کالا دھن اسکیم کا اختتام - 65 ہزار کروڑ روپے کی آمدنی کا انکشاف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-02

کالا دھن اسکیم کا اختتام - 65 ہزار کروڑ روپے کی آمدنی کا انکشاف

نئی دہلی
یو این آئی
مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج کہا کہ اندرون ملک کالا دھن کا انکشاف کرنے کی اسکیم کے تحت ابھی تک65,250کروڑ روپے کی غیر معلنہ آمدنی کا انکشاف کیا گیا ہے ۔ آمدنی انکشاف اسکیم(آئی ڈی ایس)2016ء کے تحت اپنی آمدنی اور اثاثہ جات کا اعلان کرنے کے لئے 30ستمبر کو نصف شب تک مہلت دی گئی تھی ۔ یہ قطعی اور آخری موقع تھا ۔ یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر فینانس نے کہا کہ اسکیم کے تحت64,275لوگوں نے اپنی غیر معلنہ دولت اور اثاثہ جات کا انکشاف کیا۔ اس تعداد میں معمولی اضافہ بھی ہوسکتا ہے ۔ اتنے بڑے پیمانے پر لوگوں کی جانب سے غیر معلنہ دولت اور اثاثہ جات کا انکشاف کئے جانے پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے جیٹلی نے کہا کہ اس سے لگتا ہے کہ لوگ ٹیکس دہندہ بننا چاہتے ہیں ، یہ اچھی علامت ہے اور حکومت اس سمت میں کام کرے گی۔1997ء کے رضا کارانہ انکشاف اسکیم (وی ڈی ایس) سے تقابل کرتے ہوئے جوا س وقت کے وزیر فینانس پی چدمبرم نے پیش کی تھی، ارون جیٹلی نے کہا کہ دونوں اسکیمات مختلف ہیں ۔1997ء میں جو لوگ دی ڈی ایس کے تحت انکشاف کرتے تھے، انہیں اپنی آمدنی کا30فیصد بطور ٹیکس اد اکرنا ہوتا تھااور ان کے اثاثہ جات او رآمدنی کا تخمینہ 10سال پہلے کی لاگت کی بنیاد پر لگایا گیا تھا ۔ وزیر فینانس نے کہا کہ آئی ڈی ایس کے تحت ہم نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ جو بھی ٹیکس دہندہ بننا چاہتا ہے وہ کوئی پریشانی محسوس نہ کرے ۔ اسی طرح جن لوگوں نے اپنی آمدنی اور اثاثہ جات کا وقت پر اعلان نہیں کیا ہے اور اپنے ریٹرنس میں ان کا ادخال یا حوالہ نہیں دیا ہے، وہ خود کو آزاد محسوس نہ کریں ۔ اسی لئے ہم نے جرمانے لگائے ہیں اور ان کے لئے لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ اپنی ایسی آمدنی اور اثاثہ جات کی موجودہ لاگت کا45فیصد بطور ٹیکس ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ1997ء کی وی ڈی ایس اسکیم کے تحت حکومت نے9,760کروڑ روپے وصول کئے تھے ، اس سال یہ رقم بہت زیادہ ہوجائے گی۔ آئی ڈی ایس2016ء کے تحت جو ٹیکس جمع ہوگا، وہ ہندوستان کے لئے ایک خاطر خواہ فنڈ ہوگا، جس کا استعمال عوامی بہبودی اسکیمات میں کیاجائے گا۔ وزیر فینانس نے بتایا کہ اندازہ کے مطابق حکومت کو اس اسکیم کی وجہ سے تیس ہزار کروڑ روپے کی آمدنی ہونے والی ہے ۔ ایک مرتبہ پھر انہوں نے زور دے کر کہا کہ جن لوگوں نے اپنی آمدنی کا اس اسکیم کے تحت انکشاف کیا ہے ان کے ناموں کو کسی بھی قیمت پر منظر عام پر نہیں لایاجائے گا، تاہم اگر ان کے انکشاف میں کسی قسم کی کوئی خامی یا چوری پائی گئی تو انہیں قانون کا سامان کرنا پڑسکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم میں تمام شرائط و ضوابط کا پہلے ہی اعلان کردیا گیا تھا ۔ یہ صاف کردیا گیا تھا کہ اس اسکیم کی آخری تاریخ میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی، جو لوگ اس مدت سے استفادہ نہیں کریں گے ، انہیں قانون کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ حکومت کسی کو نشانہ بنانے نہیں جارہی ہے ، بلکہ ان کے ساتھ قانون کے مطابق نمٹا جائے گا ۔ ارون جیٹلی نے کہا کہ آئی ڈی ایس کے علاوہ حکومت اور اس کے محکمہ جات زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکس کے جال میں لانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔ اس سلسلہ میں دھاوے کئے جارہے ہیں ۔ سرکاری محکمہ جات کی آمدنی کا پتہ لگانے کی صلاحیتوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے ۔ کالے دھن کے معاملہ پر انہوں نے کہا کہ حکومت صحیح سمت میں جارہی ہے ۔ ایچ ایس بی سی میں8ہزار کروڑ روپے کی رقم ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے ۔ وزیر فینانس نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ ڈھائی سال کے دوران ٹیکس جمع کرنے میں کافی بہتری لائی ہے۔56,378کروڑ روپے کی پوشیدہ آمدنی کو تلاشی مہم کے ذریعہ بے نقاب کیا گیا ہے ۔

Black money: Over Rs 65,000 crore assets in biggest tax disclosure

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں