یو این آئی
گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن اور کھمم میونسپل کارپوریشن کے علاوہ بلدیہ اچم پیٹ (ضلع محبوب نگر) کے انتخابات 6مارچ کو منعقد ہوں گے ۔ تلنگانہ الیکشن کمیشن نے آج ریاست کے دو میونسپل کارپوریشن اور ایک بلدیہ کے انتخابات کا شیڈول جاری کیا ہے۔ شیڈول کے مطابق پرچہ نامزدگیاں22فروری سے وسول کی جائیں گی۔ پرچہ نامزدگیاں داخل کرنے کی آخری تاریخ24فروری مقرر کی گئی ہے اس کے دوسرے دن پرچہ جات نامزدگیوں کی تنقیح ہوگی جب کہ پرچہ نامزدگیوں سے دستبرداری کی آخری تاریخ26فروری رہے گی ۔ رائے دہی6مارچ کو صبح سات بجے سے شام پانچ بجے تک ہوگی جب کہ ووٹوں کی گنتی9مارچ کو ہوگی۔گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن 58وارڈز پر مشتمل ہے جب کہ کھمم میونسپل کارپوریشن کے وارڈز کی تعداد پچاس ہے ۔ ریاستی حکومت نے حال میں ہی ان دومیونسپل کارپوریشنوں میں وارڈز کی زمرہ بندی کا عمل مکمل کرلیا ہے ۔ دی ہندو کے مطابق ان تین بلدیات میں رائے دہندوں کی جملہ تعداد نو تا دس لاکھ کے قریب بتائی گئی ہے تاہم سپلیمنٹری ووٹر لسٹ کی اجرائی کے بعد حقیقی رائے دہندوں کی تعداد کا علم ہوپائے گا۔ بتایاجاتاہے کہ نگر پنچایت( بلدیہ) اچم پیٹ بیس نشستوں پر مشتمل ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ پرچہ جات نامزدگی سے دستبرداری کے آخری دن کے نو یوم بعد رائے دہی ہوگی۔ کمشنر اسٹیٹ الیکشن کمیشن ناگی ریڈی نے دی ہندو کو بتایا کہ کمیشن ان بلدیات میں آزادانہ اور پر امن انتخابات کے انعقاد کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں ۔ ان تین بلدیات میں مراکز رائے دہی کی فہرست تیار کرلی گئی ہے ۔ جہاں ایک ہزار کے قریب الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں استعمال کی جائیں گی ۔ آر اوز اور اے آراوز کا تقرر کرلیا گیا ہے جب کہ رائے دہندوں کے ہاتھ کی انگلی پر لگائی جانے والی نہ مٹنے والی سیاہی کو بھی حاصل کرلیا گیا ہے۔ ناگی ریڈی نے کہا کہ ان تین مقامات پر6,500انتخابی عملہ اور پانچ ہزار پولیس جوانوں کو متعین کیا جائے گا۔ ضلع کلکٹر کھمم لوکیش کمار کے بموجب کھمم میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے لئے عہدیدار،29فروری سے 3مارچ کے درمیان ووٹر سلپ تقسیم کریں گے ۔
Warangal, Khammam Local Body elections issued
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں