روس میں فلائی دبئی کا طیارہ لینڈنگ کے وقت شعلہ پوش - تمام 62 افراد ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-20

روس میں فلائی دبئی کا طیارہ لینڈنگ کے وقت شعلہ پوش - تمام 62 افراد ہلاک

روستو آن ڈان
اے ایف پی
روس کے جنوبی شہر روستو آن ڈان میں فلائی دبئی بوئنگ737طیارہ لینڈنگ کے وقت حادثہ کا شکار ہوکر شعلہ پوش ہوگیا جس میں طیارہ پر سوار تمام62افراد ہلاک ہوگئے ۔ یہ واقعہ ہفتہ کی صبح پیش آیا ۔ خراب موسم میں طیارہ لینڈنگ کی دوسری مرتبہ کوشش کررہا تھا کہ رن وے سے ہٹ گیا اور زبردست آگ کے گولے میں تبدیل ہوگیا۔ تباہ شدہ طیارہ کا ملبہ دور دور تک پھیل گیا۔ ایر لائن نے فیس بک کے اپنے پوسٹ میں کہا کہ فلائی دبئی بڑے دکھ کے ساتھ اس اطلاع کی توثیق کرتا ہے کہ فلائٹFZ981لینڈنگ کے وقت تباہ ہوگیا ، اس اندوہناک حادثہ کے نتیجہ میں اموات کی توثیق کی گئی ہے ۔ روس کے تفتیش کاروں نے توثیق کی کہ طیارہ پر سوار تمام62افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔ مقامی نیوز چیانل لائف نیوز نے اطلاع دی کہ ابتدائی معلومات کے مطابق طیارہ پر 55افراد اور عملہ کے سات ارکان سوار تھے۔ وہ تمام کے تمام ہلاک ہوگئے ہیں مہلوکین میں چار بچے شامل ہیں ۔ چیانل نے عملہ کو شہریت کی کسی صراحت کے بغیر غیر ملکی بتایا ہے ۔ مقامی میڈیا پر دکھائے گئے مناظر میں طیارہ ایک بڑے آگ کے گولے کی شکل میں جلتا ہوا دیکھا گیا جب کہ اس کے ٹکڑے وسیع رقبہ پر بکھر ے ہوئے تھے ۔ شعلوں پر قابو پانے حکام کو زائد از ایک گھنٹہ لگا ۔ وزارت ہنگامی خدمات نے یہ بات بتائی ۔ وزارت کے مطابق حادثہ کی اطلاع ملتے ہی500سے زائد بچاؤ عملہ اور ساٹھ گاڑیوں کو مقام حادثہ پر روانہ کیا گیا ۔ تفتیش کاروں نے کہا کہ طیارہ زمین پر پھسل گیا اور ٹکڑے ٹکڑے ہوگیا ۔ لائف نیوز نے اطلاع دی کہ بوئنگ737کے ٹکڑے مقام حادثہ سے1.5کلو میٹر تک بکھر گئے ۔ چیانل نے بتایا کہ حادثہ کے وقت طاقتور ہوا کا انتباہ دیا گیا تھا، خراب موسم کے سبب دو گھنٹے تک طیارہ لینڈنگ کے لئے علاقہ میں چکراتا رہا ۔ دیگر طیاروں کو کرسنوڈراایر پورٹ کی جانب موڑ دیا گیا تھا جو رستوآن ڈان سے300کلو میٹر دور واقع ہے ۔ لائف نیوز نے ایک ایسے ہی طیارے کے مسافر کے حوالے سے جس کا رخ موڑ دیا گیا تھا بتایا کہ موسم انتہائی خراب تھا، حتی کہ طیارہ لرز رہا تھا ۔ حادثہ کے سلسلہ میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں تاکہ اس بات کا پتہ چلایاجائے کہ آیا حفاظتی قواعد کی خلاف ورزی تو نہیں کی گئی اور حادثہ میں کسی کی لاپرواہی کا دخل تو نہیں ہے ۔ روسی ٹرانسپورٹ وزارت کے ایک مشیر جینا نے کہا کہ پائلٹ کی امکانی غلطی بھی حادثہ کے امکانی اسباب میں شامل ہے ، جس کا جائزہ لیاجارہا ہے یہ طیارہ دبئی سے11:50بجے روانہ ہوا تھا ۔ اسی دوران روس کی تحقیقاتی کمیٹی نے کہا کہ وہ حادثہ میں پائلٹ کی غلطی یا تکنیکی ناکامی کے پہلو کا جائزہ لے رہی ہے کیونکہ حادثہ میں ان دو وجوہات کے پائے جانے کا غالب امکان ہے ۔ انٹر فیکس نیوز ایجنسی نے کمیٹی کے ایک نمائندہ اوکسانا کے حوالہ سے کہا کہ فی الحال ہم طیارہ حادثہ کے سلسلہ میں دو بنیادی پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ پہلا تو پائلٹ کی غلطی کہ اس نے خراب موسم کا تعین نہیں کیا اور دوسرا طیارہ میں کسی تکنیکی خرابی سے متعلق ہے ۔
دبئی
رائٹر
فلائی دبئی کے سی ای اوغیث الغیث نے دبئی میں ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ فلائی دبئی کے طیارے کے روس میں حادثہ کا شکار ہونے پر کوئی وجہ بتانا قبل از وقت ہوگا تاہم روس اور کمپنی حادثہ کی تحقیقات کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ کی وجوہات کے بارے میں ہم معلومات جمع کررہے ہیں اور مستقبل میں بلیک باکس کے ذریعہ اس کی وجوہات پر روشنی پڑے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات روسی حکام کے ساتھ تعاون سے کی جارہی ہے اور ہمیں نتائج کا انتظار ہے ۔
نئی دہلی
پی ٹی آئی
روس کے جنوبی شہر روستو آن ڈان میں طاقتور ہواؤں کے سبب لینڈنگ کے وقت حادثہ کا شکار ہوکر شعلہ پوش ہونے والے دوبئی کے ایئر لائنز کے62مہلوکین میں دو ہندوستانی بھی شامل ہیں ۔ روسی حکام کی جانب سے مہلوکین کی جو فہرست جاری کی گئی ہے اس میں ہندوستانی مسافرین کے نام انجو کتھیرول ایپن اور موہن شیام شامل ہیں ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سواروپ نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی مشن توثیق کے لئے مقامی یونیورسٹی اور ہندوستانی شہریوں سے ربط قائم رکھے ہوئے ہے۔

FlyDubai passenger jet crash kills 62 in Russian city of Rostov-on-Don

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں