تمام غیر محفوظ فوجی تنصیبات کی سیکوریٹی آڈٹ کا فیصلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-16

تمام غیر محفوظ فوجی تنصیبات کی سیکوریٹی آڈٹ کا فیصلہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
حکومت نے آج مابعد پٹھان کوٹ حملہ، ملک کی صورتحال کا جائزہ لینے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کے بعد اعلان کیا کہ مسلح افواج کی تمام غیر محفوظ یا آسانی سے نشانہ بننے والی تنصیبات کی مقررہ مدتی سیکوریٹی آڈٹ کرائی جائے گی۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اجلاس کی صدارت کی جس میں وزیر دفاع منوہر پاریکر ، مشیر قومی سلامتی اجیت دوول اور سیکوریٹی و انٹلی جنس ایجنسیوں کے دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ یہ اجلاس فضائی اڈہ پر2جنوری کے دہشت گرد حملہ سے سیکھے گئے سبق پر تبادلہ خیال کے لئے منعقد ہوا تھا ۔ حکومت نے کہا کہ تمام متعلقہ ایجنسیوں نے جس قوت کا مظاہرہ کیا ہے اسے برقرار رکھاجائے گا۔ وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا کہ سرحد پار سے دشمن عناصر کے مسلسل خطرات کے مد نظر انٹلی جنس اور احتیاطی اقدامات کو ٹکنالوجی کے لحاظ سے مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دی اگیا ۔ طئے پایا کہ مسلح افواج ، نیم فوجی دستوں اور پولیس کی تمام غیر محفوظ یا کم محفوظ تنصیبات کی سیکوریٹی آڈٹ کرائی جائے ۔ دہشت گرد حملوں کی روک تھام، ان کا قبل از وقت پتہ چلانے اور انہیں ناکام بنانے کے طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال ہوا ۔ ایک گھنٹہ طویل اجلاس کا یہ احساس رہا کہ انٹلی جنس اطلاع کی توثیق کے بعد جوابی کارروائی میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے ۔ بہتر میڈیا کمیونیکیشن حکمت عملی کی بھی ضرورت محسوس کی گئی ۔ طئے پایا کہ پٹھان کوٹ جیسے واقعات کی صورت میں میڈیا کو مجاز افراد برسر موقع بہتر بریف کریں گے ۔ اس کے لئے انہیں تربیت دینے کے انتظامات کئے جائیں گے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ملک کے سیکوریٹی ڈھانچہ کی اعلیٰ قیادت نے داخلی سلامتی کے مختلف پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا ۔ ماضی قریب میں ملنے والی انٹلیجنس جانکاری کاتجزیہ بھی کیا گیا۔تمام حساس مقامات، سرحدی علاقوں اور بڑے شہری مراکز بشمول دہلی میں جہاں جاریہ سال یوم جمہوریہ تقریب میں صدر فرانس فرینکوئی اولاند مہمان خصوصی ہوں گے ، سیکوریٹی بڑھانے ضروری ہدایات دی گئیں۔ انٹلی جنس بیورو اور ریسرچ اینڈ انالیسس ونگ کے سربراہوں نے دونوں ایجنسیوں کی جمع کردہ جانکاری کا آپس میں تبادلہ کیا جب کہ نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی( این آئی اے) کے سربراہ نے پٹھان کوٹ فضائی اڈہ پر دہشت گرد حملہ کی جاریہ تحقیقات سے آگاہ کرایا۔ انٹلیجنس کی حالیہ رپورٹ میں کہا گیا کہ جیش کے چھ تا دس دہشت گرد پنجاب کے راستہ ماضی قریب میں ہندوستان میں داخل ہوئے ہیں ۔ ان میںچھ پٹھان کوٹ فضائی اڈہ میں مارے گئے ۔ مابقی کا کوئی پتہ نہیں ۔ پنجاب پولیس کی جانکاری کے بموجب پندرہ دہشت گرد بین الاقوامی سرحد کے راستہ پاکستان سے ہندوستان میں داخل ہوئے ہیں۔ دہلی میں سیکوریٹی بڑھانے کے لئے نیم فوجی دستوں کے مزید دس ہزارجوان تعینات کردئیے گئے ہیں۔ دہلی کے اندرا گاندھی انٹر نیشنل ایر پورٹ پر بھی سیکوریٹی بڑھادی گئی ہے ۔ کیونکہ انٹلیجنس اطلاع ملی ہے کہ دہشت گرد، طیران گاہ پر یرغمال جیسی صورتحال پیدا کرسکتے ہیں ۔ اندرون ملک و بین الاقوامی پروازوں میں سیکوریٹی کی سطح بڑھادی گئی ہے ۔ بعض پروازوں میں بعض مسافرین کی جانچ دو مرتبہ کی جارہی ہے ۔ دوسری جانچ اس وقت ہوتی ہے جب مسافر، طیارہ میں داخل ہورہا ہوتا ہے ۔ اس جانچ کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ کوئی ہتھیار یا کیمیائی شئے طیارہ میں داخل نہ ہو ۔ اجلاس میں مرکزی معتمد داخلہ راجیو مہرشی، معتمد دفاع جی موہن کمار اور وزارت داخلہ و نیم فوجی دستوں کے سینئر عہدیدار شریک تھے ۔ آج کا اجلاس معتمدین خارجہ سطح کی بات چیت ملتوی ہونے کے ایک دن بعد منعقد ہوا ۔ یو این آئی کے بموجب مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ، وزیر دفاع منوہر پاریکر اور مشیر قومی سلامتی اجیت دوول نے پٹھان کوٹ حملہ سے حاصل سبق پر تبادلہ خیال کے لئے اجلاس منعقد کیا ۔ دونوں وزراء کی متفقہ رائے رہی کی تمام غیر محفوظ یا کم محفوظ فوجی اسٹیشنس کی سیکوریٹی آڈٹ کرانے کی ضرورت ہے ۔ انٹلیجنس انفراسٹرکچر اور میدیا کمیونیکیشن حکمت عملی کو بہتر بناناہوگا ۔ دونوں وزراء نے پٹھان کوٹ فضائی اڈہ میں جوابی کارروائی کے دوران سیکوریٹی فورسس کی بہادری کی ستائش کی ۔

Govt to carry out security audit of vulnerable installations of defence forces: Home Ministry

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں