پی ٹی آئی
بی جے پی رکن پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی نے وزیر فینانس ارون جیٹلی پر اب تک شدید ترین حملہ کرتے ہوئے صبروتحمل اور ڈسپلن کا مظاہرہ کرنے کے مشورہ پر خونریزی کا انتباہ دیا ۔ سوامی نے ایک ٹویٹ کے ذریعہ کہا کہ لوگ مجھے غیر ضروری طور پر ڈسپلن اور صبر و تحمل کا مشورہ دے رہے ہیں ، وہ نہیں جانتے کہ اگر میں نے ڈسپلن چھوڑ دیا تو خونریزی ہوجائے گی۔ انہوں نے اگرچہ جیٹلی کا نام نہیں لیا لیکن غالباً اشارہ وزیر فینانس کی طرف ہے جنہوںنے چند دن قبل معاشی مشیر اعلیٰ اروند سبرامنین پر تنقید کے پیش نظر سوامی سے ڈسپلن کی اپیل کی تی ۔ سوامی نے ایک اور ٹویٹ کے ذریعہ جیٹلی کا مضحکہ اڑاتے ہوئے بی جے پی کو مشورہ دیا کہ وہ وزراء سے بیرونی دوروں کے موقع پر روایتی اور جدید ہندوستانی لباس پہننے کے لئے کہے کیونکہ کوٹ اور ٹائی میں وہ ویٹرس دکھائی دیتے ہیں ۔ سوامی وزارت فینانس کے عہدیداروں پر حملوں اور جیٹلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے گزشتہ دو تین دن سے ٹوئٹر پر سرگرم ہیں تاہم آج انہوں نے جس قسم کی زبان استعمال کی اس سے بی جے پی اور اس کی قیادت بتایاجاتا ہے کہ مایوس ہوگئی ہے ۔ پارٹی ذرائع نے کہا کہ پارٹی اور قیادت کو اس پر تشویش ہے تاہم انہوں نے کہا کہ رکن راجیہ سبھا کے خلاف فوری طور پر کاروائی کا کوئی امکان نہیں ہے ۔بی جے پی رکن پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی کے خونریزی والے ریمارک کو ا پوزیشن نے حکومت اور پارٹی میں داخلی خلفشار کا نتیجہ قرار دیا ہے ۔ جنتادل یو لیڈر پون ورما نے کہا کہ سوامی کو وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر امیت شاہ نے راجیہ سبھا بھیجا چنانچہ وہ جو کچھ کہتے ہیں اس کی اہمیت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی اور حکومت میں داخلی طور پر زبردست لڑائی چل رہی ہے عوام اس بارے میں سوال اٹھارہے ہیں اور جاننا چاہتے ہیں کہ آیا سوامی پر قابو پایاجائے گا۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پرتھوی راج چوہان نے کہا کہ سوامی وزیر فینانس بننے کے خواہاں ہیں اور ارون جیٹلی کے خلاف ان کی تنقیدوں کو کھلی جنگ سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی سوامی پر کنٹرول کی اہلیت نہیں رکھتے یا پھر وہ سوامی کسی کے اشارے پر کام کررہے ہیں ۔ یہ ایک طرح سے کھلی جنگ ہے ۔
‘If I disregard discipline, there will be bloodbath: Swamy threatens Finance Ministry
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں