یو این آئی
چیف منسٹربہار نتیش کمار اور آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ دورہ پاکستان اور پٹھان کوٹ میں دہشت گرد حملہ پر مختلف نکات نظر کا اظہار کیا ۔ نتیش کمار نے پاکستان کا دورہ کرنے پر مودی کی ستائش کی جب کہ لالو پرساد نے انہیں یہ کہتے ہوئے نشانہ تنقید بنایا کہ ان کے دور اقتدار میں ملک کی سرحدیں محفوظ نہیں ہیں ۔ نتیش کمار نے یہاں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے موضوع پر منعقدہ ایک تقریب سے نکلتے ہوئے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ وزیر اعظم نے اپنے پاکستانی ہم منصب کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دینے لاہور میں توقف کرتے ہوئے ہند۔ پاک تعلقات کو معمول پر لانیکے لئے صحیح پہل کی ہے۔ اگر نریندر مودی، نواز شریف کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دینے اور ان کی قیامگاہ پر کسی شادی کی تقریب میں حصہ لیتے ہیں تو میں اسے مناسب سمجھتا ہوں ۔ اگر نریندر مودی کا یہ دورہ منصوبہ بند تھا تب بھی اس میں کوئی غلط بات نہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو معمول پر لانے کی راہ میں رکاوٹیں تو آئیں گی لیکن یہ کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بعض ادارے ہمیشہ سے ہندوستان کے اقدامات کو ناکام بنانے کی کوشش کرتے رہے ہیں جو اس نے اپنے پڑوسی ملک کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے اٹھائے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جب سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کی تو ملک پر کارگل کی جنگ مسلط کردی گئی ۔ نتیش کمار نے کہا کہ پاکستان کے جمہوری اداروں کو مضبوط بنانا ہندوستان کے مفاد میں ہے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کی مخالف طاقتیں رفتہ رفتہ پڑوسی ملک میں اپنی اہمیت کھودیں ۔ آر جے ڈی سربراہ نے بالکل مختلف نظریہ پیش کرتے ہوئے پٹھان کوٹ حملہ پر مودی کو نشانہ تنقید بنایا اور کہا کہ ان کی زیر قیادت ملک کی سرحدیں محفوظ نہیں ہیں ۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر در انداز کس طرح ہندوستانی سرحد میں داخل ہوئے ۔ بہار میں نظم و ضبط کی صورتحال پر سوال اٹھانے سے پہلے بی جے پی اور آر ایس ایس کو اس کا جواب دینا چاہئے ۔ انہوں نے وزیر اعظم کو ایک اور طعنہ دیتے ہوئے کہا کہ”56انچ کا سینہ کہاں گیا۔”
Allies Nitish, Lalu have different views on Prime Minister Modi's Lahore trip
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں