وجئے مالیا کا استعفیٰ مسترد - راجیہ سبھا سے اخراج یقینی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-05-04

وجئے مالیا کا استعفیٰ مسترد - راجیہ سبھا سے اخراج یقینی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
شراب کے بڑے تاجر وجئے مالیا کا راجیہ سبھا سے اخراج یقینی ہے کیونکہ صدر نشین حامد انصاری نے آج قواعد و ضوابط کی بنیاد پر اور اخلاقیات کمیٹی کی جانب سے ان کے استعفیٰ کو مسترد کردیا ہے ۔ حامد انصاری نے وجئے مالیا کے استعفیٰ کو قبول نہیں کیا ہے ۔ سکریٹری جنرل راجیہ سبھا نے مالیا کو مکتوب تحریر رتے ہوئے کہا کہ ان کے استعفیٰ کا مکتوب مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق نہیں ہے اور اس پر اصلی دستخط نہیں ہیں۔ راجیہ سبھا کے قاعدہ213کے مطابق استعفیٰ رضا کارانہ اور حقیقی ہونا چاہئے ۔ حامد انصاری کے آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی گردیپ سنگھ سپل نے سکریٹری جنرل کے مکتوب کا حوالہ دیتے ہوئے ٹوئٹ میں یہ بات بتائی۔ برطانیہ میں اپنی قیام گاہ سے مالیا نے حامد انصاری کو استعفیٰ کی اسکیان کاپی بھیجی تھی ۔ انہوں نے اخراج سے گریز کی کوشش میں یہ کہتے ہوئے یہ اقدام کیا کہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کے نام اور وقار کو کیچڑ میں مزید گھسیٹا جائے ۔ راجیہ سبھا سکریٹریٹ کے ذرائع نے بتایا کہ مالیا کے دستخط کو اسکیان کیا گیا تھا اور اس سے قواعد کی تکمیل نہیں ہوتی ۔ کرن سنگھ کی زیر صدارت ایوان بالا کی اخلاقیات کمیٹی کی آج میٹنگ ہوئی ۔ اس نے بھی استعفیٰ کو مسترد کرتے ہوئے غلط قواعد و ضوابط کی نشاندہی کی ۔ کمیٹی کے ارکان نے قرض عدم ادائیگی کے بارے میں ان کے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی کل راجیہ سبھا میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔ ایوان میں ایک تحریک پیش کی جاتی ہے اور کسی رکن پارلیمنٹ کی رکنیت کو ختم کرنے کے لئے اسے منظور کیا جاتا ہے ۔ راجیہ سبھا میں مالیا کی یہ دوسری میعاد تھی اور یہ یکم جولائی کو ختم ہونے والی تھی ۔ میٹنگ کے بعد کمیٹی کے صدر نشین کرن سنگھ نے یہ کہتے ہوئے تفصیلات کا انکشاف کرنے سے انکار کردیا کہ کمیٹی کے صدر کی حیثیت سے میٹنگ میں کئے گئے فیصلہ کا اعلان کرنا ان کے لئے مناسب نہ ہوگا۔ مالیا نے کل اخلاقیات کمیٹی کی میٹنگ سے ایک دن قبل حامد انصاری کو اپنا استعفیٰ فیکس کیا تھا۔ کرن سنگھ پر جب دباؤ ڈالا گیا تو انہوں نے کہا کہ آج میٹنگ میں کیا گیا فیصلہ متفقہ تھا ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ آیا اس معاملہ میں کمیٹی نے کوئی گنجائش رکھی ہے جب کہ مالیا نے پہلے استعفیٰ دے دیا ہے۔ سنگھ نے کہا کہ یقینی طور پر گنجائش ہے ، وہ استعفیٰ کی قبولیت تک ہنوز ایوان کے رکن ہیں ۔ قواعدکے مطابق ایک رکن جو راجیہ سبھا کی اپنی نشست سے مستعفیٰ ہونے کا ارادہ رکھتا ہے اسے اپنے ہاتھ سے صدر نشین کو تحریری طور پر اپنی نشست سے مستعفیٰ ہونے کی اطلاع دینا ہوتا ہے ۔ اگر ایک رکن شخصی طور پر صدر نشین کو مکتوب حوالہ کرتا ہے اور انہیں مطلع کرتا ہے کہ یہ استعفیٰ رضا کارانہ اور حقیقی ہے اور صدر نشین کو کوئی معلومات نہیں ہے یا اس کے برعکس کوئی علم نہیں ہے تو صدر نشین فوری طور پر استعفیٰ قبول کرسکتے ہیں ۔ اگر صدر نشین کو مکتوب استعفیٰ بذریعہ ڈاک یا کسی دوسرے شخص سے موصول ہوتا ہے تو صدر نشین اس بابت اپنے اطمینان کے لئے انکوائری کرسکتے ہیں کہ استعفیٰ رضاکارانہ اور حقیقی ہے ۔ ایک رکن اپنا مکتوب استعفیٰ صدر نشین کی جانب سے قبولیت سے قبل کسی بھی وقت واپس لے سکتا ہے ۔

Vijay Mallya's Resignation Rejected, Allowing Parliament To Expel Him

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں