بجٹ اجلاس میں جی ایس ٹی اور دیگر بلوں کی منظوری متوقع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-05

بجٹ اجلاس میں جی ایس ٹی اور دیگر بلوں کی منظوری متوقع

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر پارلیمانی امور ایم وینکیا نائیڈو نے آج اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آنے والے بجٹ سیشن کے دوران جس کا آغاز23فروری سے ہورہا ہے ، جی ایس ٹی بل کے علاوہ دیوالیہ بل اور رئیل اسٹیٹ بل کو بھی منظوری کرلیاجائے گا ۔ انہوں نے یہاں انڈیا انوسٹمنٹ سمٹ کے وقفون کے دوران نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں ہمیشہ پر امید رہا ہوں۔میں دوسروں کی طرح مایوس نہیں ہوتا ۔ مجھے امید ہے کہ اس اجلاس کے دوران جی ایس ٹی ، رئیل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ بل اور دیوالیہ بل کو منظوری حاصل ہوگی ۔ انہوںنے اپوزیشن جماعتوں بالخصوص کانگریس سے اپیل کی کہ وہ پارلیمنٹ کو ان بلوں کو منظورکرنے دیں کیوں کہ یہ ملک کے عظیم تر مفاد میں ہے ۔ نائیڈو نے کہا کہ میں تمام جماعتوں سے اپیل کرتا ہوں کہ چونکہ ملک آگے بڑھ رہا ہے ، ہمیں ملک کے عظیم تر مفاد میں ان قوانین کی ضرورت ہے ۔ میں ان سے اپیل کرتا ہوں کہ اور بجٹ اجلاس میں ان بلوں کی منظوری کے لئے ان سے تعاون چاہتا ہوں ۔ واضح رہے کہ کانگریس نے اس دستوری ترمیمی بل کی منظوری کو راجیہ سبھا میں روک دیا تھا ، جس کے نتیجہ میں یکم اپریل2016سے جی ایس ٹی متعارف کرانے حکومت کا منصوبہ ناکام ہوگیا ۔ نائیڈو نے کہا کہ ہم پہلے سے کانگریس کے ساتھ ربط میں ہیں اور مستقبل میں بھی رہین گے ۔ یہ مستقل بات چیت ہے ۔ اس ضمن میں ہماری دیگر دو جماعتوں سے بھی بات چیت جاری ہے ۔ نائیڈو نے کہا کہ بجٹ اجلاس کے وقت کے بارے میں بھی میں نے ہمارے سینئر اپوزیشن قائدین سے کافی مشاورت کی ہے اور ہمیں ان کے ساتھ بات چیت جاری رکھنی ہے۔ جی ایس ٹی بل سے متعلق کانگریس کے تین مطالبات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی ان مسائل کی یکسوئی کردی ہے ۔ کانگریس کو بھی اس سے واقف کرادیا گیا ہے ۔ کانگریس کے تین مطالبات میں یہ بھی شامل ہے کہ دستور میں ہی جی ایس ٹی کی شرح پر تحدید عائد کی جائے ، اشیاء کی بین ریاستی حمل و نقل پر مجوزہ ایک فیصد اضافی ٹیکس برخواست کیا جائے اور ریاستوں کے مابین تنازعات کی یکسوئی کے لئے ایک عدالتی کمیشن قائم کیاجائے ۔ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا آغاز23فروری سے ہورہاہے ۔ اجلاس کا پہلا حصہ16مارچ کو ختم ہوگا ، جب کہ دوسرا حصہ25اپریل تا13مئی منعقدہوگا۔

Budget 2016: Venkaiah Naidu hopeful of passage of GST, other bills

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں