سری نگر این آئی ٹی میں کشیدگی برقرار - مرکزی ٹیم کا دورہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-04-07

سری نگر این آئی ٹی میں کشیدگی برقرار - مرکزی ٹیم کا دورہ

سر ی نگر
پی ٹی آئی
این آئی ٹی میں آج کشیدگی برقرار رہی ۔ بیرونی طلباء نے آج چند مطالبات رکھے ہیں ان میں انسٹی ٹیوٹ کو کشمیر سے منتقل کرنا اور کل لاٹھی چارج کرنے والے پولیس جوانوں کے خلاف کارروائی شامل ہیں۔ اسی دوران وزارت فروغ انسانی وسائل کی ٹیم دہلی سے یہاں پہ نچ گئی تاکہ گزشتہ چھ دنوں سے جاری بحران کو حل کیاجاسکے۔ باوقار انجینئرنگ انسٹی ٹیوٹ کے واقعات نے سیاسی رخ بھی اختیار کرلیا۔ ریاستی حکومت نے تیقن دیا کہ دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے طلباء کی سلامتی کو کیمپس میں یقینی بنایاجائے گا جہاں سلامتی کا احساس پیدا کرنے کے لئے سی آر پی ایف کو تعینات کیا گیا ہے ۔ کیمپس میں غیر مقامی احتجاج کرنے والے طلباء پر مقامی پولیس کی لاٹھی چارج کے بعد وزارت نے تین رکنی ٹیم کو آج صبح روانہ کیا۔ اس ٹیم نے دیگر ریاستوں کے طلباء سے بات چیت کی جنہوں نے کیمپس میں عدم سلامتی کے احساس کا اظہار کیا ۔ طلباء نے ٹیم کو بتایا کہ ہمارا مطالبہ این آئی ٹی کو یہاں سے منتقل کرنا ہے ، ہم پہلے گھر جانا چاہتے ہیں اور جہاں منتقل کریں، ہم جائیں گے ۔ طلباء نے کہا کہ پولیس نے گزشتہ جمعہ کو جھڑپ کے دوران ان سے قومی پرچم چھین لیا چنانچہ یہ پرچم واپس کیاجائے ۔ یہ طلباء جو این آئی ٹی کیمپس کے ہال میں جمع ہوئے تھے پولیس جوانوں بشمول ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جنہوں نے کل ان پر لاٹھی چارج کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ این آئی ٹی کے چند ارکان کو بھی مستعفیٰ ہونا چاہئے ۔ تاکہ وہ کسی طالب علم کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ نہ کرسکیں ۔ ہم کسی کا نام نہیں لینا چاہتے لیکن تحریر میں ایک فہرست دیں گے انہیں مستعفیٰ ہونا چاہئے ۔ انہوں نے وزارت کو کیمپس میں میڈیا کے داخلہ کی اجازت دینے کی ہدایت دینے پر زور دیا تاکہ وہ طلبا کے ساتھ بات چیت کرسکیں ۔ سورت میں مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی نے کہا کہ انہوں نے چیف منسٹر جموں و کشمیر محبوبہ مفتی سے بات کی ہے جنہوں نے تمام طلباء کی سلامتی کو یقینی بنانے کا تیقن دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرے عہدیدار، احتجاجی طلباء اور ان کے ارکان خاندان کے ساتھ ربط قائم کئے ہوئے ہیں ۔ ایک یادو طالب علموں نے کہا کہ وہ گھر جانا چاہتے ہں جس کے لئے ان کی وزارت انتظامات کررہی ہے ۔ وزارت کے عہدیدار کیمپس میں موجود ہیں ۔ جنہوں نے تقریبا800طلباء سے بات کی ہے ۔ طلباء نے اندیشہ ظاہر کیا کہ ایجی نیشن کے باعث جلد منعقد ہونے والے امتحانات میں ان کی تعلیمی کارکردگی پر اثر پڑے گا جس پر مرکزی وزیر نے کہا کہ ٹیم امتحانات تک این آئی ٹی سری نگر میں قیام پذیر رہے گی ۔ یہ امتحانات11اپریل سے شروع ہونے والے ہیں ۔ ایرانی نے کہا کہ میں صرف ایک بات کہنا چاہتی ہوں کہ چیف منسٹر جموں و کشمیر نے تیقن دیا ہے کہ کوئی نا انصافی نہیں ہوگی ۔ محبوبہ مفتی نے تیقن دیا ہے کہ این آئی ٹی کیمپس میں جھڑپوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے، اسی دوران وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ جو مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کی انتخابی مہم میں مصروف ہیں انہوں نے کہا کہ میں نے محبوبہ مفتی سے بات کی ہے انہوں نے کہا کہ تمام طلباء محفوظ ہیں اور تحقیقات کریں گی کہ یہ واقعہ کس طرح پیش آیا اور وہ ذمہ داری عائد کریں گی۔

Tension prevails at NIT Srinagar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں