کی سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ کیا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی قائدین نوٹوں کے ایسے بڑے ہار پہنا کرتے تھے جن سے ان کا چہرہ ڈھک جاتا تھا۔ انہوں نے لکھنو کی بی ایس پی ریالی میں مایاوتی کے دورِ چیف منسٹری میں انہیں پہنائے گئے ہار کے حوالہ سے یہ بات کہی۔ مودی نے کہاکہ جب بھی ہم کچھ نیا کرتے ہیں اس سے کچھ تکلیف پہنچتی ہے لیکن ارادہ نیک ہونا چاہئے ۔ میں جو بھی کررہا ہوں غریبوں، کسانوں اور دیہاتیوں کی بھلائی کے لئے کررہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگ چہرہ پر مصنوعی مسکراہٹ لاکر کہتے ہیں کہ مودی جی آپ نے اچھا کیا ہے لیکن وہ ا پنے پارٹی ورکرس کو بھڑکا تے ہیں وہ میرے فیصلہ کی مخالفت کریں۔ مودی نے مقامی لوگوں کا دل جیتنے اپنی تقریر بھوجپوری میں شروع کی۔
Poor enjoying sound sleep, rich seeking sleeping pills: PM Modi

عام آدمی نہیں، مودی کے دوست چین کی نیند سورہے ہیں: ارویند کجریوا
نئی دہلی
آئی اے این ایس
چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے کرنسی نوٹوں کی منسوخی کے سلسلہ میں آج ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے عام آدمی کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مودی کے اس دعویٰ کو چیلنج کرتے ہوئے کہ اب غریب لوگ چین کی نیند سورہے ہیں، جب کہ صرف دولت مندوں کو نیند کی گولیاںاستعما ل کرنی پڑرہی ہیں، عام آدمی پارٹی قائد نے میڈیا کو بتایا کہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے ۔ انہوںنے کہا کہ در اصل غریب ہی بینکوں کے باہر قطار لگائے ہوئے ہیں اورم ودی کے دوست پرسکون نیند کا مزہ لے رہے ہیں۔ کجریوال نے8نومبر کو پانچ سو اور ہزار روپے کے کرنسی نوٹوں کی منسوخی کے فیصلہ کو کمزور منصوبہ بندی کی اسکیم قرار دیا اور حکومت سے کہا کہ ہٹ دھرمی ترک کرتے ہوئے فوری اس اسکیم کو واپس لے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ایک ہزار روپے کی نوٹ کے بجائے دو ہزار روپے کی نوٹ متعارف کراتے ہوئے کس طرح کرپشن اور کاے دھن کا مقابلہ کیاجاسکتا ہے ۔ کجریوال نے دہلی اسمبلی کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے اور منگل کے روز چیف منسٹر مغربی بنگا ل ممتا بنرجی سے ملاقات کا اعلان کیا، تاکہ مودی حکومت کے خلاف لڑائی میں شدت پیدا کی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ سیول ڈیفنس کے کارکن دہلی میں تعینات کئے جائیں گے ، تاکہ بینکوں اور اے ٹی ایمس کے باہر طویل قطاروں میں کھڑے عوام کی دستاویزات پر کرنے میں مدد کی جاسکے اور انہیں پینے کا پانی فراہم کیاجاسکے ۔ اس اعلان کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ فضائیہ کے طیاروں کے ذریعہ دور دراز علاقوں کو رقم روانہ کی جارہی ہے ، کجریوال نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اب حکومت دہشت زدہ ہوگئی ہے اور قبل ازیں کوئی مناسب منصوبہ بندی نہیں کی گئی ۔ ان کے مطابق ملک گیر بحران کے دوران دلالوں کی چاندی ہوگئی ہے ۔ عام آدمی پارٹی قائد نے کہا کہ یہ دیانت دار لوگ ہی ہیں جو خود اپنی رقم کے حصول کے لئے طویل قطاروں میں کھڑے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم نے حالات کے معمول پر آنے کے لئے پچاس دن کا وقت مانگا ہے ۔ میں تاجرین کی جانب سے وزیر اعظم سے یہ سوال کرنا چاہتاہوں کہ آئندہ پچاس دن تک ان کا کام کیسے چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تجارت و کاروبار بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ اس فیصلہ کو واپس لیں ۔ اس کے علاوہ کوئی صورت نظر نہیں آتی۔

خط قبضہ پر فائرنگ، پاکستان کے7سپاہی ہلاک
اسلام آباد
پی ٹی آئی
پاکستانی فوج نے آج کہا ہے کہ خط قبضہ پر ہندوستانی سپاہیوں کی مبینہ فائرنگ میں اس کے کم ازکم7سپاہی ہلاک ہوگئے ہیں۔ فوج نے ایک بیان میں کہا کہ ہندوستانی سپاہیوں نے کل رات بمبر سیکٹر میں خط قبضہ پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی۔ پاکستانی س پاہیوں نے ہندوستان کی بلا اشتعال فائرنگ کا جواب دیا اور موثر طور پر ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ بیان کے مطابق خط قبضہ میں پاکستان کے علاق میں کی گئی فائرنگ میں اب تک زیادہ عام شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔ پاکستان کے دفتر خارجہ نے گزشتہ ہفتہ ایک بیان میں کہا تھا کہ ہندوستانی فوج کی فائرنگ اور گولہ باری میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران کم از کم پچیس افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان نے ملک کے سپاہیوں کی ہلاکت پر شدید برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ان کا ملک کسی بھی طرح کی جارحیت کی مدافعت کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے ۔ شریف نے ہندوستانی فورسس کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کے تازہ واقعہ میں ہوئے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ ہندوستانی فورسس حالیہ دنوں میں خط قبضہ پر جنگ بندی معاہدہ کی مسلسل خلاف ورزی کررہے ہیں۔ پاکستان کے محکمہ اطلاعات عامہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں شریف کے حوالے سے کہا گیا ہم کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنی سرزمین کا دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ وزیر اعظم نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ہندوستان کی فوج خط قبضہ پر کشیدگی بڑھاتے ہوئے کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے ۔ اسی دوران پاکستان کے دفتر خارجہ نے ہندوستان کے ہائی کمشنر گوتم بمباوالا کو طلب کرتے ہوئے ہندوستانی فوج کی فائرنگ میں اس کے سات سپاہیوں کی ہلاکت پر شدید احتجا کیا گیا۔ اسی دوران جموں و کشمیر پولیس نے بتایا کہ ضلع پونچھ میں خط قبضہ پر پاکستان کی بلا اشتعا ل زبردست فائرنگ سے فوج کا ایک جوان زخمی ہوگیا ہے ۔پولیس نے اس کی شناخت اترا کھنڈ کے متوطن ستائیس سالہ ونئے دیورائے کی حیثیت سے کی اور کہا کہ وہ پونچھ میں خط قبضہ پر لڑائی کے دوران پاکستان کی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوگیا۔ اسے شریک اسپتال کردیا گیا۔ وزارت دفاع کے ذرائع نے کہا کہ پاکستانی سپاہیوں نے سندر بانی اور نوشیراسکیٹرس میں دوپہر 2:40بجے سے82ایم ایم مارٹرس اور خود کار اسلحہ استعما ل کرتے ہوئے بلا اشتعال اندھا دھند فائرنگ کی ، ہندوستانی سپاہیوں نے اس کا منہ توڑ جواب دیا۔ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے خط قبضہ پرپاکستان کے سات سپاہیوں کی موت پر پاکستانی فوج کو حکم دیا کہ اس کا موثر جواب دیں۔ فوجی سربراہ نے راولپنڈی کے قریب جہلم میں مہلوک سپاہیوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی، جہاں اعلیٰ کمانڈرس نے خط قبضہ کی تازہ صورتحال سے انہیں واقف کروایا۔ اس موقع پر جنرل راحیل نے کہا کہ فوج اس کا موثر جواب جاری رکھے گی اور حکم دیا کہ مادر وطن کا دفاع کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے ۔ پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے ہندوستان کی فائرنگ کا معقول جواب دیا ہے اور اس میں یقینا ہندوستانی سپاہی کرے ہیں لیکن ہندوستان، خط قبضہ پر اس کے جانی نقصانات کو چھپا رہا ہے ۔ اس دوران پاکستانی سپاہیوں نے جموں، راجوری اور پونچھ میں لائن آف کنٹرول پرچار سیکٹرس میں ہندوستانی مورچوں پر فائرنگ کی جس سے ایک جوان کے بشمول دو افراد زخمی ہوئے ۔

کرنسی کی منسوخی، پارلیمنٹ میں متحدہ مقابلہ کا منصوبہ
نئی دہلی
پی ٹی آئی
کانگریس اور ٹی ایم سی قائدین کی آج شام یہاں ملاقات مقرر ہے ، تاکہ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلس میں جس کا16نومبر سے آغاز ہورہا ہے ۔مودی حکومت کی جانب سے پانچ سو اور ہزار روپے کے کرنسی نوٹوں کی مسدودی کے خلاف متحدہ لڑائی کا لائحہ عمل ترتیب دیاجاسکے ۔ راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد اور لوک سبھا میں کانگریس لیڈر ملک ارجن کھرگے ، ایوان زیریں میں ٹی ایم سی کے لیڈر سے ملاقات کریں گے ۔ سدیپ بندو اپادھیائے سے ان کی یہ ملقات آج اسپیکر لوک سبھا سمترا مہاجن کی جانب سے طلب کردہ کل جماعتی اجلس سے قبل ہوگی۔ توقع ہے کہ اس میٹنگ میں ترنمول کانگریس قائد ڈیراک اوبرائن بھی موجود رہیں گے ۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ دیگر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کو بھی مدعو کیاگیا ہے ۔ چیف منسٹر مغربی بنگا ل ممتا بنرجی نے کل کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی اور سی پی آئی ایم جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری سے با ت چیت کی تھی اور کرنسی کی منسوخی کے اقدام کے خلاف متحدہ مقابلہ کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔ کانگریس قائدین بھی کئی جماعتوںبشمول ٹی ایم سی سے ربط پیدا کررہے ہیں تاکہ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلس سے قبل مشترکہ حکمت عملی وضع کی جاسکے ۔ کانگریس، ٹی ایم سی اور دیگر اپوزیشن جماعتوںجیسے سی پی ایم، سی پی آئی، ایس پی اور بی ایس پی نے حکومت کو نشانہ تنقید بنایا اور اس پر جلد بازی میں فیصلہ کرنے کا الزام عائد کیاہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت نے مناسب منصوبہ بندی اور احتیاط کے بغیر یہ فیصلہ کیا ہے ، جسکے نتیجہ میں عام آدمی کو ہراسانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں