ویتنام کے لئے ہندوستان کی 50 کروڑ ڈالر کی امداد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-04

ویتنام کے لئے ہندوستان کی 50 کروڑ ڈالر کی امداد

ہنوئی
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ویتنام کے شعبہ دفاع کو مضبوط کرنے کے لئے پچاس کروڑ ڈالر کے قرض دینے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی دونوں ممالک کے درمیان12معاہدوں پر دستخط کئے۔ مودی نے سافٹ ویئر پارک بنانے کے لئے ویتنام کو پچاس لاکھ ڈالر کی امداد دینے کا بھی اعلان کیا۔ وزیر اعظم نے یہ اعلان ویت نام کے وزیر اعظم گوئین شوان فک کے ساتھ یہاں باہمی ملاقات کے بعد کیا۔ اس ملاقات میں دونوں قائدین کے درمیان باہمی ، علاقائی اور عالمی مسائل پر بات چیت ہوئی ۔ ہندوستان اور ویتنام کے درمیا ن دفاع ، انفارمیشن ٹکنالوجی ، خلائی مشن، صحت وغیرہ کے شعبوں میں بارہ اہم معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔ مودی کے ویتنام دورے کے دوران ان معاہدوں پر اتفاق کیا گیا تھا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے کہا کہ ہندوستان اور ویتنام ان معاہدوں کے ذریعہ باہمی تعلقات کو ایک نئے مقام پر لے جائیں گے، دونوں ممالک نے دفاع، انفارمیشن ، ٹیکنالوجی ، خلائی مشن اور صحت کے شعبوں میں تعاون کرنے پر زور دیا ۔ ویت نام کے دفاعی نظام کو مضبوط بنانے اور ویتنام میں سافٹ ویئر پارک تیار کرنے کے لئے ہندوستان کی مدد کرے گا ۔ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ سرمایہ کاری کو بڑھائے جانے پر زور دیا گیا اور ساتھ ہی باہمی تجارت2020ء تک پندرہ ارب ڈالر تک لے جانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ مودی نے کہا کہ دونوں ممالک علاقائی چیلنجوں کا مل کر سامنا کریں گے ۔ انہوں نے ویتنام کی اقتصادی ترقی کی شرح کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ویتنام میں تیز ی سے ترقی ہورہی ہے اور علاقائی چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لئے دونوں ممالک آپس میں مل کر کام کریں گے ۔ مودی اور کک نے ان معاہدوں پر دستخط کے بعد ایک مشترکہ بیان جاری کیا۔ ویتنام کے وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات کے بعد مودی نے ایک بیان میں کہا کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے اور اسٹرٹیجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ قبل ازیں وزیر اعظم نریندر مودی کا ویتنام میں روایتی طریقے سے استقبال کیا گیا اور انہوں نے بیس ویں صدی کے سرکردہ رہنماؤں میں شمار ہونے والے ہوچی من اور مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزارت خارجہ کے ترجما ن وکاس سوروپ نے ٹویٹ کرکے بتایا کہ ویتنام کے دورے پر کل یہاں پہنچے مودی نے اپنے طے شدہ پروگرام کے تحت سب سے پہلے مہلوک جوانوں کی یادگار کا دورہ کیا اور اس کے بعد انہوں نے ہوچی من کی سمادھی پر جاکر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد ویتنام کے صدارتی محل میں مودی کا روایتی طریقہ سے خیر مقدم کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا ۔ مودی نے ویتنام کے وزیر اعظم گوئین شوان فک سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مودی کل ہندوستانی وقت کے مطابق رات تقریبا آٹھ بجے ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی پہنچے تھے ۔ یہاں آنے پر ہندوستانی برادری کے لوگوں نے ایک ہوٹل میں مودی سے ملاقات کی ۔ وزیر اعظم کا پہلا پڑاؤ ویتنام ہے ۔

ہانگ زہو
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی جی 20کانفرنس میں شرکت اور صدر جین زی جن پنگ کے بشمول سرکردہ عالمی قائدین کے ساتھ بات چیت کے لئے چین کے شہر ہانگ زہو پہنچے ۔ وہ چین کے صدر کے ساتھ کئی اہم مسائل پر بات چیت کرین گے جن میں ہندوستان کی این ایس جی دعویداری ، اور مقبوضہ کشمیر سے گزرنے والی چین ۔ پاکستان معاشی راہداری شامل ہیں ۔ مودی نے ٹوئٹر پر کہا کہ ہلو ہانگ زہو، جی20سمٹ میں شرکت کے لئے چین میں اترا ہوں ، انہوں نے لینڈنگ کے بعد عہدیداروں کے ساتھ مصافحہ کرتے ہوئے ایک تصویر بھی جاری کی ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس نے بھی چین میں وزیر اعظم کی آمد کے بارے میں ٹویٹ کیا اور کہا کہ ہنوئی صبح ہوئی ہانگ زہو میں رات ہوئی۔

India extends over Rs 3,000 crore to Vietnam

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں