مودی حکومت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر قابو پانے میں ناکام - راہول گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-07-29

مودی حکومت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر قابو پانے میں ناکام - راہول گاندھی

نئی دہلی
آئی اے این ایس
کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج نریندر مودی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے میں پوری طرح ناکام ہوچکی ہے ۔ راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو چیلنج بھی کیا کہ وہ اس تاریخ کا اعلان کریں جب دال اور سبزیوں جیسی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم ہوں گی ۔ راہول گاندھی نے لوک سبھا میں قیمتوں میں اضافہ پر عام مباحث میں حصہ لیتے ہوئے مختصر تقریر میں کہا کہ مودی جی جتنے کھوکھلے وعدے کرنے کیجئے ، اسٹانڈ اپ انڈیا، میک ان انڈیا لیکن اس ایوان کو ایک تاریخ دے دیجئے جب بازار میں دام کم ہوجائیں گے ۔ کانگریس قائد نے وزیر اعظم پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے یاد دہانی کرائی کہ مودی نے2014کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے بے شمار وعدے کیے تھے اور قیمتوں میں کمی لانے کا تیقن دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے اس وقت بڑی اچھی تقریر کی تھی لیکن اب جب کہ آپ وزیر اعظم ہیں ہم آپ سے ایک ہی سوال پوچھنا چاہتے ہیں کہ آخر قیمتیں کم کیوں نہیں ہورہی ہیں ۔ راہول گاندھی نے دعویٰ کیا کہ2014ء کی قیمتوں کے مقابل بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں سو فیصد سے لے کر300فیصد تک کا اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بازار ی قیمت اور اقل ترین امدادی قیمت کے درمیان بہت بڑ افرق ہے ۔ کانگریس زیر قیادت یو پی اے کے دور حکومت میں ایسا کبھی نہیں دیکھا گیا ۔ وزیر اعظم کو اتر پردیش میں2014میں کی گئی انتخابی تقریر کی یادہانی کراتے ہوئے جب مودی نے کہا تھا کہ وہ ملک کے وزیر اعظم نہیں بلکہ چوکیدار بننا چاہتے ہیں ، راہول گاندھی نے کہا کہ اب غریبوں کے مفادات کے تحفظ کا کام کانگریس پر چھوڑ دیاجانا چاہئے ۔ راہول گاندھی نے اس بات پر اظہار تاسف کیا کہ آج مودی کی چوکیداری میں دالوں کی بھاری مقدار لوٹی جارہی ہے ۔ انہوں نے بی جے پی ارکان کے شدید احتجاج کے دوران کہا کہ اب آپ وزیر اعظم ہیں اور آپ ایک بڑے آدمی بن چکے ہیں تو اب آپ کو چوکیداری کیوں کرنی چاہئے ۔ یہ کام ہم پر چھوڑ دیں اور آج ہی کانگریس کو سونپ دیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں