مودی حکومت تمام محاذوں پر ناکام - منموہن سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-04-07

مودی حکومت تمام محاذوں پر ناکام - منموہن سنگھ

گوہاٹی
پی ٹی آئی
سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے آج کہا کہ نریندر مودی حکومت کی پاکستان پالیسی ناکام ہوگئی ہے اور حکومت پر ملک کے عوام سے کئے گئے وعدوں کا احترام کرنے میں بری طرح ناکامی کا الزام عائد کیا۔ منموہن سنگھ نے جنہوں نے دس سال تک راجیہ سبھا کے لئے آسام کی نمائندگی کی تھی یہاں کانگریس کی انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے دہشت گرد نہ صرف جموں و کشمیر میں آزادی سے کارروائیاں انجام دے رہے ہیں بلکہ پنجاب اور دیگر پڑوسی ریاستوں میں بھی سر گرم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی محاز پر گزشتہ دو برسوں میں شعبہ زراعت میں تعطل پیدا ہوگیا ہے ۔ جس کے نتیجہ میں بڑے پیمانے پر کسان مشکلات کا شکار ہیں ۔ نریندر مودی پر تنقید جاری رکھتے ہوئے منموہن سنگھ نے کہا کہ ان کے بیرونی دوروں کو زبردست کامیابی کے طور پر پیش کیاجاتا ہے لیکن ہر کوئی جانتا ہے کہ اس سے کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا ۔ غیر ملکی بینکوں میں ہندوستانیوں کی جانب سے چھپائے گئے کالے دھن کو واپس لانے کے لوک سبھا انتخابات سے قبل کئے گئے وعدے کا تزکرہ کرتے ہوئے منموہن سنگھ نے کہا کہ تکلیف دہ بات ہے کہ حکومت ملک کے عوام سے کئے گئے وعدہ کا احترام کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خوابوں کے سوداگر ہر وقت یہی کچھ بیچ رہے ہیں اور ان (مودی) کے وعدوں کی فہرست لا متناہی ہے ۔ ان دو برسوں میں انہوں نے جو کچھ حاصل کیا ہے وہ یہ ہے کہ انہوں نے کروڑہا لوگوں کو بینک کھاتے کھولنے پر مجبور کیا لیکن لوگ پوچھ رہے ہیں کہ وہ بینک کھاتے کھول کر کیا کریں گے جب کہ بینک مٰں رکھنے کے لئے ان کے پاس کچھ بھی نہیں ہے ، انہوں نے زور دے کر کہا کہ اب دانستہ طور پر عوام کو بے وقوف بنانے کے لئے غیر اہم مسائل کو نہایت اہمیت کے حامل بتانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ مرکز کی بی جے پی حکومت کے تحت ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ماہ بہ ماہ برآمدات میں گزشتہ پندرہ مہینوں سے انحطاط آرہا ہے ۔ کانگریس کو مضبوط خط اعتماد دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ریاست کی ترقی کو نئی بلندی پر لے جایاجائے گا۔

Modi government failed on all fronts, Manmohan Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں