اسلام کی تعلیمات امن و بھائی چارگی پر مبنی - مہاراشٹرا وزیر اعلیٰ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-04-12

اسلام کی تعلیمات امن و بھائی چارگی پر مبنی - مہاراشٹرا وزیر اعلیٰ

ممبئی
ایجنسیاں
مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ دیویندر پھڈ نویس نے گزشتہ شب یہاں کہا کہ اسلام کی تعلیمات امن ، اتحاد و بھائی چارگی کا درس دیتی ہیں اور ایک سچا مسلمان کبھی تشدد کا راستہ اختیار نہیں کرسکتا ۔ وزیر اعلیٰ مسلمانوں کے ایک تجارتی طبقہ میمن برادری کے ایک سالانہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس کے دوران شرکاء نے دنیا میں امن اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کرنے کا عہد لیا اور تمام میمن برادریوں کو ایک متحدہونے کی اپیل کی ۔ تقریب میں دہشت گردی کی مذمت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی سمیت کئی اہم قرار دادیں بھی منظور کی گئیں اور یہ عہد کیا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف ان کی مہم کو موثربنایاجائے گا۔اس اجلاس میں مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ دیویندر پھڈ نویس نے مزید کہا کہ اس ملک اور ریاست کی ترقی کے لئے مسلمانوں کی اور میمن برادری کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کے مطابق ایک مسلمان اللہ کی رضا اور خوشنودی کے لئے بہتر کام کرتا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ سرکار کے سب کا ساتھ سب کا وکاس ، کے تحت ان کی حکومت ہر کسی کی ترقی اور فلاح و بہبود کی اسکیموں پر عمل کرے گی تاکہ سبھی کو ان کے حقوق مل سکیں ۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ میمن برادری کے مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ اس موقع پر راجیہ سبھا کے سینئر رکن ایڈوکیٹ مجید میمن نے کہا کہ ملک اور ریاست مہاراشٹرا کی ترقی و فروغ مین میمن برادری نے اہم خدمات انجام دی ہیں ۔ مستقبل میں بھی اس فرقے کے ذریعے قوم و ملت کی ترقی کے لئے مختلف منصوبوں پر عمل کیاجائے گا۔ مسٹر مجید میمن نے مزید کہا کہ مہاراشٹر میں قحط سالی اور پانی کی قلت کے سلسلے میں حکومت کے اقدامات کی ہر ممکن حمایت کا وعدہ آل انڈیا میمن جماعت فیڈریشن(اے آئی ایم جے ایف) نے کیا اور مراٹھواڑہ اور ممبئی، تھانے، پنے اور دیگر شہروں میں پانی کی شدید قلت ہے ، اس لئے فیڈریشن کے ذریعے ٹیوب ویل کی کھدائی کرائی جارہی ہے۔ میمن فیڈریشن کے صدر اقبال میمن نے کہا کہ میمن برادری کے لوگ یو اے ای، سعودی عرب ، جنوبی ایشیاء ، جنوبی افریقہ، برطانیہ، اور کینیڈا سمیت دنیا بھر میں موجود ہیں۔ پڑوسی ممالک کے ساتھ ساتھ ہندوستان میں گجرات میں بڑی تعداد میں ہیں ۔ ملک کے شہری علاقوں میں تجارت کرتے ہیں اور ان کے متعدد فلاحی ادارے ہیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں