کناڈا وزیر اعظم کی 1914ء کے پنجابی نسلی سانحہ پر معذرت خواہی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-05-20

کناڈا وزیر اعظم کی 1914ء کے پنجابی نسلی سانحہ پر معذرت خواہی

ٹورنٹو
یو این آئی
کناڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈیو نے آج پارلیمنٹ میں1914ء میں پیش آئے سانحہ پر معافی مانگی جسمیں376پنجابی مسافروں کو لے کر کناڈا کی بندرگاہ پر پہنچے سمندری جہاز کو نسلی امتیاز کی وجہ سے واپس بھیج دیا گیا تھا ۔ وزیر اعظم ٹروڈیو نے پارلیمنٹ میں دس منٹ تک اس معاملہ پر خطاب کیا ۔ انہوں نے تمام پنجابی خاندانوں سے معافی مانگی جو اس واقعہ میں ہلاک ہوئے تھے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کناڈا کی حکومت102سال پہلے ہوئے کاما گاٹا مارو حادثہ کی مذمت کرتی ہے ۔ ٹروڈیو نے گزشتہ سال انتخابی مہم کے دوران بھی کاما گاٹا مارو واقعہ پر سکھ برادری سے معافی مانگی تھی ۔ ان کی معافی کے بعد پارلیمنٹ تالیوں سے گونج اٹھااور پارلیمنٹ میں جو بولے سو نیہال کے نعرے لگے ۔ کناڈا کے وزیر اعظم کی معافی مانگنے کے بعد اپوزیشن لیڈرس نے بھی102سال پہلے کے سانحہ پر معافی مانگی۔ سابق میں سابق وزیر اعظم اسٹیفن ہار پر نے بھی2008میں برٹش کولمبیا میں ہوئے ایک پروگرام کے دوران معافی مانگی تھی لیکن سکھ کمیونٹی کے ارکان نے کہا تھا کہ معافی مانگنا ہے تو کناڈا کی پارلیمنٹ میں مانگنا ہوگا ۔ ہندوستان میں انگریزوں کے دور حکومت کے دوران ہندوستانیوں کے لئے کناڈا کی سرحدیں کھولی گئی تھیں۔ اسی کے پیش نظر امرتسر کے سرہالی گاؤں سے بابا گردت سنگھ کی قیادت میں376 پنجابی120دنوں کا سفر کر کے شنگھائی کے راستے کناڈا پہنچے تھے لیکن کناڈا کی حکومت نے ایک قانون پاس کر کے ایشیائی افراد کے کناڈا میں داخلے پر روک لگایا دیا تھا ۔ کاما گاٹا مارو کو بھی وینکوور کے بندرگاہ کے قریب سمندر میں ہی روک دیا گیا تھا ۔ پناہ گزین پنجابیوں نے کناڈا کی سر زمین پر داخلہ حاصل کرنے کی اجازت دینے کے لئے اپنی طرف سے پوری کوشش کی تھی لیکن حکومت نے صرف بیس مسافروں کو ہی داخلہ کی اجازت دی اور باقی کو کولکتہ( اس وقت کلکتہ) بھیج دیا گیا جس میں19ہلاک ہوگئے تھے۔

Justin Trudeau apologizes in House for 1914 Komagata Maru incident

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں