معاشرہ کو حفظان صحت کے تئیں حساس بنانے کی ضرورت - وزیراعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-01

معاشرہ کو حفظان صحت کے تئیں حساس بنانے کی ضرورت - وزیراعظم مودی

نئی دہلی
یواین آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے صاف صفائی کو عوامی تحریک بنانے پر زور دیتے ہوئے آج کہا کہ معاشرہ میں حفظان صحت کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ مودی نے یہاں ہندوستان حفظان صحت کانفرنس( انڈوسن) کے افتتاحی سیشن میں کہا کہ سوچھ بھارت مہم وقت سے پہلے معاشرے میں اپنی جڑیں جمارہا ہے ۔ بچوں میں حفظان صحت کے تئیں بیداری بڑھ رہی ہے اور گندگی پھیلانے سے اپنے اہل خانہ کو بھی روک رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گھر میں ٹوائلٹ ہونا سماجی سطح سے جڑتا جارہا ہے جو کہ ایک اچھا اشارہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں حفظان صحت کے تئیں احساس پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔ اسے تحریک کے ذڑیعہ کیاجاسکتا ہے ۔ معاشرے میں ایسا ماحول بنایاجانا چاہئے جس سے گندگی کے تئیں نفرت پید ا ہو اور اس کی صفائی کے لئے لوگ خود ہی آگے آنے لگیں ۔ انہوں نے لوگوں کی عادت میں تبدیلی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خالی پڑی زمینوں کا استعمال کوڑا۔ ردی کی ٹوکری پھینکنے کے لئے نہیں بلکہ دولت کے حصول کے لئے ہونا چاہئے ۔ ہندوستان حفظان صحت کانفرنس کے افتتاح کے موقع پر شہری ترقی کے وزیر ای وینکیا نائیڈو ، پینے کے پانی اور حفظان صحت کے وزیر نریندر تومر، شہری ترقیات کے مملکتی وزیر راؤ اندر جیت سنگھ اور پینے کے پانی اور حفظان صحت کے وزیر مملکت رمیش چنپا جگ جناگی بھی موجود تھے ۔ افتتاحی تقریب میں چھتیس گڑھ کے چیف منسٹر رمن سنگھ، مہاراشٹر کے چیف منسٹر دیویندر فڈ نویس،ہریانہ کے چیف منسٹر منوہر لال کھتر اور آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے بھی شرکت کی ۔ بعد میں تمام لیڈروں نے حفظان صحت منشور پر دستخط کئے ۔ اس سے پہلے مودی نے سوچھ بھارت مہم میں قابل ذکر شراکت کرنے والے اداروں، افراد اور مقامات کو انعامات سے نوازا ۔ مودی نے کہا کہ حفظان صحت کی بات کرنا اور اسے عوام کے درمیان لے جانا بہت ہمت کا کام ہے لیکن عام لوگوں نے اسے تسلیم کرلیا ہے اور اب بیداری آرہی ہے ۔ لوگوں نے صاف صفائی اور حفظان صحت کے لئے دباؤ بنانا شرو ع کردیا ہے ۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ دور درشن پر حفظان صحت سے متعلق خبریں نشر کی جانی چاہئے ۔ اس سے لوگوں میں بیداری آئے گی اور اس کی اہمیت میں اضافہ ہوگا ۔ اس کے علاوہ ریاستی سطح پر حفظان صحت کا مقابلہ منعقد کیاجانا چاہئے ۔ اس سے مقامی بلدیاتی اداروں ، دیگر اداروں اور افراد میں مقابلہ آرائی ہوگی جو معاشرے کے لئے مثبت ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ حفظان صحت سے روزگار کے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں ۔ فضلہ سے دولت کا حصول کیاجاسکتا ہے ۔ مقامی اداروں کو اس سمت میں سنجیدگی سے سوچنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے نوجوانوں میں صلاحیت ہے اور انہیں اس سلسلے میں نئی اختراع کرنی چاہئے۔ اس سے انہیں روزگار کے مواقع ملیں گے ۔ نائیڈو نے صفائی مہم میں اہم کردار ادا کرنے والوں اور انعامات سے نوازے جانے والوں کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ سوچھ بھارت مہم میں عام لوگوں کی شراکت بڑھانے کے لیے مقامی انتظامیہ کو نئی پہل کرنی چاہئے ۔ کھلے میں رفع حاجت سے نجات کی مہم کامیابی سے چل رہی ہے ۔ لوگوں کی شراکت ہونے کے ساتھ ساتھ بیداری بھی بڑھ رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گجرات، آندھرا پردیش اور کیرالہ کے شہری علاقہ جلد ہی کھلے میں رفع حاجت سے آزاد ہوں گے۔

dream of a clean and hygienic India Prime Minister Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں