جنوبی ایشیاء میں طاقتور زلزلہ - پاکستان میں تین افراد ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-04-11

جنوبی ایشیاء میں طاقتور زلزلہ - پاکستان میں تین افراد ہلاک

اسلام آباد
پی ٹی آئی
مقبوضہ کشمیر کے بشمول پاکستان کے کئی حصے آج7.1شدت کے طاقتور زلزے سے دہل گئے جس سے تین افراد ہلاک ہوگئے اور لوگ دہشت کے عالم میں اپنے گھروں سے باہر نکل پڑے۔زلزلے کا مبدا ہندو کش کی پہاڑیوں میں افغانستان اور پاکستان کے سرحدی علاقہ میں پایا گیا ۔ زلزلہ کے جھٹکے 15سے دس سکنڈس تک محسوس کئے گئے ۔ صوبہ خیبر پختونخوا اور پنجاب صوبہ کے علاقہ مقبوضہ کشمیر اور گلگت بلتستان علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ لوگ افرا تفری کے عالم میں اپنے گھروں سے باہر نکل پڑے اور انہیں عوامی مقامات پر عبادتیںکرتے ہوئے دیکھا گیا۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ کم از کم تین افراد ہلاک ہوئے ۔ کابل سے موصولہ خبروں میں کہا گیا کہ جھٹکے ایک منٹ سے زائد وقت تک محسوس کئے گئے ۔ شمال مشرقی افغانستان میں اشک شم کو زلزلہ کا مبدابتایا گیا ہے جو تاجکستان کی سرحد اور پاکستان کے شمال مغربی چترال صوبہ سے قریب واقع ہے ۔ کابل اور اسلام آباد میں جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ گھروں سے باہر نکل پڑے ۔ دونوں ہی دارالحکومتوں میں عمارتیں تقریبا ایک منٹ تک ہلتی رہیں ۔ شمالی اور وسطی پاکستان سے بھی ایسی ہی خبریں ملی ہیں ۔ کابل میں ایک علیحدہ عہدیدار عمر محمدی نے کہا کہ فوری طور پر جانی و مالی نقصانات کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ حکام معلومات اکٹھا کررہے ہیں ۔ دہلی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق6.8شدت کا زلزلہ شمالی ہند اور چنڈی گڑھ اور کشمیر میں بھی محسوس کیا گیا۔ دہلی میں کم ازکم چار تا پانچ منٹ جھٹکے محسوس ہونے کی خبریں ہیں ۔ یہ جھٹکے شام چار بجے محسوس کئے گئے ۔ ماہرین کے مطابق ریختر پیما پر زلزلہ کی شدت7.1ریکارڈ کی گئی ۔ شمالی ہند کا پورا علاقہ بشمول کشمیر لیہہ، ہریانہ، راجستھان، پنجاب، اترا کھنڈ ، ہماچل پردیش زلزلہ سے دہل گیا۔ پنجاب کے پھگواڑہ علاقہ میں ایک کالج ٹیچر انودیپ گورایا نے کہا کہ اتوار کی وجہ سے لوگ گھروں میں آرام کررہے تھے ۔ زلزلہ محسوس ہوتے ہی وہ بے اختیار گھروں سے نکل پڑے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر دہلی منیش سسوڈیا زلزلہ کے وقت سکریٹریٹ میں موجود تھے انہوں نے جھٹکے محسوس کرتے ہوئے ٹوئٹر پیام دیتے ہوئے کہا زلزلہ واقعی خوفزدہ کرنے والا ہے، میں نے دہلی سکریٹریٹ کی چھٹویں منزل پر اپنے دفتر میں پودوں اور فرنیچر کو ہلتا ہو ا دیکھا۔ خدا کرے سب کچھ بخیر ہو۔

Strong earthquake shakes buildings across South Asia

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں