یو این آئی
پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس 23فروری سے شروع ہوگا اور25فروری کو ریل بجٹ اور29فروری کو عام بجٹ پیش کیاجائے گا ، وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی زیر صدارت مرکزی کابینہ کی پارلیمانی امور سے متعلق کمیٹی کے اجلاس میں آج یہ فیصلہ کیا گیا ۔ صدر پرنب مکرجی 23فروری کو دونوں ایوانون کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے ۔ وزیر ریلوے سریش پربھو25فروری کوریل بجٹ اور وزیر فینانس ارون جیٹلی29فروری کو عام بجٹ پیش کریں گے ۔ بجٹ اجلاس کا پہلا مرحلہ23فروری سے16مارچ تک جاری رہے گا جب کہ دوسرا مرحلہ25اپریل سے13مئی تک ہوگا ۔ اس دوران مرکزی وزیر پارلیمانی امور ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ اس بار پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن میں حکومت کو طویل عرصہ سے زیرالتوا اور انتہائی اہمیت کی حامل جی ایس ٹی بل اور رئیل اسٹیٹ جیسے اہم بلوں کو منظور کئے جانے کی امید ہے۔ انہوںنے کہا کہ بجٹ سیشن جملہ81دن منعقد ہوگا اور جملہ31نشستیں ہوں گی۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ایسے وقت جب ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے میں تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ان اہم بلوں کو منظور کرانے میں مکمل تعاون کریں۔ مرکزی وزیر پارلیمانی امور عباس نقوی نے کہا کہ حکومت پر امید ہے کہ بجٹ سیشن سابقہ اجلاسوں کے مقابلہ میں جس میں کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے کارروایوں میں تعطل پیدا کیا اور کلیدی اصلاحاتی قانون سازیوں کو روک دیا، یہ اجلاس تعمیری اور مثبت رہے گا ۔ سی سی پی اے میٹنگ سے قبل حکومت نے ایک کل جماعتی اجلاس طلب کیا جس میں اپوزیشن جماعتوں نے مطالبہ کیا کہ پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے باوجود پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کو نہ گھٹایاجائے ۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد نے میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس کے کام کے دنوں میں کمی نہیں کی جانی چاہئے تاکہ اسٹینڈنگ کمیٹی مختلف ادارتوں کو بجٹ تخصیصات کا جائزہ لے سکے۔ کل جماعتی اجلاس میں جن قائدین نے شرکت کی ان میں غلام نبی آزاد کے علاوہ کانگریس کے آنند شرما، دپندر ہودا ، جنتادل یو کے شرد یادو اور کے سی تیاگی ، سماج وادی پارٹی کے رام گوپال یادو اور سی پی آئی ایم کے سیتا رام یچوری شامل ہیں ۔
Budget Session begins February 23, proposals on February 29
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں