مفتی سعید کا انتقال ملک و قوم کے لئے ناقابل تلافی نقصان - قومی قائدین کے بیانات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-08

مفتی سعید کا انتقال ملک و قوم کے لئے ناقابل تلافی نقصان - قومی قائدین کے بیانات

نئی دہلی
پی ٹی آئی، یو این آئی
مرکزی وزراء راج ناتھ سنگھ ، نتن گڈ کری ، ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور رام ولاس پاسوان نے آج چیف منسٹر جموں و کشمیر مفتی محمد سعید کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ۔ نتن گڈ کری نے اپنے تعزیتی پیام میں آنجہانی قائد کو کٹر قوم پرست قرار دیا ، جنہوں نے ہمیشہ جموں و کشمیر کی ترقی کے لئے کام کیا اور اپنی ساری زندگی ریاست کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے وقف کردی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی موت سے جموں و کشمیر کی سیاست میں ایک عظیم خلا پیدا ہوگیا ہے ۔ مفتی صاحب کو ہندوستان کے عظیم سپوت کی حیثیت سے یاد رکھاجائے گا، دفتر وزیر اعظم( پی ایم او) کے مملکتی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے مفتی سعید کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوںنے ریاستی سیاست کو ہندوستان کی اصل دھارے کی سیاست کے قریب لانے میں اہم رول ادا کیا ۔ وہ ایک ایسے لیڈر تھے جو پارٹی خطوط سے بالا تر ہونے اور عوام کو بھی پارٹی کے ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت کے حامل تھے ۔ مرکزی وزیر برائے امو ر صارفین ، تغذیہ و عوامی نظامی تقسیم رام ولاس پاسوان نے اپنے تعزیتی پیام میں کہا کہ مفتی سعید عظیم بصیرت کے حامل شخص تھے۔ انہوں نے ہمیشہ جمہوری اقدار کے استحکام کے لئے کام کیا۔ ان کی موت ملک، بالخصوص جمو ں و کشمیر کے لئے ایک عظیم نقصان ہے۔ان کی بے مثال قیادت اور عوام کی فلاح و بہبود کے جذبہ کو طویل عرصہ تک یاد رکھاجائے گا۔ کولکتہ سے موصولہ یو این آئی کی اطلاع کے مطابق چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج چیف منسٹر جموںو کشمیر مفتی محمد سعید کی موت پر اظہا ر تعزیت کیا۔ انہوں نے ٹوئٹر پر کہا کہ مفتی سعید جی کے انتقال کی اطلاع پر بے حد رنج ہوا ہے ۔ میں ان کے ارکان خاندان، جمو ں و کشمیر کے عوام اور پارٹی رفقاء سے اظہار تعزیت کرتی ہوں ۔ جموں و کشمیر کی اپوزیشن جماعتوں نے بھی چیف منسٹر مفتی سعید کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ ان کے پیشرو عمر عبداللہ نے کہا کہ انتقال کی اطلاع پر انہیں رنج ہوا ہے ۔ عمر نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ابھی ابھی مجھے مفتی صاحب کے گزر جانے کی افسوسناک اطلاع ملی ہے ۔ مجھے بے حد صدمہ پہنچا ہے اور سخت رنج ہوا ہے ۔ خدا ان کی مغفرت کرے، جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے کہا کہ مفتی سعید ریاست کے سب سے بڑے ستون تھے ۔ انہوں نے اپنی ساری زندگی سیاست میں گزاری اور ریاست کے عوام کے مفادات کے لئے کام کیا۔ ریاست میں غیر یقینی کیفیت کا خاتمہ کرنا ان کی کوشش تھی ۔ سی پی آئی ایم رکن اسمبلی ایم وائی تری گامی نے کہا کہ یہ جموں و کشمیر کے عوام کے لئے انتہائی افسوسناک لمحہ ہے ، جب کہ ریاست پہلے ہی کشیدگی اور دباؤ کا شکار ہے ۔ تریگامی نے کہا کہ سعید کی با شعور قیادت کی بے حد کمی محسوس کی جائے گی ۔ وہ ایک ایسے شخص تھے جنہوں نے اپنے طویل سیاسی کیرئیر کے دوران ریاست کے لئے بہت کچھ کیا ہے ۔ انہیں ریاست کو دشوار صورتحال سے نکالنے ان کی کوششوں کے لئے ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ مفتی سعید کے انتقال کی اطلاع پر انہیں بے حد رنج ہوا ہے ۔ وہ عام آدمی بالخصوص محروم طبقات سے محبت کے لئے جانے جاتے تھے ۔ وزیر داخلہ جنہوں نے ایمس میں مفتی سعید کے انتقال کے فوری بعد ان کے ارکان خاندان سے ملاقات کی، کہا کہ مفتی سعید جی جموں و کشمیر سے متعلق پیچیدہ مسائل کو بہت اچھی طرح سمجھتے تھے ۔ وہ وادی میں مستقل امن قائم کرنے کے خواہاں تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مفتی سعید کاانتقال جموں و کشمیر کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے ۔ ان کی موت نے قومی سیاست میں ایک بڑا خلاء پیدا کردیا ہے ۔ سابق مرکزی وزیر فاروق عبداللہ نے بھی مفتی سعید کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ انہیں بے حد رنج ہوا ہے ۔ جموں و کشمیر کے ڈپٹی چیف منسٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ ریاست اپنی حکمرانی اور سیاسی مقاصد کے حصول میں مفتی سعید کی کمی محسوس کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بڑی افسوسناک خبر ہے ۔ ہم چاہتے تھے کہ وہ ہماری رہمنائی کریں جس طرح گزشتہ دس ماہ کے دوران کرتے رہے تھے ۔ اب یہ حکومت اور ریاست کے لئے ایک بڑا صدمہ ثابت ہوا ہے ۔ وہ قومی لیڈر تھے ۔ وہ نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ سارے ہندوستان کے لئے بہتر منصوبے رکھتے تھے ۔ بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے کہا کہ وہ ایک نایاب سیاسی قائد تھے ۔ ایک مقبول چیف منسٹر اور کارکرد منتظم تھے ۔ انہوں نے ریاست کی ترقی کے لئے بلا تکان کام کیا ۔ ان کا انتقال نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ سارے ملک کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے ۔ پٹنہ سے موصولہ اطلاع کے مطابق چیف منسٹر بہار نتیش کمار اور آر جے ڈی صدر لالو پرساد نے بھی مفتی سعید کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ دونوں قائدین نے مرحوم قائد کے ارکان خاندان اور حامیوں سے بھی اظہار تعزیت کیا ہے۔ چیف منسٹر بہار نے اپنے تعزیتی پیام میں کہا کہ79سالہ مفتی سعید کے گزر جانے سے ملک ایک عظیم مقبول اور بصیرت انگیز قائد سے محروم ہوگیا ہے ۔ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد نے کہا کہ وہ ایک گرمجوش ، ذہین اور بے مثال قائد تھے ۔ آئی اے این ایس کی اطلاع کے مطابق چیف منسٹر اتر پردیش اکھلیش یادو نے کہا کہ مفتی سعید کے گزر جانے سے ملک ایک ذہین، خوش اخلاق اور نرم گو قائد سے محروم ہوگیا ہے ۔ یادو نے کہا کہ مفتی سعید ایک تجزبہ کار اور ترقی پسند عوامی نمائندہ تھے ، جو اہم عہدوں پر فائز رہے اور جموں و کشمیر میں قیام امن و ترقی کے لئے ہمیشہ کام کرتے رہے ۔

Politicians across the spectrum condole Mufti's demise

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں