دہشت گرد حملوں کے امکانات - ہندوستان بھر میں سخت چوکسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-01

دہشت گرد حملوں کے امکانات - ہندوستان بھر میں سخت چوکسی

نئی دہلی
یو این آئی
مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے خط قبضہ کے پاس انڈین آرمی کی جانب سے تیز رفتار اور نپے تلے حملوں کے پیش نظر سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے آج ہنگامی کی سطح کے اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا۔ اجلاس میں مشیر برائے قومی سلامتی امور اجیت ڈوول کے علاقہ انٹلیجنس بیورو، آر اینڈ اے ڈبلیو اور آرمی کے سربراہوں نے شرکت کی ۔ راج ناتھ سنگھ نے اس اجلاس میں شرکت کے لئے جانے سے قبل سی آئی ایس ایف ، این ڈی آر ایف اور این ایس جی کے سربراہوں اوپی سنگھ ، آر کے پجنند اور سدھیر پرتاپ سنگھ سے وزارت داخلہ میں اجلاس کے دوران ملاقات کی ۔ وزیر داخلہ نے بیان کیاجاتا ہے کہ آرمی جوان چندو بابو لال چوہان کے بارے میں بھی غوروخوض کیا جو37راشتریہ رائفلس کے لئے خدمات انجام دے رہا تھا اور جس کو خط قبضہ کے اس پار چلے جانے کے بعد پاکستانی رینجرس نے پکڑ لیا تھا ۔ مملکتی وزیر داخلہ ہنس راج آہیر نے بتایا کہ حکومت اپنے پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کی کوشش کررہی ہے تاکہ ہندوستانی سپاہیوں کو رہا کروایا جاسکے جو غلطی سے سرحد کے اس پر چلا گیا تھا اور کل کے سرجیکل آپریشن سے اس کا کوئی تعلق نہیں تھا ۔ آہیر نے ٹوئٹ کیا ہم اس سپاہی کو جلد از جلد واپس لینے کی کوشش کررہے ہیں جو غلطی سے خط قبضہ کو پار کرکے پاکستان کے علاقہ میں داخل ہوگیا تھا ۔ وزارت داخلہ نے انٹلی جنس کی اس اطلاع کے بعد دہلی اور ممبئی میں سخت ترین چوکسی اختیار کرلی ہے کہ آرمی کی جانب سے کل کئے جانے والے سرجیکل آپریشن کے بعد پاکستان کی دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے ان شہروں کو نشانہ بنایاجاسکتا ہے۔ دہلی پولیس اور سی آر پی ایف کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ آئندہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران امکانی دہشت گردانہ حملہ کے سلسلہ میں زیادہ سے زیادہ چوکسی برقرا ر رکھیں ۔ صورتحال کے سنگین نوعیت اختیار کرلینے کے پیش نظر مرکز نے خط قبضہ پر آرمی کی تعیناتی میں اضافہ کردیا ہے علاوہ ازیں بی ایس ایف کے زیادہ سے زیادہ جوانوں کو متعین کردیا گیا ہے ۔ پی ٹی آئی کے بموجب راج ناتھ سنگھ نے اس ہنگامہ اجلاس میں ہندوستان کی موجودہ سلامتی کی صورتحال اور بالخصوص سرحد پر حالات کا جائزہ لیا ۔ سیکوریٹی آفیسرس نے وزیر موصوف کو سرحد پار سلامتی کی صورتحال کے ساتھ ہی ساتھ سرحد کے نزدیک رہنے والے شہریوں کی حفاظت کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے واقف کرایا ۔ انہوں نے راج ناتھ سنگھ کو یہ بھی بتایا کہ بی ایس ایف کی چوکیوں پر پاکستان کے کسی بھی امکانی حملہ کو ناکام بنانے کے لئے کیا اقدامات کئے گئے ہیں ۔ سیکوریٹی آفیسرس نے وزیر داخلہ کے علم میں یہ بات بھی لائی کہ وزارت داخلہ کی جانب سے بی ایس ایف کو یہ ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں کہ وہ پاکستان سے متصل سرحد کے پاس رہنے والے شہریوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کردے۔
احمد آباد
پی ٹی آئی
خط قبضہ کے پاس دہشت گرد وں کے جمع ہوکر کارروائی کے لئے نکلنے مقامات پر تیز رفتار اور نپے تلے انڈین آرمی کے حملہ کے پیش نظر انڈین کوسٹ گارڈس نے گجرات کے ساحل سے دور حساس سمندری علاقوں میں سخت چوکسی اختیار کرلی ہے اور گہری نظر رکھی جارہی ہے ۔ کوسٹ گارڈس کی جانب سے میرین پولیس اور گجرات کے نظم و نسق کے تال میل کے ذریعہ26ستمبر سے خصوصی آپریشن شروع کیا گیا ہے ۔ حساس سمندری علاقوں پر گہری نظر رکھن کا یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کہ صورتحال معمول پر نہیں آجائے گی۔

Nationwide terror alert in India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں