تلنگانہ کابینہ کا آج اجلاس - کئی اہم فیصلوں کی توقع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-02

تلنگانہ کابینہ کا آج اجلاس - کئی اہم فیصلوں کی توقع

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
ریاست تلنگانہ کی کابینہ کا اجلاس2جنوری کو منعقد ہوگا ۔ چار ماہ کے طویل وقفہ کے بعد کل منعقد شدنی کابینہ اجلاس کی صدارت چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کریں گے۔ اس اجلاس میں جی ایچ ایم سی کے انتخابات کے علاوہ ریاستی اسمبلی کے بجٹ اجلاس پر غوروخوض ہوگا۔اس کابینی اجلاس میں تمام محکموں کے پرنسپال سکریٹریز کو مدعو کیا گیا ہے ۔ اس منفرد اجلاس کا آغاز11بجے دن ہوگا ۔ نئی ریاست میں ٹی آر ایس کے بر سر اقتدار آنے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کابینہ کا اجلاس11بجے دن طلب کیا گیا ہے جب کہ عموما یہ اجلاس شام کے وقت منعقد کیاجاتا ہے ۔ کابینہ کے اجلاس میں جی ایچ ایم سی کے وارڈس کی زمرہ بندی(تحفظات) پر بھی غور کیاجائے گا۔ حکومت نے ابھی تک اس مسئلہ کو حل نہیں کیا ہے ۔ وارڈس کی زمرہ بندی کے بعد ہی الیکشن کمیشن، مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات کا اعلامیہ جاری کرے گا ۔ اس کے علاوہ اجلاس میں ریاست کی2میونسپل کارپوریشنوں ورنگل اور کھمم کے انتخابات کے مسئلہ پر غور ہوسکتا ہے ۔ عظیم تر بلدیہ کے انتخابات کے انعقاد کے بعد ٹی آر ایس حکومت کے لئے ورنگل اور کھمم کے میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات کا انعقاد بڑا چیلنج رہے گا۔کابینہ کے اجلاس میں تمام محکموں کے پرنسپال سکریٹریز کو مدعو کرنے کے مقصد کے پیچھے ہر ایک محکمہ میں ریونیو( آمدنی) اور خسارہ سے متعلق رائے حاصل کرنا ہے ۔ اس کے بعد ہی تجاویز سالانہ بجٹ میں شامل کی جائیں گی۔دریں اثناء چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ، محکمہ فینانس کے عہدیداروں کو حیدرآباد شہر میں برقی آبرسانی بلز کے بقایاجات کی معافی جو430کروڑ روپے کے قریب ہیں، سے متعلق تیاری کرنے اور اس کی تفصیلات کے ساتھ حاضر اجلاس ہونے کی ہدایت دے چکے ہیں۔ کے سی آر نے عہدیداروں کو امکنہ ٹیکس میں کمی، ڈبل بیڈ روم اسکیم جیسے وعدوں کی تکمیل سے سرکاری خزانہ پر پڑنے والے بوجھ اور اسکی پابجائی کے بارے میں تیاری کے ساتھ آنے کا حکم دیا ہے ۔ چندر شیکھر راؤ توقع ہے کہ کابینہ کے اجلا سمیں وزراء کو سالانہ بجٹ 2016-17میں مختلف محکموں کو مختص کئے جانے والے بجٹ کے بارے میں بھی بتائیں گے ۔ اور وہ حکومت کی ترجیحات سے متعلق بھی واقف کرائیں گے ۔ اجلاس میں آئندہ بجٹ کی نوعیت مشن کاکتیہ ڈی ایس سی کے ذریعہ15ہزار تا20ہزار اساتذہ کے بشمول اردو مدارس میں اردو اساتذہ کے تقررات روسٹر سسٹم کے تحت محفوظ اردو جائیدادوں کو اوپن زمرہ میں شامل کرنے اقلیتی اقامتی اسکولس کے قیام، شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم کے بجٹ میں اضافہ، ریاست میں خشک سالی ، 9ہزار پولیس ملازمین کے تقررات ، مرکز سے مالیہ کی وصولی اور دیگر اہم موضوعات زیر بحث آئیں گے ۔ اسمبلی کے اجلاس کا آغاز11 بجے دن ہوگا توقع ہے کہ شام4:30بجے تک چلے گا۔ چیف منسٹر ، وزراء اور عہدیداروں کو مائریٹ ہوٹل ٹینک بینڈ میں دوپہر کے کھانے کا اہتمام کریں گے ۔ سمجھاجاتا ہے کہ یہ ٹی آر ایس حکومت کا طویل ترین اجلاس ہوگا۔
علم کے فروغ میں نمائش سوسائٹی کی خدمات کی ستائش ۔ صنعتی نمائش کا افتتاح

Telangana cabinet meeting today - several key decisions

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں