F-16 طیاروں کی عدم سربراہی پاکستان سے ناانصافی - پاکستانی وزیر دفاع آصف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-05-18

F-16 طیاروں کی عدم سربراہی پاکستان سے ناانصافی - پاکستانی وزیر دفاع آصف

اسلام آباد
یو این آئی
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اگر امریکہ کے ساتھ F-16 معاملات نہ ہو تو اسلام آباد اپنی دفاعی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لئے دیگر راستوں کو تلاش کرے گا ۔ کل دو روزہ بین الاقوامی کانفرن سے خطاب کے بعد اخباری نمائندوں سے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک آزاد اور مقتدر ملک ہے اور وہ دنیا کے دیگر مناسب مارکٹس سے دفاع سے متعلق اشیاء حاصل کرسکتا ہے ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں نشیب و فراز ایک عمومی مسئلہ نہیں ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجموعی طور پر باہمی تعلقات اچھے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے دیگر ممالک کو طیارے فراہم کئے تھے اور پاکستان کو سربراہی روک کر اس کے ساتھ نا انصافی کی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جاریہ لڑائی میں پاکستان ے لئے F-16 طیاروں کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ افغانستان کو کئی مسائل بشمول افیون کی پیداوار میں اضافہ کا سامنا ہے ۔ افیون کی پیداوار میں اضافہ سے شورش پسندوں کو مالیہ کی فراہمی میں مدد ملتی ہے ۔ آصف نے پرزور لفظوں میں کہا جہاں تک ہماری ذمہ داری ہے پاکستان ، طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لئے سنجیدہ کوشش کررہا ہے اور چار ملکی افغان امن مذاکرات کو تعاون فراہم کررہا ہے لیکن بالآخر یہ ذمہ داری افغان حکومت کی ہوگی اور وہ امن مساعی کی قیادت کرے ۔ اسے لازما افغانستان کا اپنا معاملہ ہونا چاہئے اور افغانستان کو ہی قیادت کرنی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس خصوص میں جنگ زدہ ملک میں پائیدار امن کے حصول کے لئے افغان حکومت سے تعاون کیاجارہا ہے ۔ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایسے وقت جب دنیا ہندوستان کو روایتی ہتھیاروں سے آراستہ کررہی ہے پاکستان کو طیاروں کی فروخت روکنا زیادتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو F-16 طیاروں کی فروخت کو روک کر امریکہ پاکستان کی طرف سے انسداد دہشت گردی کے لیے کی جانے والی کوشش کو تسلیم کرنے سے انکار کررہا ہے۔

If US cancels F-16 deal, Pak has other options: Defence minister

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں