وزارت اعلیٰ عہدہ کا جائزہ لیں یا اسمبلی تحلیل کی سفارش کریں - محبوبہ مفتی کو عمر عبداللہ کا پیغام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-20

وزارت اعلیٰ عہدہ کا جائزہ لیں یا اسمبلی تحلیل کی سفارش کریں - محبوبہ مفتی کو عمر عبداللہ کا پیغام

سری نگر
یو این آئی
نیشنل کانفرنس کے کار گزار صدر عمر عبداللہ نے آج پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی صدر محبوبہ مفتی کو مشورہ دیا کہ وہ یا تو چیف منسٹر کے عہدہ کا جائزہ لیں یا پھر گورنر سے اسمبلی کی تحلیل کی سفارش کریں، تاکہ ریاست میں تازہ انتخابات کا انعقاد عمل میں لایاجاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال اقتدار حاصل کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ وہ اقتدار کے بھوکے ہیں ۔ بلکہ عہدہ کا جائزہ نہ لینا عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کے مترادف ہے ، جو انہوں نے آپ اور آپ کی پارٹی پر ظاہر کیا ہے ۔ مفتی کے نام اپنے ایک کھلے مکتوب میں سابق چیف منسٹر نے کہا کہ اگر آپ وہ ذمہ داریاں جو آپ کو سونپی گئی ہیں ، نبھانے سے قاصر ہیں یا نبھانا نہیں چاہتیں تو پھر آپ کو عوام کے تئیں اپنا فرض ادا کرنا چاہئے ۔ گورنر سے اسمبلی کی تحلیل کی سفارش کریں اور عوام کو انتخابات میں تازہ فیصلہ صادر کرنے دیں۔ ٹال مٹول کرنا جموں و کشمیر کے عوام کی سب سے بڑی بد خدمتی ہوگی ۔ واضح رہے کہ پی ڈی پی نے محبوبہ مفتی کو ریاست میں نئی حکومت تشکیل دینے کامجاز گردانا ہے ۔ ان کے والد مفتی محمد سعید کے انتقال پر محبوبہ مفتی سے گہری ہمدردی کا اظہا ر کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے زور دے کر کہا کہ انہوں نے اس وقت بھی محبوبہ مفتی کی تائید کی تھی جب وہ ا پنے والد سے ذمہ داریاں حاصل کرنے میں ابتدائی پیس و پیش کررہی تھیں اور کہا تھا کہ ابھی صدمہ تازہ ہے اور وہ فی الحال اقتدار کی باگ ڈور نہیں سنبھال سکتیں۔انہوں نے بہر حال اس امر پر اظہار تاسف کیا کہ محبوبہ مفتی ابھی بھی آگے آنے اور عہدہ کا جائزہ لینے سے پس و پیش کررہی ہیں ، جس کی وجہ سے میڈیا میں قیاس آرائیاں ہورہی ہیں ۔ سابق چیف منسٹر نے کہا کہ آپ کے قریبی لوگ یا اپنے آپ کو قریبی ظاہر کرنے والے اس پس و پیش کو مذاکرات کے حربہ کے طور پر پیش کررہے ہیں ۔ سیلاب متاثرین ، ایک بڑا سیلاب راحت پیکیج دیکھنا چاہتے تھے۔ صنعتوں کو یہ توقع تھی کہ برقی پراجکٹ دوبارہ شروع ہوں گے ، کنٹراکٹرسکو یہ توقع تھی کہ ترقی کے لئے مزید پیسہ آئے گا اور بے روزگار نوجوانوں کو یہ توقع تھی کہ زیادہ ملازمتیں حاصل ہوں گی ۔ مہذب سماج کو یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی تھی کہ آپ اس بات کو یقینی بنانے بات چیت کررہی ہیں کہ ہمارے پرچم پر حملہ اور ہمارے خصوصی دستوری موقف کو خطرہ جیسے انتشار پیدا کرنے والے مسائل ختم ہوجائیں ۔ کیا ایسی توقعات وابستہ کرنے پر آپ ہمیں مورد الزام ٹھہراسکتی ہیں ؟ یقینا آپ ایسا نہیں کرسکتیں ، کیوں کہ یہ معلومات آپ کے اطراف و اکناف کے لوگوں نے ہی ہم تک پہنچائی تھیں ۔

Omar asks Mehbooba to recommend dissolution of Assembly

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں