پی ٹی آئی
وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج کہا کہ بی جے پی زیر قیادت حکومت نے دیہی روزگارکی یو پی اے کی پرچم بردار اسکیم ایم جی این آر ای جی( منریگا) کے تحت مصارف میں ریکارڈ اضافہ کیا ہے ۔ اور پہلی مرتبہ بجٹ میں مختص رقم سے زیادہ فنڈس فراہم کرے گی ۔ سابق کانگریس زیر قیادت حکومت کی جانب سے شروع کی گئی اسکیم کے حشر پر اندیشوں کا ازالہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے برسوں میں بجٹ میں مختص رقم کے مقابل اسکیم پر ہمیشہ کم مصارف کیے گئے ہیں ، لیکن جاریہ مالیاتی سال کے دوران حکومت نے منصوبہ مصارف میں کمی نہیں کی ہے کیوں کہ وہ ترقی میں اضافہ چاہتی ہے ۔ اسکیم کے دس سال کی تکمیل کے موقع پر منریگا سمیلن سے خطاب کرتے ہوئے جیٹلی نے کہا کہ قبل ازیں یہ اندیشے ظاہر کئے جارہے تھے کہ این ڈی اے حکومت اس اسکیم کو ختم یا کسی دوسرے پروگرام سے تبدیل کردے گی لیکن نئی حکومت نے نہ صرف اس اسکیم کو آگے بڑھایا ہے بلکہ اس اسکیم کے تحت فنڈس میں بھی اضافہ کردیا ہے ۔ اس حکومت نے صرف زیادہ گنجائش فراہم کرنے اور بعد ازاں اس میں کٹوتی کرنے کے طریقے پر عمل نہیں کیا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ پہلا سال ہوگا جب34تا35ہزار کروڑ روپے مختص کئے گئے اور نہ صرف انہیں پوری طرح خرچ کیا گیا ، بلکہ منریگا کے لئے مزید وسائل بھی مہیا کرائے گئے۔ وزیر فینانس نے کہا کہ31مارچ کو ختم ہونے والے مالی سال میں اس اسکیم پر حقیقی مصارف سب سے زیادہ ہوں گے ۔ یو پی اے کی پرچم بردار اسکیم جی این آر ای جی اے( منریگا) کی ستائش کرنے پر راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو طعنہ دیا ۔ نریندر مودی نے کہا تھا کہ ایم جی این آر ای جی اے اسکیم ایک کامیاب اسکیم ہے ۔ راہول گاندھی نے اس پر طعنہ دیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت جس نے یو پی اے کی ضمانت روزگار اسکیم کو کانگریس کی ناکامی کی زندہ مثال قرار دیا تھا، اب اس کی کامیابی کو تسلیم کرنے پر مجبور ہوگئی ہے ۔ کانگریس کے نائب صدر نے اپنے ایک ٹوئٹر پیام میں کہا این آر ای جی اے کو کانگریس کی ناکامی کا جیتا جاگتا ثبوت قرار دینے کے بعد حکومت اب اسے قومی فخر اور جشن کے کاز کے طور پر اس کی ستائش کررہی ہے ۔ یہ مودی جی کی سیاسی دانشمندی کی درخشاں مثال ہے ۔ راہول گاندھی وزیر اعظم کی جانب سے گزشتہ سال بجٹ اجلاس کے دوران یو پی اے کی پرچم بردار اسکیم کے بارے میں طنزیہ تبصرے کا حوالہ دے رہے تھے ۔ مودی نے گزشتہ بجٹ اجلاس کے دوران کہا تھا کہ آپ کیا سمجھتے ہیں ، کیا میں اس اسکیم کو ختم کردوں گا ، میری سیاسی دانشمندی مجھے ایسا کرنے کی اجازت نہیں دیتی ۔ یہ گزشتہ60سال کے دوران غربت کو نہ مٹا پانے آپ کی ناکامی کاایک جیتا جاگتاثبوت ہے ۔ میں رقص اور نغمہ اور ڈھول کی تھاپوں کے ساتھ اس اسکیم کو جاری رکھوں گا ۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی کے معتمد سیاسی احمد پٹیل نے بھی اس مسئلہ پر وزیر راعظم کو طعنہ دیا ۔ انہوں نے کہا منریگا سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت وہاں کیسے روزگار پیدا کرسکتی ہے جہاں خانگی شعبہ ایسا نہیں کرسکتا ۔ اس کا اثر ایسا ہے کہ جو لوگ اس کا مذاق اڑایا کرتے تھے وہی اب اس کا جشن منانے مسابقت کررہے ہیں ۔ منریگا ، آزاد ہند کی سب سے بڑی تبدیلی لانے والی سرکاری اسکیم ہے ۔ زائد از182ملین افراد کو اس سے فائدہ پہنچا ہے اور یہ دنیا کی سب سے بڑی سرکاری اسکیم بن گئی ہے ۔ انہوں نے اپنے سلسلہ وار ٹوئٹر پیامات میں یہ بات کہی۔ پٹیل نے کہا کہ یوپی اے کی پرچم بردار اسکیم سے ایک فلاحی ریاست کے لئے کانگریس کے پابند ہونے کی عکاسی ہوتی ہے ۔
MGNREGA spending at record high, no cut in allocation: Arun Jaitley
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں