ہند اور نیوزی لینڈ دوستی میں استحکام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-27

ہند اور نیوزی لینڈ دوستی میں استحکام

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ہندوستان اور نیوزی لینڈ نے آج تجارت اور سلامتی کے کلیدی شعبوں میں اپنے تعلقات کو مستحکم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ۔ وزیر اعظِم نریندر مودی اور ان کے نیوزی لینڈ کے ہم منصب جان کی نے یہاں کے حیدرآباد ہاؤز میں ملاقات کی۔ نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم نے تیقن دیا کہ ان کا ملک نیو کلیر سپلائرس گروپ( این ایس جی) میں ہندوستان کی رکنیت کے لئے مثبت تعاون کرے گا۔ دونوں وزرائے اعظم کی ثمر آور بات چیت کے بعد دونوں ممالک نے تین معاہدوں پر دستخط کئے۔ وزیر اعظم مودی نے مشترکہ میڈیا کانفرنس میں کہا کہ میں وزیر اعظم کی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ ان کا ملک نیوزی لینڈ اینایس جی میں ہندوستان کی رکنیت پر تعمیری رخ اختیار کرے گا۔48رکنی این ایس جی میں ہندوستان کی رکنیت کے تعلق سے نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم نے واضح طور پر کچھ نہیں کہا۔ صرف اتنا کہا کہ جو عمل فی الحال جاری ہے اس میں نیوزی لینڈ تعمیری تعاون کرتا رہے گا۔ دونوں وزرائے اعظم کی بات چیت کے بعد جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ نیوزی لینڈ این ایس جی میں ہندوستان کی شمولیت کی اہمیت مانتا ہے ۔ نیوزی لینڈ جون میں جنوبی کوریا میں منعقدہ این ایس جی کھلے اجلاس میں ان ممالک میں ایک تھا جنہوں نے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ ہندوستان کو جس نے تحدید اسلحہ معاہدہ پر دستخط نہیں کئے ہیں، کوئی استثٖنیٰ نہیں ملنا چاہئے۔ یو این آئی کے بموجب ہندوستان اور نیوزی لینڈ نے طے کیا کہ سیاسی، دفاعی اور سلامتی تعاون کو بڑھاوا دیاجائے ۔ انہوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور انفراسٹرکچر کے صفائے پر بھی زور دیا۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ہندوستان اور نیوزی لینڈ وہ بحری ممالک ہیں جن کا ایشیا بحرالکاہل اور ہند بحرالکاہل علاقہ میں بڑا مفاد ہے۔ آئی اے این ایس کے بموجب نیو کلیر سپلائرس گروپ میں ہندوستان کی شمولیت کی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے چہار شنبہ کے دن کہا کہ وہ نئی دہلی کی اس کوشش میں تعمیری تعاون دے گا۔ وزیراعظم مودی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیر اعظم نیوزی لینڈ جان کی نے یہ بھی تیقن دیا کہ ان کا ملک اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا رکن بننے کی ہندوستان کی کوشش میں بھی مدد دیتا رہے گا ۔ ہندوستان کے ساتھ باہمی فائدہ مند تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے جان کی نے کہا کہ دونوں ممالک نے طے کیا ہے کہ فوڈ سیفٹی سائبر سیکوریٹی اور تعلیم جیسے شعبوں میں مل جل کر کام کیاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تجارت میں فروغ کے وسیع امکانات ہیں۔ دونوں قائدین نے وعدہ کیا کہ وہ ایک دوسرے کے ممالک میں ایسا ماحول تیار کریں گے جو روزگار پیدا کرے گااور خوشحالی لائے گا۔

India, New Zealand friendship will continue to strengthen

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں