وزیر اعظم کی پانچ ممالک کے دورہ کے بعد وطن واپسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-06-11

وزیر اعظم کی پانچ ممالک کے دورہ کے بعد وطن واپسی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی افغانستان ، قطر، سوئٹزر لینڈ، امریکہ اور میکسیکو کے کامیاب دورہ کر کے آج وطن واپس آگئے۔ مودی نے اپنے دورہ کے دوران جہاں امریکی صدر بارک اوباما سے ملاقات کی اور واشنگٹن میں امریکی پارلیمنٹ کے مشترکہ ایوان سے خطاب کیا وہیں ان ممالک کے ساتھ کالا دھن ، توانائی، سیکوریٹی سمیت کئی اہم معاہدہ کئے ۔ اس دورہ سے سوئٹزر لینڈ ، امریکہ اور میکسیکو کی جانب سے ہندوستان کو نیو کلیر سپلائر گروپ( این ایس جی) کی دعویداری میں حمایت حاصل کرنے میں کامیابی ملی ہے ۔ اس کے علاوہ میزائل عدم پھیلاؤ گروپ میزائل ٹکنالوجی کنٹرول نظام(ایم ٹی سی آر) میں شامل ہونے پر امریکہ نے ہر جھنڈی دکھادی ہے ۔ مودی اپنے اس دورہ کے دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے بین الاقوامی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ انہوں نے پٹھان کوٹ اور ممبئی حملے کو قصوروار کو سزا دلانے کے لئے بھی بین الاقوامی سطح پر اٹھایا اور پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف دوہری پالیسی کے لئے کٹہرے میں کھڑا کیا۔ ان کا دورہ کاروبار اور سرمایہ کاری کے محاذ پر بھی اہم رہا۔ اس دوران کئی کمپنیوں کو میک ان انڈیا پروگرام میں شامل ہونے کے لئے راضی کیا۔ دورہ کے پہلے پڑاؤ میں مودی نے افغانستان کے ہیرات صوبہ میں ہندوستان ، افغان دوستی تعاون پروگرام کے تحت تعمیر سلمیٰ ڈیم کا افتتاح کیا۔ مودی نے افغانستان کے بعد دوحہ کے دارالحکومت قطر گئے جہاں قطر کے امیر شیخ تمیم حماد الثانی کے ساتھ باہمی مفادات سے وابستہ دو طرفہ علاقائی اور کثیر جہتی مسائل پر بات چیت ہوئی ۔ اس کے بعد وزیر اعظم سوئٹزرلینڈ گئے اور اس کے بعد امریکہ گئے جہاں صدر بارک اوباما کے ساتھ دو طرفہ بات چیت ہوئی اور امریکہ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔ اوباما کے ساتھ مودی کے مذاکرات کے بعد ہندوستان کا میزائل ٹکنالوجی کنٹرول نظام میں بھی شامل ہونا یقینی ہوگیا ہے ۔ دونوں گروپوں میں شامل ہونے سے ہندوستان کو نیو کلیر تحقیق اور ٹکنالوجی کے میدان میں تبادلہ کا زیادہ موقع مل سکے گا۔ وزیر اعظم اپنے دورہ کے آخری پڑاؤ میں میکسیکو پہنچے تھے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں