60 سال میں ہندوستان نے اس طرح سرجیکل حملہ نہیں کیا - مرکزی وزیر اننت کمار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-14

60 سال میں ہندوستان نے اس طرح سرجیکل حملہ نہیں کیا - مرکزی وزیر اننت کمار

احمد آباد
پی ٹی آئی
مرکزی وزیر اننت کمار نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت اور ہندوستانی فوج کی ستائش کی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہندوستانی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے علاقہ میں جو سرجیکل حملہ کیا گیا ہے وہ قابل ستائش ہے جس سے وزیر اعظم کی قیادت اور صلاحیت کا بھی اظہار ہوتا ہے ۔ مرکزی وزیر اننت کمار نے چیف منسٹر دہلی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ن ہیں چاہئے تھا کہ ہندوستانی فوج کی کارروائی پر شک و شبہ کا اظہار کرتے ہوئے بیان دیں اور انسداد دہشت گردی فوجی کارروائی کے تعلق سے ثبوت طلب کریں ۔ مرکزی وزیر نے کہا ہے کہ اس موقع پر جب کہ ہماری افواج نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خط قبضہ کو عبور کر کے سرجیکل حملے کئے ہیں ہم کو ان کی حوصلہ افزائی اور ستائش کرنی چاہئے لیکن بعض گوشوں کی جانب سے فوج کی اس طرح کی کارروائی پر شک و شبہ کا اظہار کیاجارہا ہے ۔ مرکزی وزیر اننت کمار جو کہ یہاں فارمک انڈیا2016ء کے افتتاح کے لئے آئے ہوئے ہیں۔ ان تاثرات کا اظہار کیا ہے ۔ مرکزی وزیر نے کہا ہے کہ ہندوستان نے گزشتہ60سال کے دوران اس طرح دہشت گردوں کے خلاف حملے نہیں کئے ہیں ۔جس طرح کے وزیر اعظم نریندر مودی کے دور حکومت میں کئے گئے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اگر ہم کسی ملک کے ساتھ جنگ نہیں چاہتے لیکن اگر کوئی ہمارے ملک پر حملہ کرے یا جارحانہ رویہ اختیار کرے تو ہم اس کا جواب دینے کے لئے تیار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے صبروتحمل کا امتحان نہ لیاجائے ۔ مرکزی وزیر کیمیکلس و فرٹیلائزرس نے یہاں کہا ہے کہ ہندوستان دہشت گردی کے خاتمہ کا خواہاں ہے اور جہاں کہیں دہشت گردوں کے کیمپ پائے جائیں ہماری فوج اس کو ختم کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں فوجی کارروائی کی راہ ہموار کی ۔ مرکزی وزیر نے چیف منسٹر دہلی کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرجیکل کارروائی کے تعلق سے انہوں نے جو ثبوت مانگا ہے وہ انتہائی نامناسب ہے جس سے فوج کے حوصلے پست ہوسکتے ہیں ۔ اننت کمار نے پاکستان کی جانب سے بھی اس سلسلہ میں دیے جانے والے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سرجیکل حملوں کے تعلق سے تردید کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں