برکس سربراہ کانفرنس سے وزیراعظم مودی کو بڑی امیدیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-15

برکس سربراہ کانفرنس سے وزیراعظم مودی کو بڑی امیدیں

نئی دہلی
پی ٹی آئی، یو این آئی
گوا میں ہونے والی برکس اور بمسٹیک سربراہ کانفرنس سے بڑی امیدیں وابستہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ اس کانفرنس میں جہاں پیچیدہ مسائل کا اجتماعی حل ڈھونڈا جائے گا ، وہیں باہمی تعاون کے نئے امکانات بھی تلاش کئے جائیں گے ۔ برکس اور بمسٹیک چوٹی کانفرنس میں شرکت کرنے والے سربراہان کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم نے آج ا پنے فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ اس میں تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے کے ساتھ ہی متنازعہ مسائل کا متفقہ حل ڈھونڈنے کی کوشش کی جائے گی۔ میں اس بات سے پر امید ہوں کہ برکس کانفرنس گروپ کے ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے ساتھ ہی ترقی، امن، استحکام اور اصلاحات کے ہمارے مشترکہ ایجنڈہ کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگی ۔ مجھے اس بات کی بھی خوشی ہے کہ ہندوستان برکس کے ساتھ ہی بمسٹیک کانفرنس کا بھی انعقاد کررہا ہے جس میں بنگلہ دیش ، بھوٹان، میانمار، نیپال، سری لنکا، اور تھائی لینڈ کے لیڈر شرکت کررہے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ برکس ممالک دنیا کی دو تہائی آبادی کی نمائندگی کرتے ہیں ۔ ایسے میں یہ کانفرنس باہمی تعاون کے امکانات کی تلاش کا ایک بڑا موقع ہوگا۔ صدر روس ولادیمیرپوٹن کے دورہ کے سلسلہ میں مودی نے کہا کہ ان کے اس دورہ سے دونوں ممالک کے درمیان وقت کی کسوٹی پر ہمیشہ کھری اترنے والی دوستی اور شراکت کو مزید مضبوط کرنے کا موقع ملے گا۔ برازیل کے صدر مشیل ٹیمیر کی ہندوستان آمد پر وزیر اعظم نے کہا کہ اس سے ہندوستان کو اپنے ایک اہم اسٹراٹیجک پارٹنر کے ساتھ تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کانفرنس کے موقع پر میں چین، جنوبی افریقہ، برازیل اور روس کے اپنے اتحادی ساتھیوں کے ساتھ ہمارے مقاصد کی راہ میں رکاوٹ بننے والے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر اہم بات چیت کی بھی امید کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ اس بار برکس کی صدارت ہندوستان کررہا ہے ، ایسے میں تجارت ، کھیل، تعلیم، فلم، اسکالر شپ اور سیاحت جیسے مختلف شعبوں میں گروپ کے ممالک کے عوام کے درمیان براہ راست رابطہ کو فروغ دینے پر خاص توجہ دی جائے گی۔ واضح رہے کہ گوا میں15اکتوبر سے شروع ہونے والی آٹھویں برکس چوٹی کانفرنس کی صدارت ہندوستان کررہاہے ۔ ہندوستان کے علاوہ برازیل، روس، چین اور جنوبی افریقہ اس گرو پ کے رکن ہیں۔ کانفرنس میں ان ممالک کے درمیان تجارت ، سرمایہ کاری، غیر ملکی سرمایہ کی آمد ورفت اور سیاحت سمیت کئی مسائل پر وسیع اور بامعنی بات چیت ہوگی ۔ اسی موقع پر بمسٹیک کانفرنس بھی منعقد کی جارہی ہے جس میں ہندوستان کے علاوہ بنگلہ دیش ، بھوٹان، میانمار ،نیپال، سری لنکا اور تھائی لینڈ کے سربراہان حصہ لے رہے ہیں ۔ امکان ہے کہ وزیر اعظم مودی اس کانفرنس میں پوٹن اور ژی کے ساتھ دہشت گردی کا مسئلہ اٹھائیں گے اور پاکستان میں موجود دہشت گردی کے اڈوں کی نشاندہی کرتے ہوئے اوڑی جیسے حملوں کے ذریعہ ہندوستان کو نشانہ بنائے جانے کی بات کریں گے۔ مودی نے گزشتہ دنوں چین میں منعقدہ جی20کانفرنس میں دہشت گردوں کے لئے محفوظ پناہ گاہوں اور ان کی سرپرستی کا مسئلہ اٹھایا تھا ۔ پاکستان کا نام لئے بغیر انہوں نے کہا تھا کہ جنوبی ایشیاء میں ایک ایسا ملک ہے جو دہشت گردی برآمد کرتا ہے ۔

Brics: Diamantaires hope for a Diwali gift from Prime Minister Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں