نارائن کھیڑ ضمنی انتخاب - 70 فیصد پرامن رائے دہی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-14

نارائن کھیڑ ضمنی انتخاب - 70 فیصد پرامن رائے دہی

حیدرآباد
آئی اے این ایس
ریاست تلنگانہ کے حلقہ اسمبلی نارائن کھیڑ کے ضمنی انتخاب میں آج70فیصد رائے دہی ہوئی ہے ۔ ضلع میدک کے نارائن کھیڑ کے ضمنی انتخاب مین آج منعقدہ رائے دہی کا تناسب70فیصد رہا ۔ پانچ بجے شام رائے دہی کا اختتام عمل میں آیا تاہم بوتھس کے احاطہ میں قطار میں موجود رائے دہندوں کو آخری وقت کے بعد بھی حق رائے دہی سے استفادہ کا موقع دیا گیا ۔ حلقہ کے کسی مقام سے بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ۔ بیشتر مراکز رائے دہی پر صبح سے ہی رائے دہندون کی طویل قطار یں دیکھی گئیں ۔ہفتہ کو سات بجے صبح سے شروع ہوئی رائے دہی کے لئے انتخابی عہدیداروں نے وسیع پیمانے پر انتظامات کئے تھے ۔ پر امن رائے دہی کے لئے سخت صیانتی انتظامات کئے گئے 142مراکز رائے دہی پر حکام ویب کاسٹنگ کے ذڑیعہ نگرانی رکھے ہوئے تھے ۔ ضلع کلکٹر میدک رونالڈراس نے کہاکہ حلقہ کے کسی بھی مقام سے ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ۔ رائے دہی کے تناسب میں اضافہ کے لئے حکام نے 20ماڈل پولنگ اسٹیشن قائم کئے تھے ۔ یہ بوتھس پانچ منڈلوں میں چار چار کے حساب سے قائم کئے گئے تھے جہاں عہدیداروں نے رائے دہندوں کو پھول پیش کرتے ہوئے ان کا خیر مقدم کیا ۔ یہ نیا طریقہ کار رائے دہندوں کو بہت پسند آیا ۔ ضلع کلکٹر نے مزید کہا کہ بوتھس پر شامیانے نصب کئے گئے اور رائے دہندوں کے لئے پینے کاپانی، چنانچ اور چائے بھی پیش کی گئی ۔ کانگریس ایم ایل اے پی کشٹا ریڈی کے انتقال کے سبب ضمنی انتخاب ناگزیر ہوگیا تھا ۔ ان کا انتقال اگست2015کو ہوا تھا۔ انتخابی میدان میں8امید وار تھے۔تاہم اصل مقابلہ کانگریس امیدوار آنجہانی قائد کشٹا ریڈی کے فرزند پی سنجیو ریڈی تلگو دیشم امید وار ایم جئے پال ریڈی اور ٹی آر ایس امید وار ایم بھوپال ریڈی کے درمیان رہا ۔ نارائن کھیڑ ، کانگریس کا مضبوط گڑھ ماناجاتا ہے گزشتہ دو انتخابات میں ٹی آر ایس کو اس حلقہ سے کامیابی نہیں ملی ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حلقہ میں عوامی جلسہ سے خطاب کیا تھا جب کہ کانگریس ہمدردی کی لہر پر انحصار کئے ہوئے ہے۔ تلگو دیشم اور بی جے پی نے ٹی آر ایس امید وار بھوپال ریڈی کے بھائی وجئے پال ریڈی کو میدان میں اتارا ۔ ووٹوں کی گنتی16فروری کو ہوگی۔ نمائندہ منصف نارائن کھیڑ کے بموجب حلقہ میں رائے دہی80فیصد ریکارڈ کی گئی ۔ حلقہ کے کئی رائے دہندوں نے ووٹر سلپ تقسیم نہ کئے جانے کی شکایت کی اور کہا کہ ووٹر لسٹ خامیوں سے پر تھی ۔ بے شما رائے دہندوں کے نام ووٹر لسٹ سے غائب تھے ۔ فہرست رائے دہندگان میں نام موجود نہ ہونے پر کئی رائے دہندوں کو عہدیداروں کے ساتھ بحث کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا ۔ نارائن کھیڑ منڈل کے موضع کنڈا پور کے ایک پولنگ بوتھ پر ڈیوٹی پر متعین کانسٹیبل کے قلب پر حملہ ہوا جنہیں فوری حیدرآباد منتقل کیاجارہا تھا کہ راستہ میں وہ دم توڑ دیا ۔ کانگریس امید وار پی سنجیوا ریڈی نے منگل پیٹ کے مرکز رائے دہی پر ووٹ ڈالا۔ ٹی آر ایس امید وار بھوپال ریڈی کے علاقہ تلگو دیشم کے امید وار وجئے پال ریڈی نے کلہیر منڈل کے موضع خانہ پور کے مرکز پہنچ کر حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ ضلع کلکٹر نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پر امن رائے دہی پر عوام اور سیاسی جماعتوں سے اظہار تشکر کیا۔

Over 70 percent polling in Narayankhed bypoll

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں