پاکستان پر درپردہ جنگ چھیڑنے کا الزام - گورنر جموں و کشمیر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-27

پاکستان پر درپردہ جنگ چھیڑنے کا الزام - گورنر جموں و کشمیر

سری نگر
پی ٹی آئی
کشمیر میں یوم جمہوریہ تقاریب انتہائی سخت سیکوریٹی کے درمیان پر امن انداز میں گزر گئی جب کہ متعدد مقامات پر ترنگا لہرایا گیا اور ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے۔ گورنر جموں و کشمیر این این ووہرا نے پاکستان کا نام لئے بغیر کہا کہ ہمارے پڑوسی نے ہمارے خلاف در پردہ جنگ چھیڑ رکھی ہے جس کے نتیجہ میں پچھلے25برسوں سے زیادہ عرصہ سے ریاست کے حالات پر کافی منفی اثرات پڑے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے چند برسوں کے دوران سرحد پار سے فائرنگ اور در اندازی کے واقعات کے علاوہ 5بڑے عسکری حملے کئے گئے ۔ گورنر نے ان باتوں کا اظہار67ویں یوم جمہوریہ تقاریب کے سلسلہ میں مولانا آزاد اسٹیڈیم جموں مین منعقدہ تقریب میں ترنگا لہرانے کے بعد اپنے خطاب میں کیا۔ انہوں نے سرحدوں کے نزدیک رہنے والے لوگوں کو ان کے حوصلے اور تعاون کے لئے مبارکبا د دی ۔ نیز ریاستی پولیس ، سینٹرل آرمڈ پولیس اور فوج کے جوانوں کا ان کے ایثار اور قربانیوں کے لئے شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیاکہ وہ سرحدوںپر کڑی نگاہ رکھیں ۔ اس تقریب میں تقریبا تیس ہزار افراد نے شرکت کی ۔ گورنر نے پریڈ کا معائنہ کیا اور مارچ پاسٹ کی سلامی لی ۔ مارچ پاسٹ میں فوج ، سرحدی حفاظتی فورس ، سنٹرل ریزروپولیس فورس کے علاوہ جموں و کشمیر آرمڈ پولیس کے مرد و خواتین، اسٹیٹ ڈیزاسٹررسپانس فورس ، جے اینڈ کے فائیر اینڈ ایمر جنسی سروسز ، جے اینڈ کے فارسٹ پروٹیکشن فورس، سابق فوجیوں ، این سی سی ، بھارت سکاؤٹس اینڈ گائیڈس ، فوج، بی ایسایف، ریاستی پولیس ، آرمڈ پولیس کے چاق و چوبند دستوں کے علاوہ اسکولی بچوں نے شرکت کی ۔ گورنر نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ترقی کی رفتار میں اسی صورت میں بہتری آئے گی جب سرکاری مشینری متحرک ہوکر کام کرے گی اور اس کو جوابدہ بنایاجائے گا۔ ووہرا نے کہا کہ تجدیدی اور تعمیراتی کاموں کی بحالی کے لئے وزیر اعظم نے نومبر2015میں سری نگر کے دورے کے دوران80,000کروڑ روپے کے خصوصی پیکج کا اعلان کیا جس سے کثیر شعبہ جاتی ترقی اور حالات کو ڈگر پر لانے میں مدد ملے گی۔ اس پیکیج مین آنے والے برسوں میں سڑکوں ، شاہراؤں اور ٹنلوں کی تعمیر کے لئے42,700کروڑ روپے مختص رکھے گئے ہیں ۔ گورنر نے کہا کہ ریاست میں تعلیمی معیار کو بڑھاوا دینے کے لئے اسکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے علاوہ طبی تعلیمی اداروں اور طبی مراکز کی جانب خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ بخشی اسٹیڈیم میں مارچ پاسٹ کی سلامتی ڈیویژنل کمشنر کشمیر اصغر سامن نے لی۔ ہڈیوں کے گودے میں اتر جانے والی سرد لہر کے باوجود یوم جمہوریہ تقاریب کا مشاہدہ کرنے عوام کی بڑی تعداد جمع تھی ۔ یہ دوسرا موقع ہے کہ شہری نظم و نسق کے کسی عہدیدار نے بخشی اسٹیڈیم میں کسی وزیر کے بجائے یوم جمہوریہ تقریب کی صدارت کی کیوں کہ ریاست میں گورنر راج ہے۔ وادی کشمیر میں یہ تقاریب پر امن انداز میں گزر گئی ۔

Pakistan waging a proxy war Governor Jammu and Kashmir

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں