ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سات معاہدے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-12

ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سات معاہدے

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ہندوستان اور یو اے ای نے اپنے تعاون میں اضافہ کرتے ہوئے آج رات سائبر سیکوریٹی ، انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ اور انشورنس کے بشمول مختلف شعبوں میں7معاہدے کئے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور ابو ظہبی کے ولیعہد شیخ محمد بن زائد النہیان کے درمیان بات چیت کے بعد ان معاہدوں پر دستخط کئے گئے ۔ اپنی بند کمرہ کی ملاقات اور وفد کی سطح کی بات چیت میں دونوں لیڈرس نے داعش کے بشمول دہشت گردی کے خطرہ سے نمٹنے کے بارے میں اہمیت کے ساتھ بات چیت کی اور انسداد دہشت گردی، آبی سلامتی اور دفاع کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کی راہوں کا جائزہ لیا ۔ قبل ازیں ابو ظہبی کے دورہ کنندہ ولی عہد اور ڈپٹی سپریم کمانڈر مسلح افواج جنرل شیخ محمد زائد النہیان نے آج کہا کہ ان کا ملک ہندوستان کے ساتھ حکمت عملی پر مبنی شراکت کو مستحکم کرنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے ۔ راشٹرپتی بھون میں ایک شاندار استقبالیہ کے بعد ولیعہد نے کہا کہ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ وزیرفینانس ارون جیٹلی وزیر خارجہ سشما سوراج اور مرکزی کابینہ کے دیگر وزراء اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے میرا استقبال کیا ہے۔ دونوں ممالک دفاعی آلات کی تیاری، انفراسٹرکچر اور تجارت میں معاہدہ کریں گے اور ہندوستان کا پہلے ہی سے یو ای اے کے ساتھ سرمایہ کاروں کے تحفظ کا معاہدہ طے ہے ۔ یو اے ای کے دوسرے سب سے بڑے لیڈر شیخ محمد ہندوستان کے تین روزہ دورہ پر کل شام یہاں پہنچے تھے جن کا وزیر اعظم نریندر مودی نے پروٹوکول توڑ کر ہوائی جہاز پر استقبال کیا تھا ۔ ان کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی آیا ہے جس میں کئی کابینی وزراء ، اعلی حکام اور صنعت دنیا کے بڑے نمائندے شامل ہیں ۔ جنرل شیخ محمد کا آج صبح راشٹرپتی بھون کے احاطہ میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ استقبال کیاگیا۔ صدر پرنب مکرجی اور وزیر اعظم مودی نے ان کا استقبال کیا اور انہیں فوج کے تینوں بازوؤں کی مشترکہ سلامی پیش کی گئی۔ اس کے بعد انہوں نے راج گھاٹ جاکر گاندھی جی کی سمادھی پر خراج عقیدت پیش کیا ۔ مہمان لیڈر نے صبح گیارہ بجے وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر مودی سے ملاقات کی اور اس کے بعد ایک بجے راشٹرپتی بھون میں مکرجی سے ملاقات کی۔

India, UAE Sign 7 Agreements Across Various Sectors

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں