پاکستان کے لئے دہشت گرد نٹ ورکس کو تباہ کرنا ضروری - اوباما - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-25

پاکستان کے لئے دہشت گرد نٹ ورکس کو تباہ کرنا ضروری - اوباما

واشنگٹن
پی ٹی آئی
صدر بارک اوباما نے پٹھان کوٹ دہشت گرد حملہ کو ناقابل معافی دہشت گردی کی ایک اور مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان بہت دنوں سے دہشت گردی کی مار سہہ رہا ہے ۔ انہوں نے پاکستان سے اپنے علاقہ میں سر گرم دہشت گرد نٹ ورکس کوتباہ کرنے اور غیر قانونی قرار دینے کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی ضروری ہوگئی ہے ۔ اوباما نے انتہائی سخت الفاظ اور لہجہ میں یہ پیام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گرد گروپس کے خلاف اس سے زیادہ موثر کاروائی کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے اور بلا شبہ کرسکتا ہے ۔ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کو تباہ کرنا اور انہیں گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرہ میں کھڑا کرنا پاکستانی حکام کی ذمہ داری ہے ۔ ان کی سر گرمیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیاجانا چاہئے ۔ اوباما نے ایک انٹر ویو کے دوران بہت سارے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اوباما نے بیان جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو یہ ظاہر کرنے کا موقع حاصل ہے کہ ملک دہشت گرد نٹ ورکس کے خلاف کارروائی کرنے انہیں غیر قانونی قرار دینے اور مکمل طور پر تباہ کرنے سے متعلق سنجیدہ ہے ۔ اوباما نے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پٹھان کوٹ حملہ کے بعد اپنے پاکستانی ہم منصب نواز شریف کے ساتھ ربط قائم کر کے ایک مثبت اشارہ دیا ہے ۔ دونوں قائدین بات چیت میں پیشرفت کے خواہاں ہیں کہ پر تشدد انتہا پسندی اور دہشت گردی سے مقابلہ کے کیا اقدامات کئے جاسکتے ہیں جب کہ پورا خطہ اس سے متاثر ہورہا ہے ۔ انہوں نے یہ اعتماد بھی ظاہر کیا کہ ہند۔ امریکہ تعلقات کی تشریح صدی کی انتہائی مضبوط شراکت داری سے ہوسکتی ہے ۔ اوباما نے کہا کہ مودی نے ایک مضبوط شراکت داری کے جوش و خروش میں بھی ہمارے ساتھ حصہ داری کو اہمیت دی ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور شراکت داری انتہائی مستحکم ہے اور نئی خطوط پر ہماری بات چیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات امکانی حد تک نہیں پہنچے ہیں اور نقطہ عروج تک پہنچنے میں ابھی کچھ اور وقت لگ سکتا ہے ۔ اوباما نے پٹھان کوٹ حملہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حملہ کی مذمت ہندوستان نے سخت الفاظ میں کی ہے اور ہم اس کی تائید کرتے ہیں۔ہم ان ہندوستانیوں کو سلام کرتے ہیں جنہوں نے جانی نقصانات کو کم سے کم کرنے کے لئے اپنی جان کی قربانی دی۔ ہم، متاثرین اور ان کے خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں ۔ ایسے سانحوں سے یہ بات بھی واضح ہوجاتی ہے کہ امریکہ اور ہندوستان کے درمیان اتنی قریبی شراکت داری کیسے جاری ہے ۔ اوباما نے یہ نظریہ بھی پیش کیا کہ نواز شریف اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ عدم سلامتی پاکستان کے استحکام کے لئے بڑا خطرہ ہے ۔ یہ خطرہ صرف پاکستان تک ہی محدود نہیں بلکہ سارا خطہ اس کی زد میں آسکتا ہے ۔ دسمبر2014اسکول قتل عام کے بعد انہوں نے تمام دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کرنے کا عہد کیا تھا ۔ یہ پالیسی بالکل درست ہے اس کے بعد سے ہم نے خود بھی یہ محسوس کیا کہ پاکستان بعض مخصوص گروپس کے خلاف موثر کارروائی کررہا ہے ۔ پاکستان کے شمال مغربی علاقہ کی ایک یونیورسٹی پر حالیہ حملہ سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ اندرون پاکستان بھی دہشت گردی جاری ہے ۔ صدر اوباما نے یہ بھی کہا کہ وہ ہنوز یہ باور کرتے ہیں کہ پاکستان ، دہشت گرد گروپس کے خلاف موثر کارروائی کرنے کی صلاحیتوں کا حامل ہے اور اسے ان صلاحیتوں کو بروئے کار لانا چاہئے ۔ خطہ کے علاوہ ساری دنیا میں دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہین حاصل نہیں ہونی چاہئیں اور اس سے متعلق ہماری قوت برداشت صفر برابر ہونی چاہئے ۔ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنا ضروری ہے ۔ ہندوستان کے ساتھ باہمی تعلقات پر تبصرہ کرتے ہوئے اوباما نے کہا کہ گزشتہ سال ان کے دورہ ہند سے ہی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا پتہ چلتا ہے ۔ عہدہ پر فائز ہونے کے بعد میں نے ہندوستان کے علاوہ خطہ کے دیگر ممالک کے ساتھ تعاون میں گہرائی و گیرائی پیدا کرنے کی مسلسل کوشش کی ہے اور میں یہ باور کرتا ہوں کہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو صدی کی مضبوط شراکت داری سے تعبیر کیاجاسکتا ہے ۔ امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ مشترکہ اقدار دونوں جمہورتیوں اور اختراعی معیشتوں کے علاوہ دو مختلف معاشرے نے ہمیں فطری شراکت دار بنانے میں مددگار ثابت ہوئے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں یہ توقع تھی کہ ان کے دورہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا ایک نیا عہد شروع ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ شائد میں اپنے اس مقصد میں کامیاب بھی رہا ہوں ۔

Pakistan 'can and must' dismantle all terror networks: Barack Obama

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں