نئی توانائی کے ساتھ کام کرنے کا عزم - وزیر اعلیٰ ٹاملناڈو جیہ للیتا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-05-20

نئی توانائی کے ساتھ کام کرنے کا عزم - وزیر اعلیٰ ٹاملناڈو جیہ للیتا

چینائی
پی ٹی آئی
ٹاملناڈو اسمبلی انتخابات میں125نشستیں حاصل کرتے ہوئے واضح اکثریت حاصل کرنے پر آل انڈیا انا ڈی ایم کے (اے آئی اے ڈی ایم کے) کی سربراہ و چیف منسٹر ٹاملناڈو جیہ للیتا نے آج کہا کہ ان کی پارٹی نے کسی اتحاد کے بغیر ہی تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے اے آئی اے ڈی ایم پر اعتماد برقرار رکھنے رپ عوام کا شکریہ ادا کیا ۔ انتخابی فتح کے بعد عوام بشمول اعلیٰ عہدیداروں کی مسلسل آمد کے دوران اپنی رہائش گاہ، پوائس گارڈن پر فتح کے بعد خطاب کرتے ہوئے جیہ للیتا نے ان کی پارٹی کو منتخب کرنے پر رائے دہندوں کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ نئی توانائی کے ساتھ ٹاملناڈو کی عوام کی بہبود کے لئے کام کریں گی ۔ جیہ للیتا نے کہا کہ ٹاملناڈو کے عوام کی جانب سے دی گئی اس فتح میں مجھ میں توانائی آئی ہے۔ پوائس گارڈن میں سینکڑوں پارٹی کارکنوں کی آمد پر فتح کی خوشی سے سر شار جیہ للیتا نے کہا کہ اس تاریخی فتح پر میں اور میری جماعت ٹاملناڈو کے عوام کے احسان مند ہیں ۔ چیف منسٹر ٹاملناڈو نے کہا کہ1984ء کے تناظر میں یہ کامیابی حقیقی معنوں میں تاریخی ہے ، یہ پہلی مرتبہ ہے کہ حکمراں جماعت نے دوبارہ کامیابی حاصل کرتے ہوئے دوبارہ حکومت قائم ہورہی ہے ۔ جیہ للیتا نے کہا کہ یہ حسن اتفاق ہے کہ اے آئی اے ڈی ایم کے نے جیہ للیتا کی قیادت میں اسی طرح کی کامیابی حاصل کی جس طرح جیہ للیتا کے سرپرست و پارٹی کے بانی ایم جی رامچندرن نے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس لئے ہم ٹاملناڈو کے عوام کے احسان مند ہیں کہ انہوں نے ہمیں دوبارہ کامیابی فراہم کی ۔ اداکارہ سے سیاست داں بننے والی68سالہ جیہ للیتا نے کہا کہ سوائے ٹاملناڈو کے عوام کی خدمت کرنے کے مجھے اپنی زندگی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ عوام کی جانب سے مجھ پر اعتماد کرنے پر میرے پاس ان کے شکریہ ادا کرنے کے لئے کوئی الفاظ نہیں ہے۔ اس لئے میرا منشا ہے کہ دوبارہ حکومت قائم کرنے کے بعد عوام سے انتخابی منشور میں کئے گئے تمام وعدوں پر عمل آوری کی جائے گی ۔ کئی وعدوں کے ساتھ ساتھ جیہ للیتا نے اپنے انتخابی وعدوں میں کہا ہے کہ وہ ریاست میں مرحلہ وار طریقہ سے شراب پر پابندی عائد کریں گے۔ دیگر وعدوں میں100یونٹس تک مفت برقی سربراہی ، خواتین کو اسکوٹر ، مو پیڈ کی خریدی کے لئے سبسیڈی اور مفت موبائل فون فراہم کئے جائیں گے ۔ اپنی شناختی سبز ساڑی میں ملبوس جیہ للیتا نے کہا کہ ایک ایسے وقت جب کہ دس پارٹیاں ان کی مخالف تھیں اور ان کی جماعت نے کسی کے ساتھ بڑا اتحاد قائم نہیں کیا تھا لیکن میں نے صڑف خدا پر بھروسہ کرتے ہوئے عوام سے اتحاد کیا تھا اور عوام نے مجھے نیچا نہیں دکھایا۔ اے آئی ڈی ایم کے کی سربراہ نے پارٹی کو کامیابی سے ہمکنار کرنے پر کارکنوں کا شکریہ ادا کیا اور حلیفوں کو بھی مبارکباد پیش کی ۔ پارٹی کارکنوں کے علاوہ ریاست کے سینئر آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں نے چیف منسٹر کو مبارکباد دیتے ہوئے گلدستے پیش کئے ۔

Victorious Jayalalithaa hails people’s faith in AIADMK

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں