بی جے پی ملک کو ہندو راشٹر بنانے کے لئے کوشاں - مایاوتی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-10

بی جے پی ملک کو ہندو راشٹر بنانے کے لئے کوشاں - مایاوتی

لکھنو
آئی اے این ایس
بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے آج بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ ملک کو ہندو راشٹر میں تبدیل کرنے کی کوشش کررہی ہے اور کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اپ نے انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکے ہیں ۔ چار متبہ اتر پردیش کی چیف منسٹر رہ چکی مایاوتی نے یہاں ایک عظیم الشان ریالی سے خطاب کرتے ہوئے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ پاک مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردوں کے لانچ پیاڈس پر فوج کے سرجیکل حملوں پر ناٹک بازی کررہی ہے ۔ آج کا یہ اجلاس بی ایس پی کے بانی اور مایاوتی کے رہنما کانشی رام کی دسویں برسی کے موقع پر منعقد کیا گیا۔ آئندہ سال کے اوائل میں ریاست میں اسمبلی انتخابات سے پہلے یہ ریالی منعقد کی گئی ہے ۔ اسی دوران ذرائع نے بتایا کہ ریالی کے دوران بھگدڑ کی وجہ سے دو معمر خواتین کی موت ہوگئی جب کہ دیگر کئی درجن زخمی ہوئے ہیں۔ ملک کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست میں دلت، مسلم اتحاد کی اپیل کرتے ہوئے مایاوتی نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ ملک کو ہندو راشٹر میں تبدیل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دلت اور مسلمان متحد ہوجائیں تو ریاست میں بی جے پی کو شکست دینے کے لئے یہ کافی ہے ۔ مایاوتی نے مرکز کی نریندر مودی حکومت کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وہ اتر پردیش میں نفرت اور فرقہ پرستی کو فروغ دے رہی ہے اور وہ ریاست کے لئے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوچکی ہیں ۔ مایاوتی لکھنو میں بی آر امبیڈ کر گراؤنڈ میں بہوجن سماج کی پارٹی سے خطاب کررہی تھیں جس میں لاکھوں افراد شریک تھے ۔ بی ایس پی سربراہ نے مرکزی حکومت کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی زیر قیادت حکومت، ملک میں فرقہ پرستی اور نفرت پھیلارہی ہے۔ دلتوں اور اقلیتوں کے خلاف جرائم کے کیسس میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گاؤ رکھشا کے نام پر ملک کے مختلف علاقوں میں دلتوں کو نشانہ بنایاجارہا ہے ۔ اقلیتوں اور دلتوں کو ہراسان کیاجارہا ہے کیونکہ بی جے پی ہندوستان کو ہندو ملک میں تبدیل کرنا چاہتی ہے ۔ مایاوتی نے اس بڑی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے وعدہ کیا کہ اتر پردیش میں بی ایس پی حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد دلتوں اور اقلیتوں کی ہراسانی بند ہوجائے گی ۔ انہوں نے ریاست میں اکثریتی حکومت قائم کرنے کی توقع ظاہر کی اور کہا کہ بہتر نظم و ضبط بالخصوص خواتین کی حفاظت و سلامتی پر ان کی حکومت کی تمام تر توجہ مرکوز رہے گی ۔ واضح رہے کہ یوپی میں آئندہ سال اسمبلی انتخابات مقرر ہیں۔ بی ایس پی صدر مایاوتی نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو ووٹ نہ دیں کیونکہ اس سے صرف بھارتیہ جنتا پارٹی کو ہی فائدہ پہنچے گا ۔ سابق چیف منسٹر نے یہاں امبیڈ کر پارک میں اپنی ایک زبردست ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اتر پردیش کے تمام مسلمانوں سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ کانگریس کو ووٹ دیتے ہوئے اپنے ووٹ شیئر کو تقسیم ہونے نہ دیں کیونکہ ایسا کرنے سے صرف بی جے پی کو فائدہ ہوگا۔انہوں نے ملک کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست کی سب سے بڑی اقلیت سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی کو شکست دینے بہوجن سماج پارٹی کو ووٹ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے ووٹ تقسیم ہونے سے بی جے پی کو مدد ملے گی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں