بی جے پی کے ساتھ تشکیل حکومت میں تاخیر ناقابل فہم - عمر عبداللہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-02

بی جے پی کے ساتھ تشکیل حکومت میں تاخیر ناقابل فہم - عمر عبداللہ

سری نگر
یو این آئی
اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہ گورنر این این ووہرا کو جموں و کشمیر اسمبلی تحلیل کرتے ہوئے تازہ انتخابات کا انعقاد عمل میں لانا چاہئے، سابق چیف منسٹر عمر عبداللہ نے آج کہا کہ کوئی بھی یہ نہیں جانتا کہ پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی سربراہ محبوبہ مفتی آخر بی جے پی سے کیا مطالبہ کررہی ہیں ۔ ریاست میں8 جنوری سے صدر راج نافذ ہے ۔ مفتی محمد سعید کا 7جنوری کو نئی دہلی کے ایمس ہاسپٹل میں انتقال ہوا تھا ۔ پی ڈی پی اور بی جے پی اپنے اختلافات کی یکسوئی نہیں کرسکے تھے اور حکومت تشکیل نہیں دے سکے تھے ، حالانکہ دونوں جماعتوں کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے اتحاد ختم نہیں کیا ہے ، جو گزشتہ سال مارچ میں قائم ہوا تھا ۔ نیشنل کانفرنس کے کار گزار صدر عمر عبداللہ نے ٹوئٹر پر کہا کہ7ہفتے گزر چکے ہیں اور ہمیں اب تک یہ نہیں معلوم کہ آخر محبوبہ مفتی بی جے پی سے کیا مطالبہ کررہی ہیں ۔ وہ ایک ٹوئٹر پیام کا جواب دے رہے تھے، جس میں کہا گیا تھا کہ جموں و کشمیر میں تشکیل حکومت پر پی ڈی پی ، بی جے پی کا کسی فیصلہ پر پہنچنے سے قاصر رہنا ہمیشہ برقرار نہیں رہ سکتا۔ گورنر ووہرا کو اب اسمبلی تحلیل کرتے ہوئے تازہ انتخابات کا انعقاد عمل میں لانا چاہئے ۔ ریاست کی ایک اور اپوزیشن جماعت کانگریس نے بھی ریاست میں بی جے پی کے ساتھ حکومت کی تشکیل میں تاخیر پر پی ڈی پی کو نشانہ تنقید بنایا ہے ۔ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی جنہیں ریاست کی پہلی خاتون چیف منسٹر قرار دیا جارہا تھا ، انہیں پارتی نے ریاست میں تشکیل حکومت کے بارے میں قطعی فیصلہ کرنے کا مجاز ٹھہرایا ہے ۔ بہر حال محبوبہ مفتی نے بارہا یہ واضح کیا ہے کہ پی ڈی پی کا مقصد صرف کرسی حاصل کرنا نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں حکومت کی پہل اس وقت ثمر آور ثابت ہوسکتی ہے جب ریاست کو در پیش متعدد چیلنجس سے نمٹنے سیاسی و اقتصادی اقدامات کے ذریعہ مدد کی جائے ۔

Govt. should be formed in J&K without any delay: Omar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں