پاکستانی فنکار اندرون 48 گھنٹے ملک چھوڑ دیں - ایم این ایس کا انتباہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-24

پاکستانی فنکار اندرون 48 گھنٹے ملک چھوڑ دیں - ایم این ایس کا انتباہ

ممبئی
آئی اے این ایس
مہاراشٹرا نو نرمان سینا[ایم این ایس] نے آج تمام پاکستانی فلمی او رٹیلی ویژن اداکاروں کو 48گھنٹے کا الٹی میٹم دیا ہے کہ وہ یا تو ہندوستان چھوڑ دیں یا نتائج کا سامنا کریں ۔ ایم این ایس چترا پت سینا کے صدر آمیا کھوکر نے میدیا کو بتایا کہ 18ستمبر کے دہشت گرد حملہ کے بعد جس میں جموں و کشمیر کے اری میں اٹھارہ ہندوستانی فوجی ہلاک ہوئے ہیں ، ملک بھر میں مخالف پاکستان لہر دیکھی جارہی ہے ۔ واضح رہے کہ ممبئی میں مقیم پاکستانی اداکاروں ا ور گلوکاروں میں فواد خان ، علی ظفر، عاطف اسلم ، شفقت امانت علی خان ، راحت فتح علی خان، سلمان احمد ، ماہرہ خان اور علی عظمت شامل ہیں ۔ ایم این ایس کی نائب صدر شالینی ٹھاکرے نے کہا کہ پاکستانی اداکاروں کے ساتھ جہاں کہیں فلمیں یا ٹی وی سیرئیل بنائے جارہے ہیں ، اڑتالیس گھنٹے کی مہلت ختم ہونے کے بعد ایم این ایس کارکن ان مقامات کا دورہ کریں گے اور ار انہیں روک دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی ڈھکی چھپی دھمکی نہیں ہے ۔ یہ کرن جوہر جیسے پروڈیوسرس کو راست چیلنج ہے جو پاکستانی فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں ۔ ہم تمام پروڈکشن ہاؤزس کو مکتوب روانہ کررہے ہیں اور ان سے کہا جارہا ہے کہ وہ پاکستانی فنکاروں کو کام نہ دیں ۔ پارٹی کے ایک ا ور نائب صدر واکیش سروسوت نے کہا کہ انہوں نے ماضی میں بھی ایسی وارننگس جاری کی ہیں ا ور ان پر قائم رہے ہیں ۔ اب ہم نے انہیں ایک مخصوص مدت پر مبنی مہلت دی ہے ۔ ان کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے ۔ اگر وہ اڑتالیس گھنٹے کے اندر بوریہ بستر نہ باندھ لیں تو ہم ان کا پیچھا کرتے ہوئے انہیں نکال باہر کریں گے ۔ پارٹی نے یہ بھی انتباہ دیا ہ وہ پاکستانی اداکاروں کے ساتھ بننے والی کسی بھی بالی ووڈ فلم کو ریلیز کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ ان میں آنے والی فلمیں اے دل ہے مشکل ، اور رئیس بھی شامل ہیں ۔ ایم این ایس کا احکام کا کھلاڑیوں اور گلوکاروں پر بھی اطلاق ہوگا۔ ماضی میں ایم این ایس ا ور شیو سینا نے مہاراشٹرا کا دورہ کرنے والی پاکستانی شخصیتوں کے خلاف جارحانہ موقف اختیار کیا ہے ۔ اکتوبر2015 ء میں ممبئی ا ور پونے میں ہونے والا غلام علی کے پروگراموں کو منسوخ کردیا گیا تھا۔ جاریہ سال جنوری میں ایک کتاب کی رسم اجرا کو بھی منسوخ کرنا پڑا تھا۔

MNS Warns Pakistan Artistes to Leave India Within 48 Hours

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں