سعودی عرب میں موبائل نیٹ ورک صارفین کے فنگر پرنٹ مرحلے کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-13

سعودی عرب میں موبائل نیٹ ورک صارفین کے فنگر پرنٹ مرحلے کا آغاز

جدہ
اردو نیوز (سعودی عرب)
سعودی ٹیلی کمیونیکشن الاتصالات نے موبائل نیٹ ورک کے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی سم کی رجسٹریشن فنگر پرنٹنگ سسٹم سے کروائیں ۔ قبل ازیں صرف نئی سمز کی رجسٹریشن کی جارہی تھی ۔ تفصیلات کے مطابق ایس ٹیسی کی جانب سے موبائل صارفین کو عربی اور انگلش میں پیغام ارسال کرنے کا سلسلہ شروع کردیاگیا جس میں کہا گیا ہے کہ ہر صارف کے انگلیوں کے نشانات کے ذریعے ان کے موبائل سمز کی رجسٹریشن کے دوسرے مرحلے کا آغاز کردیا گیا ۔ اس ضمن میں الاتصالات کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ پری پیڈ موبائل سمز کی رجسٹریشن کے دوسرے مرحلے میں فنگر پرنٹ ان افراد کے لئے کارآمد ہوگا جو اپنی سم کسی اور کے نام منتقل کرنے کے خواہاں ہوں یا سم میں مختلف سہولیات کا اضافہ کرنا چاہتے ہوں ۔ ایس ٹی سی کے ذرائع کا کہنا تھا کہ سعودی کمیٹی برائے مواصلات کی جانب سے جاری ہونے والے قانون کے مطابق مملکت میں تمام موبائل نٹ ورک فراہم والی کمپنیوں کو اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ اپنے صارفین کا مکمل ڈاٹا اپ ڈیڈ رکھیں ۔ اس ضمن میں پہلے مرحلے میں نئی سمز فروخت کرنے پر فنگر پرنٹ رجسٹریشن کاتھا جو کامیاب رہا جسے دیکھتے ہوئے دوسرے مرحلے کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ایس ٹی سی نے صارفین کی سہولت کے لئے اپنی ویب سائٹ پر ان مقالات کے بارے میں تفصیلات دی ہیں جہاں صارفین فنگر پرنٹس رجسٹریشن کروا سکتے ہیں ۔ جدہ میں اندلس مال، عرب مال، سلام مال ، ایئر پورٹ ، ایس ٹی سی کے مختلف ذیلی دفاتر کے علاوہ بڑے اسٹورز میں بھی اسٹالز قائم کئے گئے ہیں ۔ ایس ٹی سی کے علاوہ موبائلی اور زین نیٹ ورک کے صارفین کی رجسٹریشن کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ اس ضمن میں ایک دکاندار کا کہنا تھا کہ ابھی تک انہیں صرف زین کی جانب سے فنگر پرنٹ رجسٹریشن کی ڈیوائس فراہم کی گئی ہے ۔ قانونی طور پر موبائل سمز فروخت کرنے والے ایک اور تاجر کا کہنا تھا کہ فنگر پرنٹس رجسٹریشن سے کافی سہولت ہوگی اور جعل سازی کا خاتمہ ہوگا یہ بہتر اقدام ہے ۔ اس کا کہنا تھا کہ پہلے صرف اقامہ کاپی پر موبائل سم حاصل کی جاسکتی تھی جس سے یہ نقصان ہوتا تھا کہ اکثر دکاندار ایک اقامہ کی کاپی پر دسیوں موبائل سمز جاری کروالیتے تھے جس اقامہ نمبر پر موبائل سم جاری کروائی گئی ہوتی تھی اس کے مالک کومعلوم ہی نہیں ہوتا تھا کہ اس کے نام پر کتنی موبائل سمز جاری کی جاچکی ہیں ۔ فنگر پرنٹ رجسٹریشن سے اس قسم کے جعل سازوں کا خاتمہ ہوگا اور لوگوں کا ڈاٹا محفوظ رہ سکے گا ۔ دوسری جانب صارفین کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ ایک اچھا اقدام ہے تاہم موبائل نٹ ورک کمپنیوں کی جانب سے متعدد آوٹ لیٹس قائم کی جائیں تاکہ انہیں ازدہام کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Saudi Arabia started gathering fingerprints of mobile phone users

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں