ورنگل اور کھمم میونسپل کارپوریشنو ں پر ٹی آر ایس کا قبضہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-10

ورنگل اور کھمم میونسپل کارپوریشنو ں پر ٹی آر ایس کا قبضہ

حیدرآباد ، ورنگل، کھمم
پی ٹی آئی، منصف نیوز بیورو
ریاست تلنگانہ پر مضبوط گرفت بنائے ہوئی حکمراں جماعت ٹی آر ایس نے آج گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن ، کھمم میونسپل کارپوریشن کے علاوہ نگر پنچایت( بلدیہ) اچم پیٹ( ضلع محبوب نگر) کے انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے بی جے پی اور تلگو دیشم کا صفایا کردیا ہے ۔ حیدرآباد کے بعد تلنگانہ کے دوسرے بڑے شہر ورنگل کی میونسپل کارپوریشن کی58کے منجملہ44نشستوں پر ٹی آر ایس امید وار کامیاب رہے ۔ جب کہ مابقی14نشستوں مین سے8پر آزاد، چار پر کانگریس اور ایک ایک نشست پر بی جے پی اور سی پی آئی ایم کا امیدوار منتخب ہوسکا۔ کھمم میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں بھی ٹی آر ایس نے شاندا ر جیت درج کرائی۔ پچا س رکنی میونسپل کارپوریشن کے34نشستوں سے ٹی آر ایس امید وار کامیاب ہوئے ۔ یہاں، کانگریس ، دس نشستوں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنی عزت بچانے میں کامیاب رہی جب کہ سی پی آئی ، سی پی ایم اور وائی ایس آر سی پی کو دو دو نشستو ں(جملہ6) پر اکتفا کرنا پڑا ۔ وائی ایس آر ایس پی قائد آر سرینواس ریڈی کھم کے ایم پی ہیں ۔ نگر پنچایت اچم پیٹ( ضلع محبوب نگر) کی تمام بیس نشستوں پر ٹی آر ایس نے قبضہ کرلیا ۔ یہاں کسی بھی اپوزیشن جماعت کو کامیابی نہیں ملی۔ حلقہ اسمبلی میدک اور حلقہ پارلیمان ورنگل کے ضمنی انتخابات اور جی ایچ ایم سی کے الیکشن میں کامیابی کے بعد حکمران جماعت ٹی آر ایس تین بلدیات میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑنے میں کامیاب رہی ہے ۔ ورنگل اور کھمم میونسپل کارپوریشنوں کے علاوہ بلدیہ اچم پیٹ کے انتخابات کے نتائج اپوزیشن بی جے پی اور تلگو دیشم کے لئے لمحہ فکرہیں۔ یہ انتخابات ، ان دو جماعتوں کے لئے انتہائی پریشان کن ہیں۔ یہاں بی جے پی، تلگو دیشم کا مکمل صفایا ہوگیا ہے ۔ تلگو دیشم پارٹی جن حالات سے گزر رہی ہے یہ نتائج، اس کے لئے انتہائی پریشان کن ہیں کیونکہ اس پارٹی کے پندرہ کے منجملہ دس ارکان اسمبلی انحراف کرتے ہوئے ٹی آر ایس کا حصہ بن چکے ہیں ۔ تلگو دیشم کے مزید دو ارکان اسمبل، بہت جلد حکمراں جماعت ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے ہیں۔ 2014ء کے عام انتخابات کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ بی جے پی، تلگو دیشم نے علیحدہ طور پر انتخابات لڑے ہیں جب کہ یہ دونوں جماعتیں اے پی اور مرکز میں شریک اقتدار ہین ۔ یو این آئی کے بموجب ریاست تلنگانہ میں بر سر اقتدار ٹی آر ایس نے جہاں اچم پیٹ بلدیہ کے انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے وہیں گریٹر ورنگل اور کھمم میونسپل کارپوریشنوں میں بھی واضح اکثریت حاصل کرلی ہ ۔ ٹی آر ایس کے امید واروں نے اچم پیٹ کے تمام20وارڈز سے کامیابی حاصل کرلی۔ جب کہ اپوزیشن جماعتوں کانگریس، تلگو دیشم ، بی جے پی اور دیگر کو اچم پیٹ میں ایک بھی نشست نہیں ملی ۔ ورنگل میں ٹی آر ایس کو58کے منجملہ44نشستوں پر کامیابی ملی ۔ جب کہ کانگریس کو چار ، اور بی جے پی کو ایک نشست پر اکتفا کرنا پڑا ۔ گریٹر ورنگل اور کھمم میونسپل کارپوریشنوں کے علاوہ اچم پیٹ نگر پنچایت کے انتخابات6مارچ کو منعقد ہوئے تھے ۔ جن کے ووٹوں کی گنتی آج صبح آٹھ بجے سے ہوئی۔ نمائندہ منصف ورنگل کے بموجب گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے نتائج آج جاری کئے گئے۔ تقریبا دو بجے تک تمام58نشستوں کے نتائج جاری کردئیے گئے ۔ پارٹی کی شاندار کامیابی پر حکمراں جماعت کے قائدین اور ورکرس نے جشن منایا اور فتح کی ریالیاں منظم کیں ۔ ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی و نئے بھاسکر اور کونڈا سریکھا نے اس کامیابی کو کے سی آر کی موافق عوام پالیسیوں پر عمل آوری کا سبب بتایا ۔ 58رکن میونسپل کارپوریشن میں ٹی آر ایس کے چار مسلم کارپوریٹر منتخب ہوئے ہیں ۔ کامیاب مسلم امید واروں میں رضوانہ شمیم(وارڈ25، ایس صباحت(وارڈ31)ابوبکر ایڈوکیٹ،وارڈ36۔ اور وارڈ41سے خواجہ سرتاج احمد شامل ہیں ۔ ٹی آر ایس نے پانچ مسلم امید واروں کو ٹکٹ دیا تھا جن میں سے چار منتخب ہوئے ہیں۔نمائندہ منصف کھمم کے بموجب میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے نتائج کا آج اعلان کیا گیا ۔ زرعی مارکیٹ میں آج دونوں کی گنتی ہوگئی ۔ رائے شماری مرکز میں سات ٹیبل لگائے گئے ۔ کھمم کلکٹر ڈی ایس لوکیش کمار، بلدیہ کمشنر وینو گوپال ریڈی اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کی موجودگی میں تقریبا8:30بجے بیالیٹ پوسٹل ووٹس کی سب سے پہلے رائے شماری کی گئی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ30سال سے جاری بلدیہ کھمم پر کمیونسٹوں کا قبضہ آج ختم ہوگیا اور میونسپل کارپوریشن پر ٹی آر ایس قابض ہوگئی۔ تین سال قبل بلدیہ کھمم کو میونسپل کارپوریشن میں تبدیل کیا گیا تھا ۔ ٹی آر ایس کی جانب سے تین مسلم امید واروں کو ٹکٹ دیاگی اتھا جو تمام نے شاندار فتح درج کروائی ۔ 19وارڈ سے شیخ میراں جی، 9وارڈ سے شیخ جان بی اور 29وارڈ سے ٹی آر ایس امید وار محمد شوکت علی نے کامیابی حاصل کی ۔ وارڈ30سے سی پی ایم امید وار افروز ثمینہ نے328ووٹوں کی اکثریت سے ٹی آر ایس امید وار کو لم پرساد پر اپنی جیت درج کروائی ۔ کامیاب امید واروں کا فتح جلوس نکالا گیا۔

TRS Winning Streak Continues in Warangal, Khammam Municipal Corporations

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں