اسمارٹ سٹی کے لئے 20 شہروں کے ناموں کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-29

اسمارٹ سٹی کے لئے 20 شہروں کے ناموں کا اعلان

نئی دہلی
یو این آئی
ملک میں100اسمارٹ سٹی بنانے کے حکومت کے ڈریم پروجیکٹ کے پہلے مرحلے میں بیس شہروں کے ناموں کا آج اعلان کیا گیا ، جن مین اڑیسہ کا بھونیشور سب سے پہلے، مہاراشٹرا کا پونے دوسرے اور راجستھان کا جے پور تیسرے نمبر پر ، جب کہ تین بڑی ریاستوں اتر پردیش، بہار اور مغربی بنگال کے کسی بھی شہر کو اس میں جگہ نہیں ملی ۔ سر فہرست بیس شہروں میں قومی دارالحکومت دہلی کے علاوہ پانچ ریاستوں کی دارالحکومتوں ، بھونیشور ، جے پور، گوہاٹی، چنئی اور بھوپال ہیں ۔ مدھیہ پردیش کے سب سے زیادہ تین شہروں جبل پور، اندور اور بھوپال کو اس میں شامل کیا گیا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کا حلقہ وارانسی 97شہروں کی درجہ بندی میں96ویں نمبر پر ہے ۔ شہری ترقیات کے مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے آج یہاں پریس کانفرنس میں اسمارٹ سٹی مشن کے پہلے مرحلے کے تحت منتخب کیے گئے 20شہروں کے ناموں کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان شہروں کے نام انتہائی سخت مقابلہ کے نتائج کی بنیاد پر منتخب کئے گئے ہیں جس میں مکمل طور پر شفافیت برتی گئی ہے ۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ منتخب کئے گئے شہر بارہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کے ہیں جب کہ23ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کے ایک بھی شہر کو شامل نہیں کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو فاسٹ ٹریک منصوبے کے تحت ایک اور موقع دیتے ہوئے آئندہ اپریل تک اپنے پلان کو دوبارہ پیش کرنے کے لئے کہا گیا ہے ۔ یہ شہر اگر تمام کسوٹیوں پر کھرے اترے تو انہیں بھی ان بیس شہروں کے ساتھ پہلے مرحلے میں ہی تیار کیاجائے گا۔ اسمارٹ سٹی کے لئے منتخب کئے گئے بیس شہروں کے نام درجہ بندی کے مطابق بھونیشور، پونے، جے پور، سورت ، کوچی، احمد آباد، جبل پور ، وشاکھا پٹنم، شولا پور، داون گیرے ، اندور کوئمبٹور ، کاکیناڑا، بیل گام، نئی دہلی میونسپل کونسل ، ادے پور، گوہاٹی، چنئی، لدھیانہ اور بھوپال ہیں ۔مسٹر نائیڈو نے بتایا کہ مدھیہ پردیش کے تین، مہاراشٹر، راجستھان ، گجرات ، آندھرا پردیش ، کرناٹک اور تمل ناڈو کے دو دو اور اڑیسہ ، کیرالہ، دہلی ، آسام اور پنجاب ریاست کے شہروں نے پہلے مرحلے میں بازی ماری ہے ۔ شمال مشرق میں آسام کو چھوڑ کر کسی بھی شہر کو اس پروجیکٹ میں شامل نہیں کیا گیا ہے ۔ جن 23ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ایک بھی شہر کو پہلے مرحلے میں نہیں لیا گیا ان میں اتر پردیش ، بہار ، مغربی بنگال، ہریانہ، جھار کھنڈ، چھتیس گڑھ ، تلنگانہ، ہماچل پردیش اور اترا کھنڈ اہم ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اتر پردیش کے رائے بریلی اور میرٹھ میں سے ایک شہر کو شامل کیا جانا ہے لیکن اب ریاستی حکومت نے اپنی طرف سے حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے اسلئے یہ شہر مقابلے میں شامل نہیں ہوسکے ۔جموں و کشمیر کو ابھی ایک شہر کا نام بھیجناہے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب کئے گئے شہروں کو اسمارٹ شہر کے طور پر تیار کرنے کی وقت کی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی ہے ۔ یہ شہر جتنی تیزی سے منصوبے پر کام کریں گے اتنی ہی تیزی سے مرکز کی طرف سے انہیں پیسہ جاری کیاجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ منتخب کئے گئے بیس شہروں کو پہلے سال200-200کروڑ اور بعد میں تین سال تک ہر سال100-100کروڑ روپے مرکز کی جانب سے دئیے جائیں گے ۔ اتنی ہی رقم ریاستی حکومتیں بھی دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ97میں سے 43ریاستوں کے بارے میں آئندہ اپریل تک فیصلہ کرلیاجائے گا ، جب کہ باقی54شہروں کو منتخب کرنے کا عمل آئندہ ستمبر میں شروع کیا جائے گا۔

Govt names 20 cities for smart makeover; Bhubaneswar tops list

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں