جنوبی کشمیر میں تازہ جھڑپیں - درجنوں افراد زخمی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-12

جنوبی کشمیر میں تازہ جھڑپیں - درجنوں افراد زخمی

سری نگر
پی ٹی آئی
جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں سیکوریٹی فورسس اور مظاہرین کے درمیان آج تازہ جھڑپوں میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے بتایا کہ کریم آباد اور اس کے اطراف کے ہزاروں افراد آج صبح سڑکوں پر نکل آئے اور سیکوریٹی فورسس کی جانب سے گھروں پر کئے جانے والے دھاؤں کے خلاف احتجاج شروع کردیا۔ فورسس نے جب انہیں پیچھے دھکیلنے کی کوشش کی تو انہوں نے پتھراؤ شروع کردیا۔ فورسس نے جواب میں آنسو گیس شل برسائے اور چھروں کی بندوقوں سے فائرنگ کی ۔ ایک پولیس عہدیدار نے کہا کہ بیس زخمیوں کو شہر کے مختلف ہاسپٹلوں میں شریک کیا گیا۔ آخری اطلاعات ملنے تک جھڑپیں جاری تھیں ۔ اسی دوران سیکوریٹی فورسس کی فائرنگ میں گزشتہ ماہ زخمی ایک نوجوان فوت ہوگیا جس کے بعد 9جولائی کے بعد سے جاری تشدد کی لہر میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 76ہوگئی ہے ۔ پولیس کے مطابق جاوید احمد ڈار کے پیر میں سیکوریٹی فورسس کی گولی لگی تھی ۔ یہ واقعہ ضلع بڈگام میں5اگست کو پیش آیا تھا۔ عہدیدار کے مطابق زخم سڑنے کے سبب اس کا پیر کاٹنا پڑا تھا جس کے نتیجہ میں بعض پیچیدگیاں پیدا ہوگئیں اور نتیجہ میں آج دوپہر ہاسپٹل میں اس کی موت واقع ہوگئی۔ وادی کشمیر میں برہان وانی کی سیکوریٹی فورسس کی فائرنگ میں ہلاکت کے دوسرے دن سے وادی میں تشدد شروع ہوا ۔ یو این آئی نے مہلوکین کی تعداد 78بتائی ہے جب کہ مقامی میڈیا کے مطابق 80 زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ سیکوریٹی فورسس اور پولیس کی کارروائی میں تا حال سات ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں پتھراؤ سے زخمی ہونے والے سیکوریٹی ارکان بھی شامل ہیں۔ کئی زخمی چھروں کی بندوقوں سے بینائی سے محروم ہوگئے ہیں۔ سی آر پی ایف نے ایک بیان میں کہا کہ وادی میں کل سے پتھراؤ کے واقعات میں اس کے 19زخمی ہوئے ہیں اور ایک گاڑی کو نقصان پہنچایا گیا ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں