ممتا بنرجی نے اقتدار ملنے کے بعد تمام وعدے فراموش کر دئیے - راہول گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-04-19

ممتا بنرجی نے اقتدار ملنے کے بعد تمام وعدے فراموش کر دئیے - راہول گاندھی

رگھو ناتھ گنج، مغربی بنگال
پی ٹی آئی
کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج ترنمول کانگریس سربراہ ممتا بنرجی کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر بننے کے بعد انہوں نے اپنے وعدے پورے نہیں کیے ، جس کے نتیجہ میں کانگریس کو اسمبلی انتخابات میں ان کے خلاف مقابلہ کرنا پڑ رہا ہے ۔ انہوںنے یہاں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانچ سال قبل کانگریس نے ترنمول کانگریس کی تائید کی تھی کیونکہ ممتا بنرجی نے پریورتن(تبدیلی) لانے کا وعدہ کیا تھا، ترقی دلانے ، نوجوانوں کو ملازمت فراہم کرنے اور نظم و ضبط کی صورتحال کو بہتر بنانے کا تیقن دیا تھا لیکن چیف منسٹر بننے کے ایک دن بعد ممتا بنرجی بدل گئیں اور کانگریس و ریاستی عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو فراموش کردیا۔ ممتا بنرجی نے فیکٹریاں قائم کرنے اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، جو دیگر ریاستوں کو منتقل ہورہے ہیں ، لیکن کوئی فیکٹریاں قائم نہیں کی گئیں ، اسی لئے ہم نے ان کی تائید نہیں کی ۔ ہم ان کے خلاف مقابلہ کررہے ہیں۔ راہول نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے میک ان انڈیا کا نعرہ دیا تھا اور کہا تھا کہ نوجوانوں کو روزگار ملے گا ۔ عوام نے انہیں ووٹ دیا ، لیکن نوجوانوں کو کوئی ملازمت نہیں ملی ۔ ممتا جی نے بھی 70لاکھ افراد کو ملازمت دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن کچھ نہیں کیا گیا۔ راہول نے ہجوم سے سوال کیا کہ کیا کسی بھی شخص کو ملازمت ملی ہے؟ راہول گاندھی نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ مودی اور ممتا دونوں نے کسانوں کے لئے کچھ نہیں کیا ۔ کانگریس، بائیں بازو اتحاد کا حوالہ دیتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا انتخابات کے بعد جب ہماری اتحادی حکومت بر سر اقتدار آئے گی تو وہ کرپشن اور شاردا اسکام میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے گی ۔ وہ عوام کو ملازمتیں فراہم کرے گی اور بیٹری ورکرس کی مدد کرے گی۔ چیف منسٹر بننے کے بعد ممتا بنرجی نے وعدے پورے نہیں کئے ۔
بھوپال
یو این آئی
مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی نے آج مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی کو یہ کہتے ہوئے نشانہ تنقید بنایا کہ وہ یہاں کیندر یہ ودیالیہ میں بچے کے داخلہ کے مسئلہ پر کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کی توہین کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان اعلیٰ کے کے مشرا نے یہاں میڈیا کو بتایا کہ حیدرآباد میں دلت طالب علم روہت ویمولہ کی خود کشی کے کیس میں سمرتی ایرانی کی توہین اور امیٹھی میں شکست کے بعد وہ راہول گاندھی کو نیچا دکھانے کی کوشش کررہی ہیں ۔ کانگریس، سمرتی ایرانی کے خلاف فوجداری کیس دائر کرنے اپنے قانونی ماہرین سے مشاورت کررہی ہے ۔2013ء میں یہاں راہول گاندھی کے دورہ کے دوران کوشل شاکیا نامی اخبار فروخت کرنے والا ہاکر ایک بچہ ان کی گاڑی کے قریب آیا جس کے بعد راہول گاندھی نے ریاستی کانگریس سے کہا کہ وہ اس بچے کی پڑھائی کا انتظام کرے ۔ اطلاعات کے مطابق مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی نے اس لڑکے کو یہاں کیندریہ ودیالیہ میں شریک کرنے کے انتظامات کیے اور ساتھ ہی ساتھ اس کے والد کو کانگریس کے ایک لیڈر کے کالج میں چپراسی کی نوکری بھی فراہم کی ، لیکن کانگریس کی مبینہ علیحدگی کی وجہ سے یہ لڑکا اپنی تعلیم جاری نہ رکھ سکا ۔ سمرتی ایرانی کو اس واقعہ کے بارے میں پتہ چلا اور انہوں نے اس لڑکے کے دوبارہ داخلہ کے لئے حال ہی میں اسکول کو ایک مکتوب روانہ کیا ۔ مشرا نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت کے ریاستی کانگریس صدر کانتی لال بھوریا نے لڑکے کی تعلیم کو یقینی بنایا اور اس کے والد دولی چند شاکیا کو کانگریس لیڈر سید ساجد علی کے کالج میں ملازمت فراہم کی۔ مشرا نے ایک تحریری دستاویز کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ دولی چند نے کالج میں کام جاری رکھنے سے معذوری ظاہر کی ، کیوں کہ وہ دیگر ذرائع سے زیادہ کماتا ہے ۔ اس نے خواہش کی کہ یہ ملازمت اس کے لڑکے جگل کو دے دی جائے ۔ جو ہنوز کالج میں کام کررہے ہے۔ کانگریس نے جو رقم کوشل کے لئے مختص کی تھی وہ جگل کی تنخواہ میں شامل کی جارہی ہے ۔ مشرا نے مزید دعویٰ کیا کہ لڑکے کے والد نے کانگریس کو بتایا کہ لڑکے کو اسکول جانے سے روکا گیا کیونکہ اسکول اس کے گھر سے دور تھا اور پارٹی کو رقم ادا کرنی چاہئے تاکہ وہ خود اپنے بل بوتے پر بچے کی پڑھائی کا انتظام کرسکے۔ یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ سمرتی ایرانی جنہوں نے ٹی وی سرئیلس میں کام کیا ہے، دوہرے معیارات اختیار کررہی ہیں، کانگریس قائد نے کہا کہ انہیں اپنے رویے کے لئے بر سر عام معذرت خواہی کرنی چاہئے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں