اے دل ہے مشکل فلم کے خلاف ایم این ایس احتجاج سے دستبردار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-23

اے دل ہے مشکل فلم کے خلاف ایم این ایس احتجاج سے دستبردار

ممبئی
پی ٹی آئی
راج ٹھاکرے کی زیر قیادت مہاراشٹرا نونرمان سیناجس نے کرن جوہرکی فلم، اے دل ہے مشکل، کی نمائش کے خلاف جس میں پاکستانی اداکار فواد خان نے اہم رول ادا کیا ہے، احتجاج سے اس وقت دستبرداری اختیار کرلی ہے، جب چیف منسٹر مہاراشٹر دیوندر فڈنویسنے ایم این ایس سربراہ اور فلم سازوں کے درمیان بات چیت کے لئے ثالثی کی۔ کرن جوہر اور پروڈیوسرگلڈ کے صدر مکیش بھٹ نے راج ٹھاکرے کے ساتھ چیف منسٹر سے ان کی سرکاری رہائش گاہ ورشا میں آج صبح ملاقات کی ۔ ٹھاکرے نے بتایا کہ ایم این ایس نے فلم سازوں کے سامنے تین شرائط رکھی ہیں جو فلمساز پاکستانی اداکاروں کے ساتھ کا م کرے گا۔ اسے پانچ کروڑ روپے آرمی ویلفیر فنڈ میں جمع کرنے ہوں گے۔ گلڈ نے اس مطالبہ کو قبول کرلیا ہے۔ راج ٹھاکرے نے میڈیا کو بتایا کہ فلمسازوں نے ان کی پارٹی کے تین مطالبے قبول کرلئے ہیں ۔ فلم کی نمائش سے پہلے مختلف دہشت گرد حملوں بشمول اڑی اور پٹھان کوٹ میں ہلاک ہونے والے سپاہیوں کو خراج پیش کیاجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ فلمساز پاکستانی اداکاروں ، گلوکاروں، یہاں تک کہ ٹکنیشنس پر بھی مکمل پابندی لگائیں گے۔ہر فلمساز جس نے ابھی تک اپنی فلموں میں پاکستانی اداکاروں کو لیا ہے وہ آرمی ویلفیر فنڈ میں پانچ کروڑ کا عطیہ دے گا۔ پانچ کروڑ روپے کا چیک وزیر دفاع کے حوالے کیاجائے گا اور اس سلسلہ میں تصویر کو منظر عام پر لایاجائے گا۔ کرن جوہر نے پہلے ہی اعلان کردیا ہے کہ ان کی اس فلم سے جو بھی آمدنی ہوگی وہ اڑی حملہ میں مارے گئے جوانوں کے افراد خاندان کی بہبودی کے لئے دی جائے گی۔ ٹھاکرے نے سوال کیاکہ جنگ کے اس ماحول میں ہماری فلمی صنعت کیوں پاکستانی اداکاروں کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہے۔ پاکستانی حکومت نے ہندوستان کے تمام تفریحی چیانلس پر کسی جائز وجہ کے بغیر پابندی لگادی ہے۔ ایسی صورتحال میں ہم کیوں ان کے ادکاروں کو اہمیت دیں۔ راج ٹھاکرے نے کہا کہ اوڑی حملہ کے بعد جس میں ہمارے 19سپاہی ہلاکہوگئے ایم این ایس پاکستانی اداکاروں اور فنکاروںپر پابندی لگانے کا مطالبہ کرتی آئی ہے۔ ایم این ایس کے کارکن گزشتہ کئی دنوں سے اس فلم کی نمائش کے خلاف ممبئی اور ملک کے دیگر علاقوں میں احتجاج کررہے ہیں۔ فلمسازوں نے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ اور چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فڈنویس سے اس سلسلہ میںمداخلت کرنے کی خواہش کی تھی۔ راجناتھ سنگھ نے فلم کی ریلیز کے لئے تحفظ فراہم کرنے کا تیقن دیا تھا۔ تاہم فڈنویس نے فلمسازوں اور ایم این ایس ورکروں کے درمیان بات چیت کے بعد اس مسئلہ کو حل کرلیا۔ اب یہ فلم28اکتوبر کو ریلیز ہورہی ہے ۔ دریں اثناء سنیما اوونرس اگزییبیٹرس اسوسی ایشن نے اپنا احتجاج ختم کردیا ہے لیکن چار ریاستوں مہاراشٹر، گجرات اور گوا اور کرناٹک میں اس فلم کی نمائش پر پابندی لگانے کا اس کا فیصلہ متاثر نہیں ہوا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں